Inquilab Logo Happiest Places to Work

جرمن ریاضی داں رچرڈ ڈیڈکائنڈ محقق، معلم اور مصنف بھی تھے

Updated: July 18, 2026, 9:56 PM IST | Mumbai

Richard Dedekindکے نظریات نے جدید ریاضی، کمپیوٹر سائنس، کرپٹوگرافی، ریاضیاتی منطق اور تھیوریٹیکل فزکس کی ترقی پر گہرا اثر ڈالا۔

Dedekind was a man of short temper, hardworking and inquisitive. Photo: INN
ڈیڈکائنڈ منکسر المزاج، محنتی اور تحقیق پسند انسان تھے۔ تصویر: آئی این این

رچرڈ ڈیڈکائنڈ جرمن ریاضی داں تھے۔ انہوں نے جدید ریاضی، خصوصاً نمبر تھیوری، الجبرا اور رئیل نمبرز (Real Numbers) کی بنیادوں کو مضبوط اور منطقی شکل دینے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ان کے نظریات نے ریاضی کو صرف حساب و کتاب کی حد تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے ایک ایسی منطقی اور تجریدی سائنس میں تبدیل کرنے میں مدد دی جس پر آج کی جدید ریاضی استوار ہے۔ ان کی علمی خدمات اس قدر اہم ہیں کہ انہیں جدید ریاضی کے معماروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ 
رچرڈ ڈیڈکائنڈ ۶؍ اکتوبر۱۸۳۱ء کو جرمنی کے شہر براونشویگ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد جولیس لیون ڈیڈکائنڈ قانون کے پروفیسر تھے جبکہ والدہ کیرولین ایمیلی ایک تعلیم یافتہ خاتون تھیں۔ گھر میں علمی ماحول ہونے کی وجہ سے بچپن ہی سے ان کی دلچسپی ریاضی اور منطق کی طرف پیدا ہوئی۔ وہ نہایت ذہین، خاموش طبع اور تحقیق پسند طالب علم تھے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم براونشویگ میں حاصل کی اور بعد ازاں جرمنی کی مشہور گوٹنگن یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ اس زمانے میں یہ یونیورسٹی ریاضی کے عالمی مراکز میں شمار ہوتی تھی، جہاں انہیں عظیم ریاضی داں کارل فریڈرک گاؤس کے زیرِ اثر تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا۔ ۱۸۵۲ءء میں انہوں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ 
ڈاکٹریٹ مکمل کرنے کے بعد ڈیڈکائنڈ نے گوٹنگن یونیورسٹی میں تدریسی خدمات انجام دیں، مگر چند برس بعد وہ براونشویگ کے پولی ٹیکنک ادارے (بعد میں ٹیکنیکل یونیورسٹی) منتقل ہوگئے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ تدریس، تحقیق اور تصنیف میں گزارا۔ وہ شہرت یا عہدوں کے بجائے علمی تحقیق کو زیادہ اہمیت دیتے تھے۔  
رچرڈ ڈیڈکائنڈ کی سب سے مشہور علمی خدمت’’ڈیڈکائنڈ کٹ‘‘ (Dedekind Cut) کا نظریہ ہے، جسے انہوں نے۱۸۷۲ء میں پیش کیا تھا۔ اس نظریے کا مقصد رئیل نمبرز کی منطقی تعریف کرنا تھا۔ ڈیڈکائنڈ نے نمبر تھیوری (Number Theory) میں غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے جرمن ریاضی داں اور اپنے استاد فریڈرک گاؤس کے نظریات کو مزید ترقی دی اور ایسے تصورات پیش کئے جنہوں نے بعد میں جدید الجبرا کو جنم دیا۔ انہوں نے ڈیڈکائنڈ آئیڈیل (Dedekind Ideal) کا نظریہ پیش کیا جس کے ذریعے عددی نظام میں منفرد تجزیے (Unique Factorization) کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنا ممکن ہوا۔ ان کے یہ نظریات آج بھی جدید الجبرا اور نمبر تھیوریز کی بنیادی اساس ہیں۔ ڈیڈکائنڈ نے سیٹ تھیوری کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ’اِن فائنایٹ سیٹس‘ (Infinite Sets) کی ایک واضح تعریف پیش کی۔ یہ تصور بعد میں جدید سیٹ تھیوری اور ریاضیاتی منطق کی بنیاد بنا اور جارج کینٹر ( ریاضی داں ) کے نظریات کی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوا۔ رچرڈ ڈیڈکائنڈ نے متعدد اہم کتابیں اور تحقیقی مقالات تحریرکئے۔ ان کا انتقال۱۲؍ فروری ۱۹۱۶ء کو براونشویگ، جرمنی میں ۸۴؍ برس کی عمر میں ہوا تھا۔ 
(وکی پیڈیا اور برٹانیکا ڈاٹ کام)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK