Inquilab Logo Happiest Places to Work

زیورات کو گہرے گلابی رنگ کے کاغذ میں لپیٹا جاتا ہے، کیوں؟

Updated: August 04, 2025, 3:49 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

سونا اور چاندی صدیوں سے زیورات سازی میں استعمال ہونے والی قیمتی دھاتیں ہیں جن کی چمک اور خوبصورتی ہی ان کی اصل پہچان ہے۔

This paper helps maintain the shine, safety, beauty and quality of jewelry. Photo: INN
یہ کاغذزیورات کی چمک، حفاظت، خوبصورتی اور معیار کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ تصویر: آئی این این

سونا اور چاندی صدیوں سے زیورات سازی میں استعمال ہونے والی قیمتی دھاتیں ہیں جن کی چمک اور خوبصورتی ہی ان کی اصل پہچان ہے۔ اکثر آپ کا جیولری کی دکانوں پر جانا ہوا ہوگا ۔اس دوران کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ سونے اور چاندی کے زیورات کو گہرے گلابی رنگ کے کاغذ میں لپیٹا جاتا ہے،اس کی کیا وجہ ہے؟
دھاتوں کی حساسیت اور’’ٹارنِش‘‘ کا عمل 
 سونا نسبتاً ایک غیر فعال دھات ہے اور عام حالات میں زنگ یا آکسائیڈ نہیں بنتامگر چاندی ایک ایسی دھات ہے جو فضا میں موجود گندھک اور نمی کے ساتھ کیمیائی تعامل کرکے’’سلور سلفائیڈ‘‘بناتی ہے۔ اس کی تہہ چاندی کو کالا اور مدھم کر دیتی ہے جسے ہم ’’ٹارنِش‘‘ کہتے ہیں۔ اس کیمیائی عمل کو روکنے کیلئے زیورات کو خاص حفاظتی مواد میں لپیٹا جاتا ہے۔
گہرے گلابی کاغذ کی خاصیت 
 یہ گہرے گلابی رنگ کا کاغذ عام کاغذ نہیں ہوتا، بلکہ یہ ایک ’’اینٹی ٹارنش پیپر‘‘ ہوتا ہے جسے خاص کیمیائی مواد سے تیار کیا جاتا ہے۔ یہ کاغذ فضا میں موجود گندھک کے ذرات کو جذب کر لیتا ہے اور یوں وہ چاندی یا سونے تک پہنچ ہی نہیں پاتے۔ اس سے زیورات کئی مہینوں بلکہ برسوںتک چمکدار رہ سکتے ہیں۔
نمی سے حفاظت 
 نمی زیورات کیلئے ایک بڑی دشمن ہے۔ نہ صرف چاندی بلکہ بعض اوقات سونے میں موجود مخلوط دھاتیں (جیسے کوپر) بھی نمی سے آکسیڈائز ہو سکتی ہیں۔ گلابی کاغذ میں اکثر نمی جذب کرنے کی صلاحیت بھی ہوتی ہے جو زیورات کو مزید محفوظ بناتی ہے۔
اسٹور کرنے اور پیک کرنے میں آسانی 
 گلابی کاغذ نہ صرف سائنسی لحاظ سے مفید ہے بلکہ نرم اور ہموار ہوتا ہے اس لئے یہ زیورات کو خراشوں سے بھی بچاتا ہے، خاص طور پر نازک، نقش و نگار والے یا پتھروں سے جڑے زیورات کیلئے۔ یہ کاغذ تہ ہونے کے بعد بھی کوئی نشان نہیں چھوڑتاجو خوبصورتی کیلئے ضروری ہے۔
دیکھنے میں خوبصور ت لگتے ہیں
 یہ کاغذ ظاہری طور پر بھی زیورات کو پُرکشش بناتا ہے۔ جب گاہک زیورات خریدتے ہیں تو گلابی کاغذ میں لپٹا ہوا زیور نہ صرف محفوظ بلکہ خوبصورتی کو بھی بڑھاتا ہے۔
 گہرے گلابی رنگ کا کاغذ صرف زیبائش نہیں بلکہ ایک سائنسی حفاظتی تہہ ہے جو زیورات کو چمک، رنگ اور معیار کے اعتبار سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK