پاکستان کے اسٹار بلے باز کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ۲۰؍ میچ میں چوٹ لگی۔ فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوگئے
EPAPER
Updated: August 04, 2025, 7:06 PM IST | Florida
پاکستان کے اسٹار بلے باز کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ۲۰؍ میچ میں چوٹ لگی۔ فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوگئے
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے جارح اوپننگ بلے باز فخر زمان دورۂ ویسٹ انڈیز سے باہر ہوگئے۔ پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بلے بازفخرزمان ہیمسٹرنگ انجری کے باعث سیریز میں مزید حصہ نہیں لے پائیں گے۔ پاکستانی بلے بازدوسرے ٹی ۲۰؍ میچ کے ۱۹؍ویں اوور میں فیلڈنگ کے دوران چوٹ کی زد میں آئے تھے، جس کے باعث وہ دورۂ ویسٹ انڈیز سے باہر ہوگئے۔فخر زمان پیر کی شام فوری پاکستان آکر این سی اے میں ری ہیب کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے میچ میں۱۹۰؍ رن کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم۶؍ وکٹ کے نقصان پر۱۷۶؍ رن ہی بنا سکی اور پاکستان نے میچ۱۳؍ رن سے جیت لیا۔
خیال رہے کہ صائم ایوب (۶۶؍رن، ایک وکٹ) اور صاحبزادہ فرحان (۷۴؍رن) کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے تیسرے ٹی۲۰؍ مقابلے میں پیر کو ویسٹ انڈیز کو۱۳؍رن سے شکست دے کر ۳؍ میچوں کی سیریز ۱۔۲؍ سے اپنے نام کر لی۔
۱۹۰؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری ویسٹ انڈیز ٹیم کی جانب سے جیول اینڈریو اور ایلک ایتھنیز کی اوپننگ جوڑی نے۴۴؍ رن بنائے تھے کہ پانچویں اوور میں حارث رؤف نے جیول اینڈریو کو۱۵؍ گیندوں پر۲۴؍ رن کو آؤٹ کیا۔ ۹؍ویں اوور میں محمد نواز نے شائی ہوپ (۷؍ رن) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد شرفین ردرفورڈ نے ایلک ایتھنیز کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے۳۶؍ رن کی شراکت قائم کی۔ ۱۳؍ویں اوور میں صائم ایوب نے ایلک ایتھنیز کو آؤٹ کر کے اس پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا۔ ایلک ایتھنیز نے۴۰؍ گیندوں پر ۸؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۶۰؍ رن بنائے۔ اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے۱۳۸؍ رن کی شراکت قائم کی۔