Inquilab Logo Happiest Places to Work

مکسر جار کے ڈھکن میں سوراخ ہوتا ہے، کیوں؟

Updated: August 30, 2025, 4:00 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

اس سوراخ کی موجودگی مکسر کو محفوظ، مؤثر اور آسان بناتی ہے،خاص طور پر جب اس میں گرم اشیاء کا استعمال کیا جائے۔

This hole allows steam or excess air to escape. Photo: INN
یہ سوراخ بھاپ یا اضافی ہوا کو نکلنے کا راستہ دیتا ہے۔ تصویر: آئی این این

باورچی خانے میں مکسر ایک عام اور ضروری آلہ بن چکا ہے جو کھانے پکانے کے مختلف مراحل کو آسان بناتا ہے۔ چاہے وہ چٹنی بنانی ہو، مسالےپیسنے ہوں یا کوئی مشروب تیار کرنا ہو، مکسر کا استعمال روزمرہ کا حصہ بن چکا ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ مکسر جار کے اوپری حصے میں یعنی ڈھکن میں ایک چھوٹا سوراخ موجود ہوتا ہے۔اس سوراخ کی موجودگی کی کیا وجہ ہے؟ 
دباؤ کے اخراج کیلئے
 مکسر جار کے ڈھکن میں سوراخ ہونے کی سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ جب مکسر کے اندر گرم اشیاء جیسے سوپ، سالن یا اُبلا ہوا پانی بلینڈ کیا جاتا ہے تو اندر بھاپ پیدا ہوتی ہے۔ اگر ڈھکن مکمل طور پر بند ہو اور اندر کی بھاپ کے نکلنے کا راستہ نہ ہو تو جار کے اندر دباؤ بہت زیادہ بڑھ سکتا ہے جس کی وجہ سے ڈھکن اچانک کھل سکتا ہے یا مواد باہر نکل کر حادثہ کا باعث بن سکتا ہے۔ یہ سوراخ بھاپ کو باہر نکلنے کا محفوظ راستہ فراہم کرتا ہے جس سے دباؤ متوازن رہتا ہے۔
اجزاء شامل کرنے کی سہولت
 اس سوراخ کی ایک اور اہم افادیت یہ ہے کہ مکسر کو چلتے ہوئے بھی اس میں نئے اجزاء آسانی سے شامل کئےجا سکتے ہیں۔ مثلاً اگر آپ کو دورانِ بلینڈنگ تھوڑا سا پانی، دودھ، تیل یا کوئی اور مسالہ شامل کرنا ہو تو ڈھکن کو ہٹائے بغیر اس سوراخ کے ذریعے یہ کام کیا جا سکتا ہے۔ کئی مکسرز میں اس سوراخ پر ایک چھوٹا سا ڈھکن یا اسٹاپر بھی ہوتا ہے جو آسانی سے کھول کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اوورفلو سے بچاؤ
 بعض اوقات مکسر میں زیادہ مقدار میں چیزیں ڈالنے کی صورت میں اندر جھاگ یا بلبلے بن جاتے ہیں جو اوپر کی طرف آ سکتے ہیں۔ ایسے میں اگر ڈھکن مکمل بند ہو تو اس میں موجودا شیا کے باہر نکلنے کا خطرہ ہوتا ہے لیکن سوراخ کی موجودگی میں یہ جھاگ یا بھاپ باہر نکل جاتی ہے اور مکسر کے اندر مواد پھٹنے یا ابلنے سے بچ جاتا ہے۔
ہوا کے بہاؤ میں بہتری 
 جب مکسر تیز رفتار پر چلتا ہے تو اندر ایک قسم کا نیگیٹو پریشر یا ویکیوم بن سکتا ہے جو بلینڈنگ کے عمل کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس سوراخ کی مدد سے اندر اور باہر کی ہوا کا بہاؤ قائم رہتا ہے جس سے مکسر بہتر کام کرتا ہے اور مواد یکساں انداز میں بلینڈ ہوتا ہے۔
 مختصراً یہ کہا جا سکتا ہے کہ مکسر جار کے ڈھکن میں سوراخ محض ایک ساختی ڈیزائن نہیں بلکہ ایک عملی اور حفاظتی ضرورت ہے۔یہ مکسر کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK