• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وین ڈائر عالمی شہرت یافتہ مصنف اور موٹیویشنل اسپیکر تھے

Updated: March 30, 2024, 3:22 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

انہوں نے اپنے لیکچرز اور شوز کے ذریعہ طلبہ اور لوگوں کو بیدار کرنے کی کامیاب کوشش کی۔ انہوں نے خود سازی اور خود انحصاری پر زور دیا۔

Wayne Dyer showed people a new way of life through his writing and speech. Photo: INN
وین ڈائر نے اپنی تحریراور تقریر کے ذریعہ لوگوں کو زندگی کی نئی راہ دکھائی ۔ تصویر : آئی این این

وین ڈائر(Wayne Dyer) ایک امریکی خود سازی اور روحانی ترقی کے شعبوں میں بین الاقوامی شہرت یافتہ مصنف اور موٹیویشنل اسپیکر تھے۔ اپنے کریئر کی چار دہائیوں کے دوران، انہوں نے۴۰؍ سے زیادہ کتابیں لکھیں، جن میں نیویارک ٹائمز کی۲۱؍ بیسٹ سیلر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بہت سے آڈیو اور ویڈیو پروگرام بنائےاور ہزاروں ٹیلی ویژن اور ریڈیو شوز میں شرکت کی۔ ان کی پہلی کتاب یور ایرونئس زونز (۱۹۷۶ء) تھی، جو اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں میں سے ایک تھی۔ ایک اندازے کے مطابق اس کتاب کی ۱۰۰؍ ملین کاپیاں فروخت ہوئیں تھی۔
 وین ڈائر کی پیدائش۱۰؍ مئی ۱۹۴۰ء کو ڈیٹرائٹ، مشی گن میں میلون لائل ڈائر اور ہیزل آئرین وولک کے ہاں ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنے ابتدائی ۱۰؍ سال ڈ یٹرائٹ کے ایک یتیم خانے میں گزارے۔ اس دوران انہیں ایک جوڑے نے گود لے لیا اور بقیہ تعلیم و تربیت انہیں کے زیر نگرانی عمل میں آئی۔ ڈینبی ہائی اسکول سے گریجویشن کرنے کے بعد ڈائر نے وین اسٹیٹ یونیورسٹی سے تعلیمی مشاورت (ایجوکیشنل کاؤنسلنگ) میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور نیو یارک کی سینٹ جانز یونیورسٹی میں بطور اسوسی ایٹ پروفیسر خدمات انجام دینے لگے۔ کالج کی سطح کی تدریس اور طبی نفسیات میں اپنے ابتدائی کام کے ذریعے انہوں نے سیلف ڈسکوری اور پرسنل گروتھ کے اصولوں کی ضرورت کو محسوس کیا اور ان خیالات کو وسیع تر سامعین تک پہنچانے کی عملی کوشش کی۔ ان کی پہلی کتاب بین الاقوامی بیسٹ سیلر بن گئی اورانہوں نے مصنف اور مقرر کے طور پر اپنے کریئر کا آغاز کیا۔
سینٹ جانز یونیورسٹی میں ان کے لیکچرز نے بہت سے طلبہ کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ ڈائر نے اپنا تدریسی کام چھوڑ دیا اور امریکہ کا پبلسٹی ٹور شروع کیا۔ انہوں نے لیکچر ٹورز، آڈیو ٹیپس کی ایک سیریز، پی بی ایس پروگرام اور نئی کتابوں کی باقاعدہ اشاعت کے ساتھ اپنے کام کو آگے بڑھایا۔ وہ اکثر اپنی زندگی کے قصے سنایا کرتے تھے اور بار بار اپنی زندگی کے تجربے کو بطور مثال پیش کرتے تھے۔ ان کی کامیابی کی کہانی ان کی اپیل کا ایک حصہ تھی۔ انہوں نے لوگوں کو خود انحصاری اور حقیقت پسندی کی ترغیب دی ۔
۱۹۹۰ء میں ان کے کام کی توجہ روحانیت کی طرف مبذول ہو گئی۔ سوامی مکتانند اور نیو تھاٹ سے متاثر ہو کر ڈائر نے’ پاور آف انٹینشن‘ جیسے موضوعات کو فروغ دیا۔ ان کی مشہور کتابوں میں ’پُلنگ یور اون ا سٹرنگز‘ (۱۹۷۸ء)،’دی اسکائے از دی لمیٹ‘ (۱۹۸۰ء)،’ رئیل میجک‘(۱۹۹۲ء)، ’۱۰۱؍ ویز ٹو ٹرانسفورم یور لائف‘(۱۹۹۸ء)، ’وزڈم آف دی ایجز‘ (۱۹۹۸ء)، ’چینگ یور تھوٹس، چینگ یور لائف‘(۲۰۰۷ء) اور ’ دی پاور آف اویکننگ (۲۰۱۰ء) شامل ہے۔نیزانہوں نے بچوں کیلئے بھی ۶؍ کتابیں تحریر کیں ہیں۔
 ڈائر کے مداح انہیں پیار سے’ فادر آف موٹیویشن‘ کہتے تھے۔ ان کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ ہر شخص غیر معمولی زندگی گزارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وین ڈائر کا انتقال ۲۹؍ اگست ۲۰۱۵ء کو امریکہ میں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK