دنیش وجن نے حالیہ گفتگو میں انکشاف کیا کہ کوئی بھی ’’استری‘‘ کو پروڈیوس کرنے کیلئے تیار نہیں تھا اس لئے مجھے اس پر پیسے لگانے پڑے تھے، اور آج یہ ملک کی سب سے بڑی فلم ہے۔
EPAPER
Updated: December 20, 2025, 8:02 PM IST | Mumbai
دنیش وجن نے حالیہ گفتگو میں انکشاف کیا کہ کوئی بھی ’’استری‘‘ کو پروڈیوس کرنے کیلئے تیار نہیں تھا اس لئے مجھے اس پر پیسے لگانے پڑے تھے، اور آج یہ ملک کی سب سے بڑی فلم ہے۔
پروڈیوسر دنیش وجن اس وقت اپنے کریئر کے عروج پر ہیں۔ ان کی پروڈکشن کمپنی میڈاک فلمز کی حالیہ فلمیں یکے بعد دیگرے شاندار کامیابی حاصل کر رہی ہیں۔ ’’استری‘‘ اور ’’چھاوا‘‘ جیسی فلموں کی غیر معمولی مقبولیت نے نہ صرف باکس آفس پر ریکارڈ قائم کئے بلکہ دنیش وجن کو مزید جرات مندانہ اور منفرد کہانیاں سنانے کی ترغیب بھی دی۔ ایک حالیہ گفتگو میں دنیش وجن نے بتایا کہ گزشتہ تین برس میڈاک فلمز کیلئے غیر معمولی رہے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’’پچھلے تین سال ہمارے لئے ناقابلِ یقین رہے۔ ہندی سنیما کی نمبر ون فلم ’’استری‘‘ بنے گی یہ کس نے سوچا ہوگا؟ جب ہم نے پہلی ’’استری‘‘ بنائی تو کوئی بھی اسے فنڈ کرنے کیلئے تیار نہیں تھا، اس لئے مجھے اسے خود پروڈیوس کرنا پڑا۔ اس کے بعد ’’چھاوا‘‘ آئی۔ اس لئے مجھے نہیں لگتا کہ ہم نے کوئی حد پار کی ہے۔ لوگ یہی دیکھنا چاہتے ہیں، پھر چاہے وہ ’’اکیس‘‘ ہو یا ’’مہاوتار‘‘۔
یہ بھی پڑھئے: میرے بیٹوں کو بالی ووڈ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے: مادھوری دکشت کا انکشاف
واضح رہے کہ ’’استری‘‘ ۱۹۹۰ء کی دہائی میں کرناٹک میں وائرل ہونے والے شہری افسانے ’’نلے با‘‘ پر مبنی تھی۔ اس فلم میں راج کمار راؤ اور شردھا کپور نے مرکزی کردار ادا کئے۔ فلم کی کامیابی نے میڈاک کی مشہور ہارر کامیڈی یونیورس کی بنیاد مضبوط کی۔ دنیش وجن کے مطابق ان کہانیوں کے پیچھے بنیادی مقصد ہندوستانی ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کہانیاں سنانا اس لئے ضروری ہے تاکہ ہماری ثقافت فراموش نہ ہو۔ ہمیں دنیا کو یہ بتانا ہے کہ ارون کھیترپال کون تھے، بھگوان پرشورام کون ہیں، اور یہ بھی کہ شیواجی کے ایک بیٹے تھے، ’’چھاوا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’شعلے: دی فائنل کٹ‘‘ باکس آفس پر ناکام، پرانی یادیں مضبوط کمائی میں نہیں بدلیں
میڈاک فلمز کی اگلی بڑی پیشکش ’’اکیس‘‘ ہے، جو سری رام راگھون کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک جنگی سوانحی فلم ہے۔ یہ فلم سیکنڈ لیفٹیننٹ ارون کھیترپال کی زندگی اور ۱۹۷۱ء کی ہند پاک جنگ کے دوران بسنتر کی لڑائی پر مبنی ہے۔ یہ فلم یکم جنوری ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی جس میں اگستیہ نندا سیکنڈ لیفٹیننٹ ارون کھیترپال کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ سمر بھاٹیہ کرن کے روپ میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ، یہ فلم آنجہانی اداکار دھرمیندر کی بعد از مرگ نمائش بھی ہوگی، جس میں وہ ارون کھیترپال کے والد، بریگیڈیئر ایم ایل کھیترپال (ریٹائرڈ) کے کردار میں دکھائی دیں گے۔