Inquilab Logo Happiest Places to Work

وسئی روڈ اسٹیشن کا کوڈ آج بھی ’ بی ایس آر‘، کیوں؟

Updated: March 13, 2026, 4:57 PM IST | Mumbai

وسئی روڈ ریلوے اسٹیشن کا پرانا نام ’بسین روڈ‘(Bassein Road) تھا۔ برطانوی دور میں اس علاقے کو’ Bassein‘ کہا جاتا تھا، اسی نسبت سے اسٹیشن کا نام ’Bassein Road‘ رکھا گیا۔ اسی نام کے ابتدائی حروف سے اسٹیشن کوڈ ’BSR‘ بنایا گیا۔

Changing the code requires technical and administrative changes to the entire railway system. Photo: INN
کوڈ بدلنے سے پورے ریلوے نظام میں تکنیکی اور انتظامی تبدیلیاں کرنا پڑتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان میں ریلوے اسٹیشنوں کے نام وقتاً فوقتاً تاریخی، ثقافتی یا مقامی وجوہات کی بنا پر تبدیل ہوتے رہے ہیں لیکن اکثر ایسا دیکھا گیا ہے کہ نام بدل جانے کے باوجود اسٹیشن کا پرانا کوڈ وہی برقرار رہتا ہے۔ یہی صورتِ حال وسئی روڈ ریلوے اسٹیش کے ساتھ بھی پیش آئی ہے۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ نام کی تبدیلی کے باجود وسئی روڈ ریلوے اسٹیشن کا کوڈ ’’ بی ایس آر‘‘ (BSR) ہی استعمال ہو رہا ہے، کیوں ؟
ریلوے اسٹیشن کوڈ کیا ہوتا ہے؟
ریلوے اسٹیشن کوڈ دراصل ایک مختصر شناختی علامت ہوتی ہے جو کسی اسٹیشن کو ریلوے کے نظام میں منفرد طور پر پہچاننے کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ کوڈ ٹکٹنگ سسٹم، ٹرینوں کے ٹائم ٹیبل، کمپیوٹرائزڈ ریزرویشن اور ریلوے کے انتظامی ریکارڈ میں استعمال ہوتے ہیں۔ 
پرانے نام ’’بسین روڈ‘‘ سے کوڈ کی پیدائش
وسئی روڈ ریلوے اسٹیشن کا پرانا نام ’بسین روڈ‘(Bassein Road) تھا۔ برطانوی دور میں اس علاقے کو’ Bassein‘ کہا جاتا تھا، اسی نسبت سے اسٹیشن کا نام ’Bassein Road‘ رکھا گیا۔ اسی نام کے ابتدائی حروف سے اسٹیشن کوڈ ’BSR‘ بنایا گیا۔ بعد میں مقامی زبان اور تاریخی شناخت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس کا نام بدل کر وسئی روڈ کر دیا گیا، مگر کوڈ وہی برقرار رہا۔ 

یہ بھی پڑھئے: جہاز کی کھڑکیاں سیٹوں کی متوازی نہیں ہوتیں، کیوں؟

کوڈ تبدیل نہ کرنے کی عملی وجوہات
انڈین ریلوے کے نظام میں اسٹیشن کوڈ تبدیل کرنا آسان عمل نہیں ہوتا۔ لاکھوں ریکارڈ، کمپیوٹرائزڈ ریزرویشن سسٹم، نقشے، ٹائم ٹیبل اور ٹرینوں کے آپریشنل ڈیٹا ان کوڈز سے جڑے ہوتے ہیں۔ اگر کسی پرانے اور اہم اسٹیشن کا کوڈ بدل دیا جائے تو پورے نظام میں بڑی تکنیکی تبدیلیاں کرنا پڑتی ہیں۔ اسی وجہ سے اکثر صورتوں میں نام بدلنے کے باوجود کوڈ برقرار رکھا جاتا ہے۔ 
مسافروں اور نظام میں تسلسل برقرار رکھنا
اگر اسٹیشن کوڈ بار بار تبدیل کئے جائیں تو مسافروں، ریلوے ملازمین اور سسٹم میں الجھن پیدا ہوسکتی ہے۔ بی ایس آر کوڈ دہائیوں سے استعمال ہو رہا ہے اور مسافروں کیلئے مانوس بن چکا ہے اس لئے اسے برقرار رکھنا سہولت کیلئے زیادہ مناسب سمجھا گیا۔ 
دیگر مثالیں 
انڈین ریلویز میں کئی اسٹیشن ایسے ہیں جہاں نام بدلنے کے باوجود پرانا کوڈ برقرار رکھا گیا ہے۔ جیسےوارانسی جنکشن ریلوے اسٹیشن کا نام پہلے بنارس(Benaras ) تھا۔ نام بدل کر وارانسی ہونے کے باوجود اسٹیشن کوڈ ’BSB ‘ برقرار رکھا گیا۔ اس کی بنیادی وجہ ریکارڈ کی مطابقت کو برقرار رکھنا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK