Updated: June 20, 2026, 8:01 PM IST
| Mumbai
عامر خان پروڈکشنز صدر دروپدی مرمو کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم بنانے جا رہا ہے، جس کی ہدایت کاری سواتی چکرورتی بھٹکل کریں گی۔ فلم میں دروپدی مرمو کے قبائلی پس منظر، ذاتی جدوجہد اور ہندوستان کی پہلی قبائلی صدر بننے تک کے غیرمعمولی سفر کو اجاگر کیا جائے گا۔
عامر خان، صدر دروپدی مرمو کے ساتھ ۔ تصویر: ایکس
عامر خان کا پروڈکشن ہاؤس ایک اور متاثر کن حقیقی زندگی کی کہانی پیش کرنے جا رہا ہے۔ اس بار ایک دستاویزی فلم (ڈاکیومنٹری) صدر دروپدی مرمو کی زندگی پر بنائی جا رہی ہے۔ یہ آنے والا منصوبہ ان کی ذاتی اور عوامی زندگی کے اہم کارناموں اور ان کے غیر معمولی سفر کو اجاگر کرے گا۔
عامر خان صدر پر ڈاکیومنٹری بنانے جا رہے ہیں
تازہ رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کی ہدایت کاری معروف فلم ساز اور مصنفہ سواتی چکرورتی بھٹکل کریں گی جو دستاویزی فلموں اور سماجی موضوعات پر مبنی کہانیوں کیلئے جانی جاتی ہیں۔ یہ منصوبہ اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ دروپدی مرمو ہندوستان کی پہلی قبائلی صدر اور ملک کے اعلیٰ ترین آئینی عہدے پر فائز ہونے والی دوسری خاتون ہیں۔
ڈاکیومنٹری میں کیا دکھایا جائے گا؟
یہ ڈاکیومنٹری ان کی زندگی کے سفر کو بیان کرے گی، جو ادیشہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں گزرے بچپن سے شروع ہو کر عوامی خدمت اور پھر صدرِ جمہوریہ منتخب ہونے تک پھیلا ہوا ہے۔ فلم میں ان کی سیاسی کامیابیوں کے بجائے ان تجربات، جدوجہدوں اور ذاتی صدمات پر زیادہ توجہ دی جائے گی جنہوں نے ان کی شخصیت اور زندگی کو تشکیل دیا۔ ان کے ابتدائی دورِ زندگی کے اہم مناظر کی عکاسی کیلئے ڈاکیومنٹری کے کچھ حصے ان کے آبائی گاؤں، ادیشہ میں فلمائے گئے ہیں۔ مقامی رہائشیوں اور اداکاروں کو ان کی زندگی کے مختلف مراحل پیش کرنے کیلئے شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جیسن موموا، ودیوت جموال کے معترف، ’سب سے خوبصورت مردوں میں سے ایک‘ قرار دیا
عامر خان اور سواتی بھٹکل کا ایک اور اشتراک
یہ منصوبہ عامر خان پروڈکشنز اور سواتی چکرورتی بھٹکل کے درمیان ایک اور مشترکہ کاوش ہے۔ اس سے قبل انہوں نے۲۰۱۹ءکی دستاویزی فلمی سیریز’’روبرو روشنی‘‘ میں بھی ساتھ کام کیا تھا، جسے عامر خان اور کرن راؤ نے پروڈیوس کیا تھا۔ عامر خان کی آواز میں بیان کی گئی اس دستاویزی سیریز میں تشدد، نقصان، معافی اور مفاہمت جیسے موضوعات کو حقیقی زندگی کی کہانیوں کے ذریعے پیش کیا گیا تھا۔
راشٹرپتی بھون میں ’’ستارے زمین پر‘‘کی خصوصی نمائش
۲۰۲۵ءمیں عامر خان نے اپنی معروف فلم ’’ستارے زمین پر‘‘ کی خصوصی نمائش راشٹرپتی بھون میں منعقد کی تھی۔ اس فلم میں عامر خان مرکزی کردار میں ہیں اور وہ اس کے پروڈیوسر بھی ہیں۔ فلم میں جینیلیا دیشمکھ بھی شامل ہیں جبکہ اس کی ہدایت کاری آر ایس پرسنا نے کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہد کپور کی ’’کاک ٹیل۲‘‘ کا شاندار آغاز، پہلے دن عالمی سطح پر۲۰؍ کروڑ کی کمائی
’’ستارے زمین پر‘‘ کی کہانی
یہ فلم عامر خان کی مشہور فلم ’’تارے زمین پر‘‘کا سیکوئل ہے۔ اس میں عامر خان ایک باسکٹ بال کوچ کا کردار ادا کرتے ہیں جسے ذہنی معذوری رکھنے والے افراد کی ایک ٹیم کو باسکٹ بال چیمپئن شپ کیلئے تربیت دینے کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے۔ اس فلم کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں ۱۰؍ نیورو ڈائیورجنٹ (Neurodivergent) اداکاروں نے پہلی بار اداکاری کی ہے، جو خصوصی صلاحیتوں کے حامل باسکٹ بال کھلاڑیوں کے کردار نبھاتے ہیں۔