Updated: June 20, 2026, 5:22 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کی رومانوی کامیڈی فلم ’’کاک ٹیل ۲‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر شاندار آغاز کرتے ہوئے ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔ شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانا کی یہ فلم نہ صرف کمائی کے ریکارڈ بنا رہی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔
فلم ’’ کاک ٹیل ۲‘‘ کا ایک منظر۔ تصویر: ایکس
شاہد کپور کی حالیہ رومانوی کامیڈی فلم ’’کاک ٹیل ۲‘‘، جس میں کریتی سینن اور رشمیکا مندانا بھی شامل ہیں، ناظرین کے درمیان فوری طور پر مقبول ہو گئی ہے۔ ایک مانوس کہانی، یادگار چہرے اور ممنوعہ محبت کی پراسرار کشش نے اس فلم کو بالی ووڈ کی سب سے زیادہ منتظر ریلیز میں شامل کر دیا تھا۔ امتیاز علی کی فلم’’میں واپس آؤں گا‘‘، جس میں دلجیت دوسانجھ اور ویدانگ رائنا نے اداکاری کی ہے، کو سخت مقابلہ دیتے ہوئے ’’کاک ٹیل۲‘‘ ۲۰۲۶ء کی سب سے بڑی بالی ووڈ اوپنرز میں سے ایک بن گئی ہے۔
ساڑھے ۵؍ کروڑ روپے سے زائد کی ایڈوانس بکنگ نے فلم کی شروعات کو مضبوط بنایا۔ ۲۰۲۱ء کی فلم ’’کاک ٹیل‘‘ (جس میں سیف علی خان، ڈیانا پینٹی اور دپیکا پڈوکون شامل تھے) کی سیکوئل سمجھی جانے والی یہ نئی محبت کی کہانی محض ایک مثلثی عشق نہیں بلکہ جدید محبت کے موضوعات، جذباتی انتشار، یادوں کی کشش اور بالی ووڈ کے مقبول ترین ستاروں کا امتزاج ہے۔
یہ بھی پڑھئے: لاس اینجلس سٹی کونسل نے ۶؍ جنوری کو ’’دلجیت دوسانجھ ڈے‘‘ قرار دیا
کاک ٹیل ۲: پہلے دن کا باکس آفس کلیکشن
۱۹؍جون بروز جمعہ ریلیز ہونے والی’’کاک ٹیل ۲‘‘ نے ہندوستان بھر میں مضبوط آغاز کیا۔ انڈسٹری ٹریکر ساکنلک کے مطابق، فلم نے اپنے پہلے دن۱۳ء۵۰؍کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا۔ ۱۶ء۲۰؍ کروڑ روپے کے مجموعی کاروبار اور۱۰؍ ہزار ۸۳۵؍ شوز کے ساتھ، شاہد کپور اور رشمیکا مندانا کی اس فلم نے عالمی مارکیٹس سے مزید۴؍ کروڑ روپے کمائے۔ یوں دنیا بھر میں فلم کی کمائی۲۰؍ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی۔ فلم نے اوسطاً۲۱؍ فیصد آکیوپینسی بھی ریکارڈ کی۔ اگرچہ دلجیت دوسانجھ اور شاہد کپور دونوں کی اداکاری کو سراہا گیا، تاہم ’’میں واپس آؤں گا‘‘ نے زیادہ آکیوپینسی حاصل کی، مگر باکس آفس کی دوڑ میں پیچھے رہ گئی۔ ریلیز کے ایک ہفتے بعد اس فلم کی کمائی ساکنلک کے مطابق ۱۴ء۱۵؍ کروڑ روپے رہی، جبکہ ’’کاک ٹیل۲‘‘نے پہلے ہی دن۲۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر کے سبقت حاصل کر لی۔
یہ بھی پڑھئے: فلاپ فلمز کی وجہ سے ’پنوتی‘ لیکن ’مہرہ‘ کی کامیابی کے بعد ’لکی‘ کہا جانے لگا تھا
دلچسپ بات یہ ہے کہ رومانوی کامیڈی فلموں کی واپسی کے ساتھ، ’’کاک ٹیل۲‘‘۲۰۲۵ءکی سپر ہٹ فلم ’’دھرندھر‘‘ کے قریب پہنچ گئی، جس نے افتتاحی دن۲۶؍ کروڑ روپے کمائے تھے۔ ملے جلے تبصروں اور ویک اینڈ کی آمد کے بعد اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آیا’’کاک ٹیل۲‘‘۱۰۰؍کروڑ کلب میں شامل ہو سکے گی یا نہیں۔ ۲۰۱۲ءکی ’’کاک ٹیل‘‘ کے مقابلے میں اس فلم کی اوپننگ تقریباً۱۰۰؍فیصد زیادہ رہی۔ تاہم، سیف علی خان اور دپیکا پڈوکون کی اصل فلم نے اپنے تھیٹر رن کے دوران مجموعی طور پر۱۲۱ء۷۸؍کروڑ روپے کمائے تھے، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹس سے۲۵ء۶۱؍ کروڑ روپے حاصل کئے تھے۔ یہ فلم۴۹؍ دن تک سنیما گھروں میں چلتی رہی۔
یہ بھی پڑھئے: رشمیکا مندانا کی فلم ’’میسا‘‘ کے گانے کی شوٹنگ مکمل
کاک ٹیل۲: ایکس پر ناظرین کے تبصرے
سوشل میڈیا پر آنے والے ردِعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ شائقین اب بھی اس فلم کا موازنہ پرانی’’کاک ٹیل‘‘ سے کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا:’’کریتی سینن کتنی ہی کوشش کر لیں، ویرونیکا صرف ایک کردار نہیں تھا بلکہ وہ دپیکا پڈوکون کی پہچان بن چکا تھا۔ آپ `’’کاک ٹیل‘‘ کا ری میک تو بنا سکتے ہیں، لیکن اس کا جادو دوبارہ پیدا نہیں کر سکتے۔ ‘‘ تاہم، بعض ناظرین کریتی سینن کے نئے اور دلکش انداز سے بے حد متاثر ہوئے۔ ایک صارف نے ان کے تمام مناظر کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے کردار’’ `ایلی‘‘ کو ہر سین کے ساتھ مزید بہتر بناتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: رائل اسکوٹ: سارہ علی خان اور ہنری کیول کی ملاقات، تصاویر کی انٹرنیٹ پر دھوم
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا:’’سسلی کے شاندار مناظر اور بہترین سنیماٹوگرافی فلم کو دیکھنے کے قابل بناتے ہیں، لیکن دوسرے حصے میں رفتار سست ہو جاتی ہے اور کچھ مناظر بے جان محسوس ہوتے ہیں۔ ‘‘اسی صارف نے مزید کہا کہ: ’’مکالمے اور کردار عام ناظرین کے بجائے اشرافیہ طبقے سے زیادہ تعلق رکھتے ہیں، جبکہ فلم بنیادی طور پر جنریشن زیڈ کو ہدف بناتی ہے۔ ‘‘ایک اور مداح نے لکھا:’’شاہد کپور کا کردار ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ’’جب وی میٹ‘‘کا ہیرو دس سال بعد کی زندگی میں کیسا ہوتا۔ ‘‘اس صارف نے فلم کے گانوں اور اس کی خوشگوار فضا (Feel-Good Vibes) کی بھی بھرپور تعریف کی۔