’منجیا‘ سے بطور مرکزی اداکار شناخت بنانے سے پہلے وہ ایک دو نہیں بلکہ۸؍ فلمیں سائن کرچکے تھے، لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم فلور پرنہ جاسکی۔
EPAPER
Updated: September 13, 2026, 11:13 AM IST | Mumbai
’منجیا‘ سے بطور مرکزی اداکار شناخت بنانے سے پہلے وہ ایک دو نہیں بلکہ۸؍ فلمیں سائن کرچکے تھے، لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم فلور پرنہ جاسکی۔
فلمی دنیامیں کسی اداکارکیلئےکامیابی کی راہ ہمیشہ سیدھی نہیں ہوتی۔ کئی بار برسوں کی محنت کے بعد بھی موقع ہاتھ آتے آتے رہ جاتا ہے۔ اداکار ابھئے ورما کے ساتھ بھی کریئر کے ابتدائی دنوں میں کچھ ایسا ہی ہوا۔ ’منجیا‘ سے بطور مرکزی اداکار شناخت بنانے سے پہلے وہ ایک دو نہیں بلکہ۸؍ فلمیں سائن کرچکے تھے، لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم فلور پرنہ جاسکی۔ سال ۲۰۲۴ء میں ریلیز ہونے والی ہارر کامیڈی فلم ’منجیا‘ نے ابھئے ورما کو نمایاں شناخت دی۔ فلم میں شرواری واگھ کے ساتھ ان کی جوڑی اور اداکاری کو ناظرین نے پسند کیا۔ تاہم اس کامیابی سے پہلے ابھئے کو ایک طویل انتظار اور مایوسی کے دور سے گزرنا پڑا تھا۔ ’ہندوستان ٹائمز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ابھئے ورما نے اپنے اس مشکل دور کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’منجیا‘ سے پہلے ان کی ۸؍فلمیں ایسی تھیں جو کبھی بن ہی نہیں سکیں۔ ان کے مطابق انہوں نے ان فلموں کے معاملے میں خدا کے فیصلے پر بھروسہ برقرار رکھا اور یہی یقین انہیں آگے بڑھنے کی طاقت دیتا رہا۔ ابھئے کا کہنا ہے کہ آج جب انہیں ناظرین کی محبت اورمسلسل کام مل رہا ہے تو وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ ان کے نزدیک زندگی میں ہر چیز اپنے مقررہ وقت پرملتی ہے، اس لیے ناکامی یا تاخیر سے گھبرانے کے بجائےانسان کو اپنا کام کرتے رہنا چاہیے۔ ان کا سادہ سا اصول ہے کہ سر جھکا کر محنت کرتے رہیں اور اپنی طرف سے بہترین کارکردگی پیش کریں۔ وہ خود بھی ایک وقت میں اسی امید کے ساتھ ممبئی آئے تھے اور اب ملنے والی کامیابی کو اپنی محنت کے ساتھ ساتھ قسمت کا نتیجہ بھی مانتے ہیں۔ ابھئے ورما ’منجیا‘ کے بعد تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ وہ ’آپریشن سفیدساگر‘ میں اپنی کارکردگی کے لیے بھی داد حاصل کر رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں وہ راشا تھڈانی کے ساتھ ’لائیکی لائکا‘ کے علاوہ شاہ رخ خان اور سہانا خان کے ساتھ سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ میں بھی نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ ہنسل مہتا کی ’دلکشی‘ اور شنایا کپور کے ساتھ ایک فلم بھی ان کے آئندہ منصوبوں میں شامل ہے۔