Inquilab Logo

کثیر الجہت شخصیت کےمالک تھے اداکار ٹام الٹر

Updated: June 23, 2022, 12:09 PM IST | Agency | Mumbai

ٹام الٹر کو بھلے ہی کوئی ان کے نام سے  نہ جانتا ہو لیکن بالی ووڈ مداحوں کے ذہن میں ٹام الٹر کی پہچان ایسے اداکار کے طور پر ہے جوبالی ووڈ  فلموں میں زیادہ تر انگریز کا کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئے۔

Actor Tom Alter.Picture:INN
اداکار ٹام الٹر۔ تصویر: آئی این این

ٹام الٹر کو بھلے ہی کوئی ان کے نام سے  نہ جانتا ہو لیکن بالی ووڈ مداحوں کے ذہن میں ٹام الٹر کی پہچان ایسے اداکار کے طور پر ہے جوبالی ووڈ  فلموں میں زیادہ تر انگریز کا کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئے۔ ان کی پیدائش ۲۲؍ جون۱۹۵۰ء کو اتراکھنڈ کے مسوری  میں ہوئی۔ ٹام  ۱۸؍  برس کی عمر میں تعلیم کی غرض سے امریکہ چلے گئے لیکن ان کا دل نہیں لگا اور وہ درمیان میں ہی وہاں سے لوٹ آئے۔ اس کے بعد انہوں نے کئی  ملازمتیں کیں۔انہوں نے ہریانہ کے سینٹ تھامس  اسکول میں ٹیچر کی بھی ۶؍ مہینے تک ملازمت کی تھی۔ سپراسٹار راجیش کھنہ کی ۱۹۶۹ء میں فلم ارادھنا  نے ٹام الٹر کو اتنا متاثر کیا  کہ اب بس وہ راجیش کھنہ بننا چاہتے تھے۔اسی ہفتے انہوں نے اس فلم کو ۳؍ مرتبہ دیکھا۔ ۲؍برسوں تک ان کے ذہن میں راجیش کھنہ اور شرمیلا ٹیگور چلتی رہیں۔ انہوں نے۲۰۰۹ءمیں ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا  ”میں راجیش کھنہ کا بہت بڑا فین رہا اور  ۱۹۷۰ء کی  دہائی میں ان کے جیسا ہیروبننا چاہتاتھا ،وہ میرے ہیروتھے۔ان کا رومانی انداز دل کو چھولیتا تھا۔‘‘ ہیرو بننے کا خواب لے کر ٹام الٹر نے پونے  میں ہندوستانی فلم  اور ٹیلی ویژن  انسٹی ٹیوٹ  میں داخلہ لیا۔ ٹام نے۱۹۷۴ء میں  ایف ٹی آئی آئی سے گریجویشن  کے دوران گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اسی دوران  انہوں نے نصیر الدین شاہ اور بنجامن گیلانی کے ساتھ ایک کمپنی موٹلی قائم کیا اور ڈرامے کی دنیا میں قدم رکھا۔  ڈرامے میں انہوں نے مرزا غالب پر اسی  نام کے پلے اور مولانا عبدالکلام آزاد پر مبنی  پلے مولانا میں شاندار کردار ادا  کئے جس کے لئے انہیں  ہمیشہ یا د رکھا جائے گا۔ ٹام الٹر کو مشہور ٹی وی شو  ’جنون‘  میں  ان کے کردار کیشوکلسی کے لئے جانا جاتا ہے۔۱۹۹۰ء میں یہ شو مسلسل ۵؍ سال تک چلا۔ اس طرح  ڈرامہ ،فلم اور ٹی وی شومیں وہ چھائے رہے۔ اردوکے ڈائیلاگ متاثرکن اور لب ولہجہ کے ساتھ اداکرتے تھے اور ان کا تلفظ بھی اچھا ہوتا تھا ،ادب وشاعری سے بھی دلچسپی رکھتے رہے۔
 ٹام الٹر نے بالی ووڈ میں اپنے کریئرکی شروعات ۱۹۷۶ءمیں فلم چرس سے کی۔۱۹۷۷ء میں انہوں نے کیرول ایوانس سے شادی کی۔ ان کا ایک بیٹا جیمی اور ایک بیٹی افشاں ہے۔ فلم چرس کے بعدانہوں نے شطرنج کے کھلاڑی، دیش پریمی، کرانتی، گاندھی، رام تیری گنگا میلی،کرما، سلیم لنگڑے پے مت رو، پرندہ، عاشقی، جنون، ویر زارا، منگل پانڈے سمیت۳۰۰؍ سے زائد فلمو ں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔ ٹام الٹر نے اپنے کریئر کے دوران ستیہ جیت رے سے لے کر شیام بینگال تک ہند وستانی فلم انڈسٹری میں تقریباً چوٹی کے تمام  ہدایتکاروں کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے کئی بے حد معروف سیریل میں بھی کام کیا جس میں  ہندوستان ایک کھوج، زبان سنبھال کے ، بیتال پچیسی، حاتم اور یہاں کے ہم سکندر، اہم ہیں۔۱۹۸۰ء سے۱۹۹۰ء تک کے دوران ٹام الٹر اسپورٹس کے صحافی بھی رہے ۔ وہ ٹی وی پر سچن تینڈولکر کا انٹرویو لینے والے پہلے شخص تھے۔   ۲۰۰۸ء میں انہیں فن اور سنیما کے شعبے میں خدمات کیلئے پدم شری ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK