• Tue, 15 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چیک باؤنس معاملہ: عدالت کا راجپال یادو کو ۲؍ کروڑ روپے جمع کرانے کا آخری موقع

Updated: September 15, 2026, 10:21 PM IST | New Delhi

اداکار راج پال یادو کے چیک باؤنس معاملے میں اب سپریم کورٹ نے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں دو ہفتوں کے اندر۲؍ کروڑروپے کی رقم جمع کرانے کی آخری مہلت دی ہے ۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

 سپریم کورٹ نے چیک باؤنس کے ایک مقدمے میں بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو عدالت کی رجسٹری میں کم از کم۲؍ کروڑ روپے جمع کرانے کیلئےدو ہفتوں کی آخری مہلت دی ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت کی سربراہی والی بنچ نے اداکار کے ماضی کے رویے پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پہلے کے طرزِ عمل سے عدالت کا ان پر سے اعتماد ختم ہو چکا ہے۔ تاہم، راجپال یادو کے وکیل کی جانب سے دی گئی اس یقین دہانی کے بعد کہ وہ مقررہ وقت کے اندر ۲؍ کروڑ روپے جمع کرا دیں گے اور بقیہ رقم کی ضمانت دیں گے، عدالت نے انہیں دو ہفتے کی یہ آخری مہلت فراہم کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جلگاؤں کارپوریشن الیکشن کے اخراجات کا گوشوارہ پیش نہ کرنے پر۱۵؍امیدواروں پر ۳؍ سال کی پابندی

بعد ازاں سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریا کانت نے اداکار کے طرزِ عمل پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالی ووڈ میں ڈراما اور اداکاری کرنے میں ماہر ہیں اور وہی سب کچھ اب عدالت میں بھی کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود، عدالت نے ۵؍ اکتوبر کو ہونے والی اگلی سماعت تک راجپال یادو کی گرفتاری پر جاری روک کو برقرار رکھا ہے، تاہم انہیں اپنا پاسپورٹ عدالت کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ناگپور: ڈی جے کے خلاف شہریوں کا خاموش مارچ

واضح رہے کہ یہ مالی تنازع ۲۰۱۰ءسے چلا آ رہا ہے، جب راجپال یادو نے بطور ہدایت کار اپنی پہلی مزاحیہ فلم اتاپتا لاپتا بنانے کیلئےدہلی کی ایک کمپنی مرلی پروڈکشنز سے تقریباً ۵؍ کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔باکس آفس پر فلم کے بری طرح ناکام ہونے کی وجہ سے وہ قرض واپس کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد سود اور دیگر اخراجات مل کر یہ رقم بڑھ کر تقریباً ۹؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی اور بالآخر یہ معاملہ چیک باؤنس کی قانونی کارروائی میں تبدیل ہو گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK