ڈینیئل کریگ کی جگہ ہالی ووڈ اداکار رابرٹ پیٹنسن جیمز بانڈ کی ذمہ داری سنبھالیں گے، ڈینس ویلینیو نئی فلم کی ہدایت کاری کریں گے، اسٹیون نائٹ اسکرپٹ لکھیں گے۔
EPAPER
Updated: November 17, 2026, 6:03 PM IST | London
ڈینیئل کریگ کی جگہ ہالی ووڈ اداکار رابرٹ پیٹنسن جیمز بانڈ کی ذمہ داری سنبھالیں گے، ڈینس ویلینیو نئی فلم کی ہدایت کاری کریں گے، اسٹیون نائٹ اسکرپٹ لکھیں گے۔
ہالی ووڈ کی مشہور فلمی سیریز جیمز بانڈ کے نئے مرکزی اداکار کا طویل انتظار ختم ہوگیا ہے۔ ’’دی بیٹ مین‘‘ میں بروس وین کا کردار ادا کرکے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن کو اگلا جیمز بانڈ منتخب کرلیا گیا ہے۔ امیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے ۱۶ ؍نومبر ۲۰۲۶ء کو اس انتخاب کی باضابطہ تصدیق کردی۔ اس اعلان کے ساتھ ہی کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں اور مختلف اداکاروں کے ناموں پر ہونے والی بحث کا خاتمہ ہوگیا ہے۔رابرٹ پیٹنسن اب مشہور برطانوی خفیہ ایجنٹ ۰۰۷ کا کردار ادا کریں گے اور وہ ڈینیئل کریگ کی جگہ لیں گے، جنہوں نے ۲۰۰۶ء میں فلم ’’کیسینو رائل‘‘ سے جیمز بانڈ کا کردار سنبھالا تھا۔ ڈینیئل کریگ نے اس سیریز کی پانچ فلموں میں کام کیا اور ان کی آخری فلم’ ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘‘ ۲۰۲۱ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اب پیٹنسن اس مشہور کردار کو ایک نئے دور میں لے جانے کی تیاری کررہے ہیں۔
Robert Pattinson is James Bond https://t.co/3GulkhblDp
— James Bond (@007) November 16, 2026
جیمز بانڈ کے کردار کے لیے منتخب ہونے پر رابرٹ پیٹنسن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیمز بانڈ سنیما کی تاریخ کے سب سے مشہور کرداروں میں سے ایک ہے اور انہیں ۰۰۷ کا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری ملنا ان کے لیے زندگی کا ایک بڑا اعزاز ہے۔انہوں نے امیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز، ہدایت کار ڈینس ویلینیو اور پروڈیوسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کردار کو حاصل کرنا ان کا خواب تھا۔ وہ اس نئی شراکت داری اور پوری ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔ ڈینس ویلینیو کریں گے فلم کی ہدایت کارینئی جیمز بانڈ فلم کی ہدایت کاری معروف فلم ساز ڈینس ویلینیو کریں گے، جو ’’ڈیون‘‘ اور ’’بلیڈ رنر ۲۰۴۹‘‘جیسی کامیاب فلموں کے لیے مشہور ہیں۔ فلم کا اسکرپٹ اسٹیون نائٹ لکھ رہے ہیں، جنہوں نے مشہور ٹیلی ویژن سیریز ’’پیکی بلائنڈرز‘‘ تخلیق کی تھی۔فلم کی پروڈکشن کی ذمہ داری ایمی پاسکل اور ڈیوڈ ہیمن کے پاس ہے۔ ایمی پاسکل ’’اسپائیڈر مین‘‘ سیریز اور ڈیوڈ ہیمن ’’ہیری پوٹر‘‘ فلموں کی پروڈکشن سے وابستہ رہے ہیں۔ ان تجربہ کار فلم سازوں کی شمولیت سے نئی بانڈ فلم کو لے کر توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔ڈینس ویلینیو نے رابرٹ پیٹنسن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان میں جیمز بانڈ کے کردار کی لازوال کشش موجود ہے اور وہ اس مشہور کردار میں ایک بالکل نیا انداز اور توانائی لے کر آئیں گے۔ ہدایت کار نے ان کے ساتھ کام شروع کرنے کے لیے اپنی بے چینی کا اظہار بھی کیا۔
جیمز بانڈ کے نئے اداکار کے انتخاب کے لیے کئی نام سامنے آئے تھے۔ ان میں جوش او کونر، کالم ٹرنر، جیک لوڈن اور نکولس ہولٹ جیسے معروف برطانوی اداکار شامل تھے۔ رابرٹ پیٹنسن کا نام بھی ابتدائی طور پر ممکنہ امیدواروں میں شامل تھا، تاہم بعد میں ان کی امیدواری مضبوط ہوتی گئی۔رپورٹس کے مطابق اس کردار کے لیے اداکاروں کے آڈیشن اور اسکرین ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے۔ بالآخر امیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے پیٹنسن کو منتخب کرکے باضابطہ اعلان کردیا۔
رابرٹ پیٹنسن نے اپنے فلمی کریئر میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہیں ابتدائی شہرت ۲۰۰۵ء کی فلم ’’ہیری پوٹر اینڈ دی گوبلٹ آف فائر‘‘ میں سیڈرک ڈگوری کا کردار ادا کرنے سے ملی۔ اس کے بعد ’’ٹوائی لائٹ‘‘ فلم سیریز میں ایڈورڈ کلن کے کردار نے انہیں عالمی سطح پر مقبول بنادیا۔پیٹنسن نے بعد کے برسوں میں صرف تجارتی فلموں تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ کئی سنجیدہ اور تجرباتی فلموں میں بھی کام کیا۔ کرسٹوفر نولن کی فلم’ ’ٹینیٹ‘‘ میں ان کی اداکاری کو پسند کیا گیا جبکہ ۲۰۲۲ء کی فلم ’’دی بیٹ مین‘‘ میں بروس وین کا کردار ادا کرکے انہوں نے ایک اور مشہور فلمی فرنچائز میں اپنی جگہ بنائی۔اب جیمز بانڈ کے کردار کے لیے ان کا انتخاب ان کے کریئر کا ایک اہم موڑ قرار دیا جارہا ہے۔ بیٹ مین کے بعد ایک اور مشہور خیالی کردار ۰۰۷ کی ذمہ داری سنبھالنے سے ان کی عالمی شہرت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھئے:نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز روہت شرما کے لیے مایوس کن، چار اننگز میں صرف ۳۰ ؍رن
جیمز بانڈ فلم سیریز کا آغاز ۱۹۶۲ء میں فلم ’’ڈاکٹر نو‘‘ سے ہوا تھا، جس میں شان کونری نے پہلی مرتبہ بڑے پردے پر ۰۰۷ کا کردار ادا کیا۔ اس کے بعد جارج لازنبی، راجر مور، ٹموتھی ڈالٹن، پیئرس بروسنن اور ڈینیئل کریگ سمیت کئی اداکار اس مشہور کردار کو نبھا چکے ہیں۔رابرٹ پیٹنسن اس کردار کو ادا کرنے والے ساتویں اداکار ہوں گے، جنہیں سرکاری جیمز بانڈ فلم سیریز میں یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان کی آمد کے ساتھ فلم سیریز ایک نئے تخلیقی مرحلے میں داخل ہورہی ہے۔ خاص بات یہ بھی ہے کہ اب اس فرنچائز کی تخلیقی نگرانی امیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز کے پاس ہے، جس نے ۲۰۲۵ء میں اس سیریز کے طویل عرصے تک نگراں رہنے والے پروڈیوسرز باربرا بروکولی اور مائیکل جی ولسن سے تخلیقی کنٹرول حاصل کیا تھا۔رابرٹ پیٹنسن کی جیمز بانڈ کے طور پر پہلی فلم کو فی الحال ’’بانڈ ۲۶‘‘ کہا جارہا ہے۔ فلم کا باضابطہ عنوان، کہانی، دیگر اداکاروں اور ریلیز کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم ڈینس ویلینیو کی ہدایت کاری، اسٹیون نائٹ کی تحریر اور رابرٹ پیٹنسن کی مرکزی اداکاری نے فلمی شائقین کی توقعات بڑھا دی ہیں۔اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ پیٹنسن اپنے منفرد انداز میں جیمز بانڈ کے روایتی کردار کو کس طرح پیش کرتے ہیں اور نئی فلم اس مشہور جاسوسی فرنچائز کو کس سمت لے کر جاتی ہے۔