• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلقیس بانو کا دو مجرموں کو سپریم کورٹ سے ملنے والی راحت کو چیلنج کرنے کا عزم

Updated: November 17, 2026, 6:07 PM IST | New Delhi

سپریم کورٹ نے حال ہی میں بلقیس بانو عصمت دری معاملہ میں دو مجرموں کو ان کی معذوری اور۱۷؍ سال کی قید کو بنیاد بناکر انہیں ضمانت دے دی ہے۔ عدالت کے اس فیصلے پر بلقیس بانو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہوا کہ عدالت نے دو مجرموں کی عمرقید کی سزا معطل کر دی ہے، تاہم انہوں نے اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا عزم کیا ہے۔

Bilkis Bano. Photo: PTI
بلقیس بانو۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

گجرات کے ۲۰۰۲ء کے فسادات کے دوران بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے مقدمے میں پیر کو سپریم کورٹ نے سزا یافتہ دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کر دی۔ عدالت کے اس فیصلے پر بلقیس بانو نے ’’درد، صدمے اور بے یقینی کے تازہ آنسوؤں‘‘ کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے ۲۸؍ اکتوبر کو ان مجرموں کی سزا اور جرم ثابت ہونے کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا تھا۔ عدالت نے اس فیصلے کی وجہ دونوں مجرموں کا ۱۷؍ سال سے زائد عرصے تک قید میں رہنا اور ان میں سے ایک کی شدید معذوری کو قرار دیا۔ عدالت نے انہیں ضمانت بھی دے دی ہے، تاہم ان کا جرم بدستور برقرار ہے۔ پیر کو بلقیس بانونے اپنی وکیل، سینئر ایڈووکیٹ شوبھا گپتا کے ذریعے جاری کردہ ایک بیان میں کہا، ’’مجھے اب بھی یقین نہیں آ رہا کہ ایک بار پھر، دوسری مرتبہ، سپریم کورٹ نے مجھے بلائے اور میرا مؤقف سنے بغیر ہی حکم جاری کر دیا ہے۔ مجھے اس بات کا علم میڈیارپورٹس کے ذریعے ہوا۔‘‘ انہوں نے سوال اٹھایا، ’’معزز سپریم کورٹ ان لوگوں کی سزا محض اس طرح کیسے معطل کر سکتا ہے جنہوں نے میرے ساتھ یہ ظلم کیا؟ وہ مجھے اطلاع تک دئیے بغیر ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟ وہ اس بات کو کیسے یقینی نہیں بنا سکے کہ ان کے کمرۂ عدالت میں میری آواز بھی سنی جائے؟‘‘

یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو عصمت دری معاملہ کے دو مجرموں کو سپریم کورٹ نے ضمانت دی

فروری ۲۰۰۲ء میں گودھرا ٹرین آتشزدگی واقعے کے بعد ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کی ہولناکی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’میں اس وقت ایک نوجوان لڑکی تھی، محض ۱۹؍ سال کی، جب میری دنیا، میری ننھی بیٹی، میرا خاندان، میرا گھر اور انسانیت پر میرا بھروسہ بے رحمی سے مجھ سے چھین لیا گیا۔ اس دن سے لے کر ۲۴؍ طویل سالوں تک، میں اپنے لئےاور ہر جگہ کی خواتین کیلئے انصاف کی خاطر بار بار کھڑی ہوئی ہوں اور لڑتی رہی ہوں۔‘‘ بلقیس بانو اس وقت پانچ ماہ کی حاملہ تھیں جب قتلِ عام سے بچ کر بھاگنے کی کوشش کے دوران ان کی اجتماعی عصمت دری کی گئی۔ قتل کئے جانے والے ان کے خاندان کے سات افراد میں ان کی تین سالہ بیٹی بھی شامل تھی۔ انہوں نے اپنے خاندان اور دوستوں کے تعاون سے اپنی زندگی کو دوبارہ سنوارنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’میں ایک عدالت سے دوسری عدالت کے چکر لگاتی رہی اور ہر بار جب مجھے انصاف ملا اور مجھے سچا ثابت کیا گیا تو میں شکر گزار ہوئی ہر بار انصاف کے تصور پر میرا یقین بحال ہوا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’لیکن آج میں خود کو وہی انصاف کھوتے ہوئے دیکھ رہی ہوں جسے جیتنے کیلئے میں نے اتنی سخت جدوجہد کی تھی۔ جانے پہچانے خوف دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں۔ میں ایک بار پھر خوفزدہ ہوں۔ اپنے لئے، اپنے خاندان کیلئے اور اپنے بچوں کیلئے اور مجھے اس بات کا بھی ڈر ہے کہ کہیں میرا انصاف پر سے بھروسہ ایک بار پھر نہ اٹھ جائے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: الہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان کیلئےعبوری ضمانت کا اشارہ دیا ،پھر فیصلہ نہیں سنایا

بلقیس بانو نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی خاطر سپریم کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کریں گی، ’’جو اس بات کے مستحق نہیں ہیں کہ وہ اپنی باقی زندگی ان خوف اور زخموں کے سائے میں گزاریں۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’میں یہ اپنی تین سالہ بیٹی صالحہ کیلئے کر رہی ہوں جو جینے کی حقدار تھی اور جس کی یاد انصاف کا تقاضا کرتی ہے۔ میں یہ ہر جگہ موجود خواتین کیلئے کر رہی ہوں۔ کیونکہ کسی بھی عورت، کسی بھی متاثرہ شخص یا کسی بھی شہری کو اپنے وجود اور برابری کے اس لامتناہی امتحان سے نہیں گزرنا چاہئے اور نہ ہی ساری زندگی انصاف کیلئے لڑتے رہنا چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK