Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’نو وے ہوم‘‘ کے بعد صرف ایک شخص اسپائیڈر مین کی اصل شناخت جانتا ہے: ٹام ہالینڈ

Updated: June 24, 2026, 7:08 PM IST | Los Angeles

’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کی تشہیری مہم کے دوران ٹام ہالینڈ نے ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘‘ کے اختتام پر ہونے والے جادو کے بعد تقریباً کسی کو یاد نہیں کہ پیٹر پارکر ہی اسپائیڈر مین ہے۔ تاہم انہوں نے اشارہ دیا کہ ایک شخص اب بھی اس راز سے واقف ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مارول کی آئندہ فلم ’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کی تشہیر کے سلسلے میں IGN Benelux کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں ٹام ہالینڈ نے ’’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘‘ کے بعد کی صورتحال سے متعلق ایک اہم اشارہ دیا ہے، جس نے مداحوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اداکار نے انکشاف کیا کہ نو وے ہوم کے اختتام پر ڈاکٹر اسٹرینج کے جادو کے بعد تقریباً پوری دنیا پیٹر پارکر کی اصل شناخت بھول چکی ہے۔ تاہم ان کے مطابق ایک ایسا شخص موجود ہے جسے اب بھی معلوم ہے کہ پیٹر پارکر ہی اسپائیڈر مین ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کالین بھیامرزا پور کے تخت کے لیے ایک بار پھر خونی ہولی کھیلیں گے

یاد رہے کہ ’’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘‘ میں پیٹر پارکر نے اپنی شناخت کو دنیا کی یادداشت سے مٹانے کے لیے ڈاکٹر اسٹرینج کے جادو کو قبول کیا تھا۔ یہ فیصلہ اس نے ملٹی ورس کے بحران کو روکنے کے لیے کیا تھا، جس کے نتیجے میں دنیا بھر کے لوگ پیٹر پارکر کو بھول گئے، اگرچہ اسپائیڈر مین بطور سپر ہیرو لوگوں کی یادداشت میں موجود رہا۔ انٹرویو کے دوران ٹام ہالینڈ نے مارول سنیماٹک یونیورس میں اپنے تجربات اور خاص طور پر رابرٹ ڈاؤنی جونیئر سے سیکھے گئے اسباق پر بھی گفتگو کی۔ اسی دوران ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ایونجرز کو اب بھی اسپائیڈر مین کی اصل شناخت معلوم ہے۔ اس کے جواب میں ہالینڈ نے کہا کہ ’’میرے خیال میں کسی کو یاد نہیں کہ میں اسپائیڈر مین ہوں، سوائے ایک شخص کے۔‘‘

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ پیٹر پارکر کو اب کوئی نہیں جانتا، لیکن دنیا اب بھی اسپائیڈر مین کے وجود اور اس کی سرگرمیوں سے واقف ہے۔ تاہم انہوں نے اس واحد شخص کی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کیا جسے اب بھی یہ راز معلوم ہے۔ ہالینڈ کے اس بیان نے مداحوں کے درمیان مختلف نظریات کو جنم دیا ہے۔ بہت سے شائقین کا خیال ہے کہ یہ شخصیت ڈاکٹر اسٹرینج یا وونگ ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ جادو کے عمل میں براہِ راست شامل تھے۔ ایک مداح نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’صرف ایک شخص رہ گیا ہے جو جانتا ہے؟ میرے خیال میں وہ ڈاکٹر اسٹرینج یا شاید وونگ ہیں۔ یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں کہ برانڈ نیو ڈے میں اس راز کو کیسے استعمال کیا جائے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اکشے کمار کی آواز میں’’ تیرا پیسہ میرا پیسہ‘‘ گیت ریلیزہوا

دوسری جانب بعض مداحوں نے بروس بینر کے نام پر بھی قیاس آرائی کی ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’’لوگ ہلک کا نام لے رہے ہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ بروس بینر کسی طرح اس جادو کے اثرات سے محفوظ رہا ہوگا۔‘‘ کچھ مداحوں نے نئی اداکارہ سیڈی سنک کے کردار کو بھی اس پراسرار شخصیت کے طور پر پیش کیا ہے، اگرچہ اس حوالے سے ابھی کوئی سرکاری تصدیق موجود نہیں۔ مارول اسٹوڈیوز نے ابھی تک اس معمہ پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جس کے باعث ’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کے گرد تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔ شائقین اب یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ آخر وہ کون سا کردار ہے جو دنیا بھر میں واحد شخص کے طور پر پیٹر پارکر کی اصل شناخت جانتا ہے۔ واضح رہے کہ ’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ میں ٹام ہالینڈ ایک بار پھر اپنے مشہور کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ فلم ۳۰؍ جولائی کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK