Inquilab Logo Happiest Places to Work

اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

Updated: July 30, 2026, 6:07 PM IST | Mumbai

ہندوستان اور ممبئی کے تجربہ کار بلے باز اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔رہانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔

Ajinkya Rahane.Photo:INN
اجنکیارہانے۔ تصویر:آئی این این

 ہندوستان اور ممبئی کے تجربہ کار بلے باز اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔رہانے نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا’’میں نے ہمیشہ اپنی بیٹنگ میں درست ٹائمنگ پر یقین رکھا ہے اور آج مجھے محسوس ہوتا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ اور اس کے تمام فارمیٹس کو خیرباد کہنے کا یہی مناسب وقت ہے۔ ڈومبیولی کے ایک چھوٹے سے علاقے کے لڑکے سے ہندوستانی ٹیم تک کے سفر میں، میں نے اس کھیل کو اپنا سب کچھ دیا۔ میری ہر اننگز اور ہر موقع کا صرف ایک ہی خواب تھا، ہندوستانی کیپ پہننا۔ میں نے ہمیشہ ملک اور ٹیم کو اپنی ذات پر فوقیت دی اور پوری ایمانداری کے ساتھ یہ کھیل کھیلا۔‘‘


انہوں نے مزید کہا کہ جب انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا تھا، اس وقت سے ہندوستانی کرکٹ نے غیر معمولی ترقی کی ہے اور گزشتہ ۲۰؍ برس اس سفر کا حصہ بننا ان کے لیے باعثِ فخر رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہندوستانی کرکٹر کے طور پر ان کا باب ختم ہو گیا ہے، لیکن کرکٹ سے ان کا رشتہ برقرار رہے گا اور وہ نئی نسل کی رہنمائی کرتے ہوئے اپنے تجربات اور اقدار انہیں منتقل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:’’تھیٹرس کو وقت دینےکی وجہ سے میں فلموں پر توجہ نہیں دے سکی ‘‘


رہانے نے ہندوستان کی جانب سے ۸۵؍ ٹیسٹ، ۹۰؍ ایک روزہ بین الاقوامی اور  ۲۰؍ ٹی۲۰؍ بین الاقوامی میچ کھیلے۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ جولائی  ۲۰۲۳ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ تھا۔ ان کے کریئر کی نمایاں کامیابیوں میں ۲۱۔۲۰۲۰ء کے آسٹریلیا دورے پر ہندوستان کو۱۔۲؍ سے تاریخی ٹیسٹ سیریز جتانا شامل ہے۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ہندوستان کے صرف۳۶؍ رنز پر آل آؤٹ ہونے کے بعد رہانے کی قیادت میں ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:مَیں رتیک جیسا لگتا ہوں: کنگنا کے طنز پر سی جے پی ترجمان سوراو داس کا جواب


رہانے نے ۲۰۱۱ء سے ۲۰۲۳ء تک پھیلے اپنے ۱۲؍ سالہ بین الاقوامی کریئر میں ۸۵؍ٹیسٹ میچوں میں ۴۶ء۳۸؍ کی اوسط سے۵۰۷۷؍ رنز بنائے، جن میں ۱۲؍ سنچریاں شامل ہیں۔ ۹۰؍ ون ڈے میچوں میں انہوں نے ۲۶ء۳۵؍ کی اوسط سے ۲۹۶۲؍ رنز اسکور کیے، جن میں تین سنچریاں شامل رہیں، جبکہ ۲۰؍ ٹی۲۰؍ بین الاقوامی میچوں میں ۸۳ء۲۰؍ کی اوسط اور۲۹ء۱۱۳؍  کے اسٹرائیک ریٹ سے ۳۷۵؍ رنز بنائے۔ انہوں نے ہندوستان کی قیادت چھ ٹیسٹ میچوں میں کی، جن میں سے ٹیم نے چار میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو میچ ڈرا رہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK