Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’تھیٹرس کو وقت دینےکی وجہ سے میں فلموں پر توجہ نہیں دے سکی ‘‘

Updated: July 26, 2026, 9:27 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی، فلم اور تھیٹر اداکارہ روما نوانی کا کہنا ہے کہ فاروق شیخ میرے بہت اچھے دوست تھے، وہ کہتے تھے کہ میں فلموں کو زیادہ وقت دوں لیکن تھیٹرکی محبت نے مجھے ایسا نہیں کرنے دیا۔

TV, film and theater actress Roma Novani. Photo: INN
ٹی وی، فلم اور تھیٹر اداکارہ روما نوانی۔ تصویر: آئی این این

ٹیلی ویژن اور تھیٹر کی معروف اداکارہ روما نوانی گزشتہ دو دہائیوں سے ہندی تفریحی صنعت کا اہم حصہ رہی ہیں اور وہ آج بھی تھیٹر سے وابستہ ہیں۔ اپنی بہترین اداکاری اور ہمہ جہت صلاحیتوں کی بدولت انہوں نے چھوٹے پردے پر کئی یادگار کردار نبھائے ہیں۔ ٹیلی ویژن کے ساتھ ہی تھیٹر میں بھی ان کی ایک منفرد شناخت قائم ہے۔ وہ زیادہ وقت تھیٹر میں اداکاری کو دیتی ہیں۔ روما نوانی نے اپنے کریئر کے دوران کئی مقبول ٹی وی سیریلز میں اداکاری کی ہےجن میں ’’ہم پانچ‘‘، ’’کُم کُم بھاگیہ‘‘، ’’ میری عاشقی تم سے ہی‘‘، ’’گُپتا بردرس‘‘، ’’عشق میں گھائل‘‘، ’’رادھا موہن : پیار کا پہلا نام ‘‘اور ’’ ناتھ: زیور یا زنجیر ناتھ ‘‘ کے نام قابل ذکر ہیں۔ ان شوز میں ان کے کرداروں کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ ٹیلی ویژن کے علاوہ روما نوانی نے فلموں میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے ۲۰۰۰ء میں ’’بھائی ٹھاکر‘‘ اور ۲۰۲۴ء میں ’’پیار کے دو نام ‘‘ جیسی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ تھیٹر سے اپنی وابستگی کے بارے میں روما نوانی کا کہنا ہے کہ اسٹیج اداکاری فنکار کو گہرائی اور پختگی عطا کرتی ہے۔ روما نوانی آج بھی اداکاری کی دنیا میں سرگرم ہیں اور ٹیلی ویژن، فلموں اور تھیٹر کے ذریعے اپنے مداحوں کی بھرپور تفریح کر رہی ہیں۔ نمائندہ انقلاب نےٹی وی، فلم اور تھیٹر اداکارہ روما نوانی سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
سب سے پہلے آج ہم یہی جاننا چاہیں گے کہ اس وقت آپ کن پروجیکٹس میں مصروف ہیں؟
ج: اس وقت میں ایک ہندی کامیڈی ڈراما ’پتّے کھل گئے‘ میں کام کر رہی ہوں۔ اس میں میرے ساتھ آنند مہادیون ہیں جبکہ اس ڈرامے کو راکیش بیدی نے لکھا اور ہدایت دی ہے۔ فی الحال میری پوری توجہ اسی ڈرامے پر ہے۔ اس کے علاوہ چند نئے پروجیکٹس پر بات چیت جاری ہے، لیکن ابھی تک کچھ بھی طے نہیں ہوا ہے۔ یہ سبھی چیزیں ابتدائی مراحل میں ہیں اس لئے میں آپ کو اس بارے میں زیادہ معلومات نہیں دے سکتی۔ 
راکیش بیدی جیسے تجربہ کار اداکار اور ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟
ج:میں انہیں کئی برسوں سے جانتی ہوں۔ پرتھوی تھیٹر کے زمانے سے ہماری ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔ وہ اِپٹا (IPTA) سے بھی وابستہ رہے ہیں اور میں یاتری تھیٹر گروپ کے ساتھ کام کرتی تھی، اس لیے ہماری پرانی شناسائی ہے۔ ان کے ساتھ کام کرنا نہایت خوشگوار اور سیکھنے والا تجربہ رہا۔ وہ ایک شاندار اداکار ہونے کے ساتھ ہی بہترین ہدایتکار بھی ہیں اور فنکاروں کو بھرپور آزادی دیتے ہیں۔ اس وقت وہ بہت مشہور ہیں اور ان کی فلم نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کے ساتھ کام کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔ وہ ہمیشہ ساتھی اداکاروں کی بھرپور مدد کرتے ہیں۔ میں نے پہلے اور ابھی ان کے بارے میں کبھی کوئی منفی بات نہیں سنی ہے۔ 
ٹیلی ویژن اور تھیٹر میں کام کرنے کا تجربہ کتنا مختلف ہوتا ہے؟
ج:دونوں بالکل الگ میڈیم ہیں۔ ٹیلی ویژن، خاص طور پر ڈیلی سوپس میں، طویل اوقات کی شوٹنگ ہوتی ہے اور ایک الگ طرزِ زندگی بن جاتی ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں ٹی وی انڈسٹری میں کافی تبدیلیاں آئی ہیں۔ پہلے کام کا طریقہ بہت سادہ تھا، لیکن اب ٹیکنالوجی، کیمرے، ایچ ڈی شوٹنگ، میک اپ اور کام کرنے کا پورا انداز بدل چکا ہے۔ دوسری طرف تھیٹر ہمیشہ میرا پہلا پیار رہا ہے۔ تھیٹر میں ابتدا میں کافی ریہرسل کرنی پڑتی ہے، لیکن جب آپ اسٹیج پر براہِ راست ناظرین کے سامنے پرفارم کرتے ہیں تو جو اطمینان حاصل ہوتا ہے، اس کی کوئی مثال نہیں۔ تھیٹر کی بدولت ملک اور بیرونِ ملک سفر کرنے اور مختلف ناظرین سے جڑنے کا موقع بھی ملا۔ میرے لیے تھیٹر ہمیشہ خاص تھا اور ہمیشہ رہے گا۔ 
دو دہائیوں سے زیادہ طویل کریئر میں آپ نے خود کو وقت کے ساتھ کیسے ہم آہنگ رکھا؟
ج: میں کسی خاص تیاری پر یقین نہیں رکھتی۔ میرا خیال ہے کہ ایک فنکار کا اصل تعارف اس کا کام ہوتا ہے۔ میں ہدایتکار کی اداکارہ ہوں۔ اگر ہدایتکار کسی سین کے بارے میں کوئی مشورہ دیتے ہیں تو میں پوری ایمانداری سے اسے نبھانے کی کوشش کرتی ہوں۔ میری پوری توجہ اپنے کام کو بہتر بنانے پر ہوتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر آپ کا کام اچھا ہے تو وہی آپ کی پہچان بن جاتا ہے، اس کیلئے الگ سے کچھ کہنے اور کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ 
آپ نے تھیٹر میں کئی بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ اس سفر کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
ج: مجھے اپنے کریئر میں کئی بہترین فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ پونم ڈھلوں، فاروق شیخ اور شیکھر سمن جیسے اداکاروں کے ساتھ میں نے کئی ڈرامے کیے اور ان کے ساتھ ملک اور بیرونِ ملک سفر بھی کیا۔ فاروق شیخ کے ساتھ ایک اُردو ڈراما کرنا میرے لیے نہایت یادگار تجربہ تھا۔ شیکھر سمن کے ساتھ بھی میرا دو فنکاروں پر مشتمل ایک ڈرامہ تھا، جسے ناظرین نے بہت پسند کیا۔ 
آپ نے فاروق شیخ کے ساتھ کون سا اردو ڈراما کیا تھا؟
ج: میں نے فاروق شیخ کے ساتھ اردو ڈراما’ آذر کا خواب‘ کیا تھا۔ فاروق شیخ بہت اچھے اداکار تھے اور وہ میری بہت مدد کیا کرتے تھے۔ اس ڈرامے کے دوران ہم بہت اچھے دوست بن گئے تھے۔ انہیں کھانے کا بہت شوق تھا۔ جب بھی وہ اپنے لئے کچھ لے آتے تھے ہمیں بھی ضرور دیتے تھے۔ وہ مجھے ہمیشہ پروموٹ کرتے رہتے تھے اور میرے لئے مختلف پروڈکشن ہاؤس میں سفارش بھی کرتے رہتے تھے۔ انہوں نے عامر خان کی فلم ’’تارے زمین پر ‘‘ میں مجھے رول دلوانے کی کوشش کی تھی۔ جو رول ٹِسکا چوپڑہ نے ادا کیا تھا، فاروق شیخ چاہتے تھے وہ رول میں کروں۔ بہرحال انہوں نے اپنے طورپر کوشش کی تھی لیکن عامر خان اور ان کی ٹیم کو ٹِسکا چوپڑہ ہی اس رول کیلئے بہتر لگی اسلئے مجھے انکار کردیا گیا۔ فاروق شیخ چاہتے تھے کہ میں بڑے پروجیکٹس میں کام کروں تا کہ میری شناخت بہتر ہوسکے۔ 
کیا فلموں میں بھی آپ کو کچھ بڑے مواقع ملے تھے؟
ج:جی ہاں، کچھ بڑے پروجیکٹس کیلئے بات چیت ہوئی تھی۔ راکیش روشن جی ہمارے خاندان کے پرانے دوست ہیں۔ انہوں نے بھی مجھے ایک فلم میں لینے کی کوشش کی تھی، لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر بات آگے نہیں بڑھ سکی لیکن مجھے اس کا کبھی افسوس نہیں رہا، کیونکہ میں مسلسل تھیٹر اور اپنے دوسرے کاموں میں مصروف رہی۔ 
اداکاری کے علاوہ کیا آپ کسی اور شعبے سے بھی وابستہ ہیں ؟
ج:جی ہاں، اداکاری کے علاوہ میں اپنے خاندانی کاروبار اور پراپرٹی سے متعلق کام بھی سنبھالتی ہوں۔ اسلئے میری زندگی اداکاری اور کاروبار، دونوں کے درمیان متوازن انداز میں گزرتی ہے۔ میں ریئل اسٹیٹ کا کاروبار کرتی ہوں۔ یہ میرے والد کا کاروبار ہے جسے میں سنبھالتی ہوں۔ میں مہنگی پراپرٹی کی خرید و فروخت کرتی ہوں اور میرے کلائنٹ امیر گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ میرا شوق ہے اور میں اسے بھی پورا کرتی ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK