Updated: June 27, 2026, 7:02 PM IST
| Mumbai
ہدایت کارپریہ درشن کی آنے والی سسپنس تھریلر ’’حیوان‘‘ ۱۱؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم میں اکشے کمار اور سیف علی خان تقریباً دو دہائیوں بعد ایک ساتھ بڑی اسکرین پر نظر آئیں گے۔ میکرز نے فلم کی ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جبکہ فلم کی کہانی کو تاحال خفیہ رکھا گیا ہے۔
سیف علی خان اور اکشے کمار۔ تصویر: آئی این این
اکشے کمار کی ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کی ریلیز کے ایک روز بعد ان کی ایک اور بڑی فلم ’’حیوان‘‘ کی ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہدایت کارپریہ درشن کی اس سسپنس تھریلر میں اکشے کمار کے ساتھ سیف علی خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ سنیچر کو فلم کے پروڈکشن ہاؤس کے وی این پروڈکشن نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ’’حیوان‘‘ ۱۱؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا گیا کہ ’’ایک جنون، ایک انتھک تعاقب، ایک تاریخ جسے آپ یاد رکھنا چاہیں گے۔ حیوان، پریہ درشن کی فلم جس میں سیف علی خان اور اکشے کمار اداکاری کر رہے ہیں۔ ۱۱؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں۔ تاریخ نوٹ کر لیں۔‘‘
’’حیوان‘‘ کو سال کی سب سے زیادہ متوقع ہندی فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ یہ فلم اکشے کمار اور سیف علی خان کو تقریباً ۱۸؍ برس بعد دوبارہ ایک ساتھ بڑی اسکرین پر لے آئے گی۔ اس سے قبل دونوں ’میں کھلاڑی تو اناڑی‘، ’یہ د ل لگی‘، ’تو چور میں سپاہی‘ اور ’ٹشن‘ سمیت متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ’’حیوان‘‘ کی شوٹنگ اگست ۲۰۲۵ء میں شروع ہوئی تھی۔ اس موقع پر اکشے کمار نےپریہ درشن اور سیف علی خان کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’ہم سب ہی ہیں تھوڑے سے شیطان، کوئی اوپر سے سادھو، کوئی اندر سے ’’حیوان۔‘‘ میرے سب سے پسندیدہ کپتان پریہ درشن سر کے ساتھ آج ’’حیوان‘‘ کی شوٹنگ شروع کر رہا ہوں۔ تقریباً ۱۸؍ سال بعد سیف کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا لگ رہا ہے۔‘‘
بعد ازاں دسمبر ۲۰۲۵ء میں فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ ہندوستان ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے اکشے کمار نےپریہ درشن اور سیف علی خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت اچھا ہے کہ میںپریہ درشن جی کے ساتھ دوبارہ کام کر رہا ہوں، اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ میں سیف علی خان کے ساتھ بھی ایک بار پھر کام کر رہا ہوں۔ اتنے طویل عرصے کے بعد ہم دوبارہ ایک ٹیم بن رہے ہیں، اور میں ان کے ساتھ شوٹنگ شروع کرنے کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سمانتھا کی ’’ما انتی بنگارم‘‘ کے سیکوئل پر کام جاری ہے: راج ندیمورو کی تصدیق
فلم کی کہانی کے بارے میں میکرز نے تاحال خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تاہم مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ’’حیوان‘‘پریہ درشن کی ۲۰۱۶ء کی کامیاب ملیالم فلم ’اوپم‘ کا ہندی ریمیک ہے، جس میں اصل مرکزی کردار موہن لال نے ادا کیا تھا۔ اس حوالے سے اب تک کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی۔ اسی طرح یہ رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ موہن لال فلم کے ہندی ورژن میں خصوصی مہمان کردار (کیمیو) کرتے نظر آ سکتے ہیں، تاہم اس کی بھی باضابطہ توثیق نہیں ہوئی۔ فلم میں شریا پلگاؤنکر اور سیامی کھیر بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ حالیہ مہینوں میںپریہ درشن نے متعدد انٹرویوز میں اکشے کمار اور سیف علی خان کے ساتھ اپنی اس فلم کو ایک منفرد سسپنس تھریلر قرار دیتے ہوئے دونوں اداکاروں کی تعریف کی ہے۔