Updated: September 05, 2026, 7:04 PM IST
| Mumbai
اکشے کمار اور سیف علی خان کی فلم ’’حیوان‘‘ کی دنیا بھر میں ریلیز میں صرف ۷؍ دن باقی رہ گئے ہیں۔ فلم کی ریلیز سے قبل میکرز نے لیجنڈری اداکار اسرانی کو خصوصی ویڈیو کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا، جس میں ان کی فلم میں موجودگی کی ایک مختصر جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔ اکشے کمار نے بھی اسرانی کے ساتھ کام کرنے کو اپنی خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے انہیں یاد کیا اور کہا کہ ’’آپ جیسا کوئی اور نہیں ہوسکتا۔‘‘
اکشے کمار اور اسرانی۔ تصویر: آئی این این
بہت زیادہ انتظار کی جانے والی فلم ’’حیوان‘‘ (Haiwaan) کی دنیا بھر میں ریلیز میں اب صرف ۷؍ دن باقی رہ گئے ہیں۔ فلم کی ریلیز سے قبل میکرز نے معروف اور سینئر اداکار اسرانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ہندوستانی سنیما میں ان کی شاندار خدمات اور آنے والی تھرلر فلم سے ان کی وابستگی کو یاد کیا ہے۔ اس خصوصی ویڈیو میں ناظرین کو سینئر اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کو ملتی ہے، جس میں وہ ایک زبردست پنچ لائن ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ اس سے فلم میں ان کی موجودگی کے حوالے سے شائقین کا تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔ اس خراجِ عقیدت پر مبنی ویڈیو میں فلم ’’حیوان‘‘ کا ایک دلچسپ منظر شامل ہے، جس میں اسرانی کو شریب ہاشمی کے ساتھ ایک سین میں دیکھا جاسکتا ہے۔ مختصر سی جھلک میں بھی ان کی موجودگی فلم میں وہ وقار اور گرمجوشی پیدا کرتی محسوس ہوتی ہے جس کیلئے وہ کئی دہائیوں سے جانے جاتے ہیں۔
کئی دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کریئر اور بے شمار یادگار کرداروں کے ساتھ اسرانی مختلف نسلوں کے ناظرین میں مقبول رہے ہیں۔ فلم ’’حیوان‘‘ میں ان کی شمولیت فلم کی جدید کاسٹ کو ایسے سینئر اداکار کے تجربے اور ورثے سے جوڑتی ہے، جن کی خدمات نے ہندی سنیما پر دیرپا اثر چھوڑا ہے۔ اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا، ’’یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے اس لیجنڈ کے ساتھ کام کرنے اور فلم ’’حیوان‘‘ میں ان کا آخری شاٹ دیکھنے کا موقع ملا۔ اسرانی جی، آپ کی بہت یاد آتی ہے...... آپ جیسا کوئی اور نہیں ہوسکتا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’ ’دی ٹریٹرز ۲‘‘ کی جیت پر کرسٹل ڈی سوزا نے رازکھولا، کہا :زیادہ صفائی دیتی تو پکڑی جاتی
’’حیوان‘‘ کے بارے میں
اکشے کمار اور سیف علی خان کے ساتھ بومن ایرانی، سیامی کھیر، شریا پلگاؤکر اور دیگر فنکاروں پر مشتمل کاسٹ والی فلم ’’حیوان‘‘ ایک تاریک اور سنسنی خیز تھرلر کے طور پر پیش کی جارہی ہے، جس کا شائقین کو سنیما گھروں میں بے صبری سے انتظار ہے۔ فلم ’’حیوان‘‘ کو کے وی این پروڈکشنز اور تھیسپیئن فلمز کے بینر تلے وینکٹ کے نارائنا اور شیلجا دیسائی فین نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم ۱۱؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔