• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

الکاراز نے زیوریوکو شکست دے کر اپنا پہلا اے ٹی پی فائنلز خطاب جیتا

Updated: November 23, 2026, 5:08 PM IST | Turin

کارلوس الکاراز نے اتوار کے روز ٹورین میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی الیگزینڈر زویریو کو۲۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دے کر اپنا پہلا اے ٹی پی فائنلز خطاب جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ اور سیزن کے اختتام پر ہونے والی چیمپئن شپ جیتنے والے صرف چوتھے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔

Alcaraz.Photo:X
الکاراز۔ تصویر:ایکس

کارلوس الکاراز نے اتوار کے روز ٹورین میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی الیگزینڈر زویریو کو۲۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دے کر اپنا پہلا اے ٹی پی فائنلز خطاب جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ اور سیزن کے اختتام پر ہونے والی چیمپئن شپ جیتنے والے صرف چوتھے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔
۲۳؍سالہ اسپینی کھلاڑی نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنے پانچوں میچ جیتے۔ انہوں نے راؤنڈ رابن مرحلے کے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کی اور اس کے بعد سیمی فائنل میں امریکی کھلاڑی بین شیلٹن کو شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ الکاراز نے اس سیزن کا اپنا چھٹا اور اپنے کریئر کا ۳۰؍واں خطاب حاصل کیا۔ اس کے علاوہ وہ ۱۹۹۸ء میں الیکس کوریتجا کے بعد اے ٹی پی فائنلز جیتنے والے پہلے اسپینی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ وہ آندرے اگاسی، راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ کی اس فہرست میں شامل ہوگئے ہیں، جنہوں نے چاروں گرینڈ سلیم خطاب اور اے ٹی پی فائنلز جیتے ہیں۔
الکاراز نے کہاکہ یہ ایک شاندار ہفتہ رہا۔ میں اس ہفتے کا اس سے بہتر اختتام نہیں کرسکتا تھا، اس لیے مجھے بہت فخر ہے۔ میں نے اپنے اور اپنی ٹیم کے ساتھ کئی مشکل دور دیکھے ہیں، لیکن ہم ان تمام چیلنجوں سے کامیابی کے ساتھ نکلنے میں کامیاب رہے۔ میں بہترین ٹینس کھیل رہا ہوں، اس لیے میرے لیے یہ ٹرافی اٹھانا ایک ایسا خواب ہے جسے میں طویل عرصے سے پورا کرنا چاہتا تھا۔ یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:گوگل سرچ سے کبھی ۳۹؍ فیصد ٹریفک پانے والے ریڈٹ کے وزٹس میں ۱۳؍ فیصد کمیس

الکاراز نے آغاز ہی سے زیوریو پر اپنا دباؤ برقرار رکھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اتوار کے فائنل سے پہلے پورے ٹورنامنٹ میں زیوریو نے اپنی ایک بھی سروس نہیں گنوائی تھی۔ جرمن کھلاڑی نے اپنے پہلے سروس گیم میں بریک کے تین مواقع بچائے، لیکن الکاراز کے جارحانہ انداز کے سامنے ٹک نہیں سکے۔ انہوں نے تین بار اپنی سروس گنوائی اور اسپینی کھلاڑی نے پہلا سیٹ ۲۔۶؍ سے آسانی کے ساتھ جیت لیا۔


دوسرے سیٹ میں زیوریو نے سخت مقابلہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کی سروس بریک کی، جس کے بعد مقابلہ ٹائی بریک تک پہنچ گیا۔ الکاراز نے  ۰۔۳؍ کی برتری حاصل کرلی، لیکن زیوریونے مسلسل چھ پوائنٹس جیت کر واپسی کی اور سیٹ جیتنے کے تین مواقع حاصل کرلیے۔ اسپینی کھلاڑی نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور سیٹ جیتنے کے تینوں مواقع بچا لیے۔ اس کے بعد انہوں نے بیک ہینڈ ونر کے ذریعے اپنا دوسرا چیمپئن شپ پوائنٹ حاصل کیا، ٹائی بریک ۷۔۹؍ سے جیتا اور خطاب اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھئے:فلمی سیٹ پر شاہ رخ خان کی غیر معمولی توانائی دیکھ کر رضا مراد حیران

الکاراز، جو اس سال کے آغاز میں آسٹریلین اوپن جیت کر کریر گرینڈ سلیم مکمل کرنے والے سب سے کم عمر مرد کھلاڑی بنے تھے، کلائی کی چوٹ کے باعث طویل عرصے تک کھیل سے دور رہے تھے، جس سے ان کا سیزن کافی متاثر ہوا۔ تاہم، اگست میں انہوں نے شاندار واپسی کی اور سال کا اختتام انتہائی مضبوط انداز میں کیا۔ ٹورین میں کامیابی سے پہلے انہوں نے ویانا اور پیرس ماسٹرز میں لگاتار خطاب جیتے تھے۔ اتوار کی جیت کے ساتھ ہی ان کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ ۱۴؍ میچوں تک پہنچ گیا ہے۔ سیزن کے آخری مہینوں میں یہ ان کی شاندار واپسی رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK