Updated: November 23, 2026, 7:08 PM IST
| New Delhi
نیٹ ورک آف ویمن ان میڈیا، انڈیا (این ڈبلیو ایم آئی) نے سپریم کورٹ میں داخل کردہ اپنے جوابی حلف نامے میں خواتین صحافیوں کو ہراساں کرنے کے الزامات پر دہلی پولیس کے مؤقف کو مسترد کر دیا ہے۔ تنظیم نے پولیس کی داخلی جانچ اور صحافیوں کو ’ریل میکرز‘ قرار دینے کے جواز کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واقعے کی آزادانہ تحقیقات اور صحافیوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ آف انڈیا۔ تصویر: آئی این این۔
نیٹ ورک آف ویمن ان میڈیا، انڈیا نے ہفتہ کے روز سپریم کورٹ میں داخل کئے گئے اپنے جوابی حلف نامے میں کہا ہے کہ ایس آئی آر مخالف مظاہروں کے دوران خواتین صحافیوں کو ہراساں کئے جانے کے الزامات کو مسترد کرنے میں دہلی پولیس کا حلف نامہ ناکام رہا ہے، بلکہ اس کے برعکس یہ حلف نامہ ’’خود ان مداخلتوں کی وسعت کو ظاہر کرتا ہے جن کی شکایت کی گئی تھی۔‘‘ اس سے قبل دہلی پولیس نے اپنے حلف نامے میں کہا تھا کہ مظاہروں کے دوران دن میں ۳؍ہزار ۷۴۷؍ اور رات میں ۶۶۴؍ خواتین اہلکار تعینات کی گئی تھیں اور جن خواتین کو موقع سے ہٹایا گیا ان کے ساتھ ایک خاتون افسر موجود تھی۔ اس پر این ڈبلیو ایم آئی نے کہا کہ محض یہ اعداد و شمار پیش کرنے سے ان اہلکاروں کی شناخت نہیں ہوتی جنہوں نے خواتین صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کی اور مزید کہا کہ ’’ہجوم کو قابو کرنےکا علاقہ کوئی ایسا زون نہیں ہے جہاں کسی خاتون کا وقار اور جسمانی حرمت کم ہو جائے۔‘‘ کرائم برانچ کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایات بند کئے جانے پر تنظیم نے کہا کہ شکایات کو یوں بند کرنا ’’اس بنیادی تشویش کو مزید تقویت دیتا ہے جس کے تحت اس پولیس فورس سے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کے اپنے اہلکاروں کے خلاف شکایات درج ہیں۔‘‘ یہ جوابی حلف نامہ دہلی پولیس کی جانب سے نومبر کے وسط میں داخل کئے گئےاس جواب کے بعد سامنے آیا ہے جو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ۱۰؍ اور ۱۱؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس کی مبینہ زیادتیوں، حراست میں لینے اور ہراساں کرنے کے خلاف دائر درخواستوں جن میں این ڈبلیو ایم آئی کی درخواست بھی شامل ہے پر داخل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی عدالت نے ۲۰۱۸ء کے ایک مقدمے میں دھروراٹھی کے خلاف غیرضمانتی وارںت جاری کیا
این ڈبلیو ایم آئی نے سوال اٹھایا کہ جس پولیس پر ہراسانی کا الزام ہے، اسے اپنے ہی اہلکاروں کے خلاف شکایات کی تفتیش کرنے اور انہیں بند کرنے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے؟ تنظیم نے کہا، ’’بالکل اسی وجہ سے ایک آزادانہ انکوائری کی ضرورت ہے۔ کسی خاتون کی شکایت کی پیروی کرنے میں ہچکچاہٹ کو اس بات کا حتمی ثبوت نہیں مانا جا سکتا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا۔‘‘ تنظیم نے مؤقف اختیار کیا کہ ہچکچاہٹ، خوف، دباؤ، بار بار پوچھ گچھ اور نظام پر عدم اعتماد وہ وجوہات ہیں جن کی بنا پر خواتین شکایات واپس لے لیتی ہیں، نہ کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کچھ ہوا ہی نہیں تھا۔ جوابی حلف نامے میں مزید کہا گیا کہ ’’پولیس محض کسی کارروائی کو حراست یا گرفتاری کا نام نہ دے کر ذاتی آزادی میں مداخلت کا جواز پیش نہیں کر سکتی۔‘‘ تنظیم نے یہ دلیل بھی دی کہ ایس آئی آر مخالف احتجاج کے دوران صحافیوں، خصوصاً خواتین کے خلاف کارروائی کرنے کا دہلی پولیس کے پاس کوئی قانونی اختیار نہیں تھا۔ اس نے پولیس کی تیاریوں کے فقدان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ صحافیوں کیلئے مخصوص جگہیں (پریس ایریاز)، رابطہ افسران، محفوظ راستے اور ہیلمٹ کا انتظام کر سکتی تھی۔ این ڈبلیو ایم آئی نے کہا، ’’ خود پولیس کے اپنے بیان کے مطابق، صحافیوں کو اندھا دھند ہٹانا نہ تو ضروری تھا اور نہ ہی متناسب۔‘‘ تنظیم نے سپریم کورٹ پر زور دیا کہ وہ پولیس کے حلف نامے پر انحصار نہ کرے اور صحافیوں کے تحفظ کے اقدامات، آزادانہ جانچ پڑتال اور اس وقت کے سرکاری ریکارڈز پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: اجین میں کی جارہی انہدامی کارروائی پر کانگریس کی تنقید
تنظیم نے مزید کہا کہ پولیس کا حلف نامہ یہ واضح کرنے میں ناکام رہا ہے کہ ہر معاملے میں کیا مخصوص ہدایات جاری کی گئی تھیں، انہیں جاری کرنے والے افسر کا عہدہ کیا تھا، صحافیوں نے مبینہ طور پر ان ہدایات کی کیا خلاف ورزی کی اور کوئی کم پابندی والا طریقہ اپنانے کے بجائے انہیں موقع سے ہٹانا کیوں ضروری تھا۔ صحافیوں کی سرکاری منظوری کے معاملے پر این ڈبلیو ایم آئی نے کہا کہ اسے ’’صحافت کیلئے پولیس کا لائسنسنگ نظام‘‘ نہیں بنایا جا سکتا۔ تنظیم نے نشاندہی کی کہ پولیس نے خود یہ تسلیم کیا ہے کہ آزاد صحافیوں کو پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی ) کی منظوری نہ ہونے کی بنیاد پر خبریں جمع کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ اس کے علاوہ تنظیم نے ایک خاتون صحافی کے معاملے کو بھی اجاگر کیا جن کے خلاف ۱۳؍ اکتوبر کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جبکہ ان کی اپنی شکایت پر ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ این ڈبلیو ایم آئی نے مزید کہا کہ دہلی پولیس کی جانب سے اپنے جوابی حلف نامے میں ’’ریل میکرز‘‘ کی اصطلاح کا سہارا لینا غلط فہمی پر مبنی ہے اور یہ صحافیوں کو روکنے اور حراست میں لینے کیلئے بعد میں گھڑا گیا ایک جواز معلوم ہوتا ہے۔ جوابی حلف نامے میں کہا گیا۔ ’’پولیس خود جوابی حلف نامے کے پیراگراف ۱۶؍ میں تسلیم کرتی ہے کہ پولیس اہلکار ہمیشہ میڈیا اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان فرق نہیں کر سکتے تھے۔ اگر اس وقت کی صورتحال یہی تھی، تو ایسا کوئی واضح پیمانہ موجود نہیں تھا جس کے ذریعے افسران نام نہاد ریل میکرزکی ایک الگ قسم کی نشاندہی کر سکتے۔ اہم بات یہ ہے کہ حلف نامے میں اس وقت کا کوئی ایسا ریکارڈ خواہ ہٹانے کا ہو، حراست کا یا تھانے کا پیش نہیں کیا گیا جس میں پولیس کارروائی کی وجہ `ریل میکر ہونا درج ہو۔‘‘