Inquilab Logo

ریکھا کی اداکاری کے ساتھ رقص کی صلاحیتوں کوبھی سراہا جاتا ہے

Updated: October 10, 2023, 10:14 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں اپنی استقامت کے لیے مشہور اور ہندوستانی سنیما کی بہترین اداکاراؤں میں شمار کی جانے والی ریکھا کو جہاں ان کی بہترین اداکاری کے لیے یاد کیا جاتا ہے وہیں ان کی پراسراریت بھی ان کی جاذب نظر شخصیت کا حصہ رہی ہے۔

Even today people are crazy about Rekha`s performances. Photo: INN
آج بھی لوگ ریکھا کی ادائوں کے دیوانے ہیں۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ میں اپنی استقامت کے لیے مشہور اور ہندوستانی سنیما کی بہترین اداکاراؤں میں شمار کی جانے والی ریکھا کو جہاں ان کی بہترین اداکاری کے لیے یاد کیا جاتا ہے وہیں ان کی پراسراریت بھی ان کی جاذب نظر شخصیت کا حصہ رہی ہے۔
 ریکھاکی پیدائش۱۰؍اکتوبر۱۹۵۴ءکوتمل ناڈوکے شہر مدراس(موجودہ چنئی)میں ہوئی۔ اُن کا حقیقی نام بھانو ریکھا گنیشن ہے۔ ان کے والد تمل اداکار جیمنی گنیشن اوروالدہ تیلگو اداکارہ پشپاویلی ہیں۔ بچپن سےہی تیلگو فلموں سے اپنا فلمی سفر شروع کرنے والی ریکھا کو کافی جدوجہد کرنی پڑی۔انہوں نے اپنے کریئرکاآغاز محض ۱۱؍ برس کی عمرمیں تمل فلموں سےکیا تھا اور رفتہ رفتہ انھوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھے جہاں انھوں نے یش چوپڑا جیسے ڈائریکٹرز کی فلموں میں اپنی اداکاری کے جلوے بکھیرے۔ ریکھا ۱۹۶۹ءمیں ہندی فلم ’دو شکاری‘ میں بطور ہیروئن جلوہ گر ہوئیں اور جلد ہی فلمی دنیا پر راج کرنے لگیں۔
 ۱۹۷۶ءمیں ریکھا نے پہلی بار امیتابھ بچن کےساتھ فلم ’دوانجانے‘ میں کام کیا اور فلم کو امر کردیا۔ اس کے بعد یہ جوڑی نٹور لال، خون پسینہ اوردیگربہت سی فلموں میں ایک ساتھ نظر آئی ۔ ۱۹۷۸ءمیں فلم ’مقدرکا سکندر‘ نے ریکھا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا اورانہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ریکھا کی جوڑی اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ بے حد پسند کی گئی اور دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ ریکھا کی رقص کی صلاحیتوں کو بھی فلم بینوں نے خوب سراہا۔
ریکھا کی کامیاب فلموں میں ساون بھادو، رام پور کا لکشمن، گورا کالا، کہانی قسمت کی، نمک حرام، دھرم کرم، دھرماتما، اتسو، مقدر کا سکندر، سلسلہ، پیار کی جیت، پھول بنے انگارے، زبیدہ، کوئی مل گیا وغیرہ شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔
 یوں تو ریکھا نے ہندی کی متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا۔ لیکن۱۹۸۱ءمیں انہوں نے فلم ’امراؤ جان‘ میں طوائف کا کردار ادا کیا اور اس کردار کو ناقابل فراموش بنا دیا۔ ریکھا نے اس فلم میں ادا کاری کے لیے باقاعدہ اردو زبان سیکھی تھی۔ اسی لیے اشعار و مکالموں کی ادائیگی میں زبردست برجستگی ہے۔ یہ فلم ان کی زندگی میں بہت بڑا موڑ ثابت ہوئی کیونکہ اس کے بعد ان کی کامیابی آسمان کو چھونے لگی۔
ریکھا نے دہلی کے ایک بڑے تاجر مکیش اگروال سے۱۹۹۰ءمیں شادی کی تھی لیکن ایک سال بعد ہی مکیش نےخودکشی کر لی تھی۔ فلم لجا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ یافتہ ریکھاکو۲۰۱۰ء میں اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم شری سے بھی نوازاگیا۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی ریکھااب تک۱۸۰؍ سے زائد فلموں میں کئی لازوال کردار نبھا چکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK