Updated: November 01, 2026, 5:08 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کے دو معروف اداکاروں شاہ رخ خان اور انیل کپور کی دوستی کئی دہائیوں پرانی ہے۔ حال ہی میں انیل کپور نے شاہ رخ کے فلمی سفر کے ابتدائی دنوں کی ایک یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کبھی اسی بنگلے میں فلم کی شوٹنگ کی تھی جو آج شاہ رخ خان کی پہچان بن چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شاہ رخ نے ممبئی میں اپنے ابتدائی دنوں میں سمندر کنارے ایک شاندار گھر کا خواب دیکھا تھا، جسے بعد میں ’منت‘ خرید کر پورا کیا۔
انیل کپور اور شاہ رخ خان۔ تصویر: آئی این این
شاہ رخ خان نے ۱۹۸۰ء کی دہائی کے اواخر میں ٹیلی ویژن سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا، تاہم بالی ووڈ میں انہیں ۱۹۹۲ء کی فلم ’’دیوانہ‘‘ سے بڑی کامیابی ملی۔ اداکار انیل کپور نے حال ہی میں شاہ رخ خان کے فلمی کریئر کے آغاز سے پہلے ان سے اپنی پہلی ملاقات کا واقعہ بیان کیا۔ انیل کپور نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے ۱۹۸۸ء میں اپنی فلم ’’تیزاب‘‘ کی شوٹنگ اسی بنگلے میں کی تھی جو بعد میں شاہ رخ خان کا مشہور گھر ’منت‘ بنا، حالانکہ اس وقت شاہ رخ نے یہ جائیداد خریدی بھی نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھئے: سکیش چندر شیکھر کے ۲۰۰ ؍کروڑ روپے کے وصولی معاملے میں نورا فتحی کو سمن
اس وقت اسٹار پلس کے ریالٹی شو ’’انڈیا کے ٹاپ ون پرسنٹ‘‘ کی میزبانی کرنے والے انیل کپور نے تازہ قسط میں مقابلے کے شرکا سے پوچھا کہ اگر وہ ایک کروڑ روپے جیت جائیں تو کیا کریں گے؟ اس پر ایک خاتون امیدوار نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان کے گھر ’منت‘ جیسا گھر خریدنا چاہیں گی۔ اس موقع پر انیل کپور نے شاہ رخ خان سے بالی ووڈ میں ان کے ڈیبیو سے پہلے ہونے والی ملاقات یاد کرتے ہوئے کہا، ’’شاہ رخ صاحب اور میں کئی برسوں سے بہت قریبی دوست ہیں۔ وہ مجھ سے اس وقت ملنے آئے تھے جب میں فلم ’’بے نام بادشاہ‘‘ کی شوٹنگ کر رہا تھا۔ انہیں دیکھ کر اور ان کی آنکھوں میں جھانک کر مجھے محسوس ہوا کہ وہ ایک بہت بڑے اسٹار بنیں گے۔ وہیں سے ہمارے تعلقات کا آغاز ہوا اور وقت کے ساتھ ہماری دوستی مزید گہری ہوتی گئی۔‘‘
شاہ رخ خان کے مشہور بنگلے ’منت‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انیل کپور نے کہا، ’’مجھے یاد ہے کہ میں نے اپنی آنکھوں کے سامنے انہیں ’منت‘ خریدتے دیکھا تھا۔ اس جائیداد میں، اس کے شاہ رخ خان کا گھر بننے سے پہلے، میں نے فلم ’’تیزاب‘‘ کی شوٹنگ بھی کی تھی۔‘‘ یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے سال ۲۰۰۰ء میں باندرہ کے بینڈ اسٹینڈ پر واقع یہ بنگلہ خریدا تھا۔ فی الحال اس کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے اور خان خاندان گزشتہ سال عارضی طور پر اس گھر سے منتقل ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ میں موہت ملک نے بیرجو جیسے پیچیدہ کردار کو نبھانے کا تجربہ بیان کیا
’منت‘ خریدنے سے پہلے شاہ رخ خان ۱۹۹۱ء میں ممبئی آنے کے بعد اپنے دوستوں کے ساتھ ایک فلیٹ میں رہتے تھے۔ انیل کپور نے بتایا، ’’ہم کارٹر روڈ پر ملا کرتے تھے، جہاں شاہ رخ کا ایک فلیٹ تھا۔ ان کا بھی سمندر کے کنارے ایک شاندار بنگلہ خریدنے کا خواب تھا اور انہوں نے اپنا یہ خواب پورا کرلیا۔‘‘ انیل کپور اور شاہ رخ خان ۱۹۹۵ء کی فلم ’تری مورتی‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، تاہم یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی تھی۔ دوسری جانب، انیل کپور جلد ہی فلم ’’کنگ‘‘ میں ایک بار پھر شاہ رخ خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم ۲۴؍ دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم میں دپیکا پڈوکون، شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان، رانی مکھرجی، ارشد وارثی، جے دیپ اہلاوت اور ابھیشیک بچن سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔