Inquilab Logo

سالگرہ اسپیشل:’راجا بابو‘گووندا نے فلم بینوں کے دلوں پر ’راج ‘ کیا

Updated: December 22, 2022, 1:06 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ میں اپنے ڈانسنگ اسٹائل اور مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص پہچان بنانے والے گووندا بدھ کے روز ۵۹؍ برس کے ہوگئے۔

Govinda photo;INN
گووندا تصویر :آئی این این

بالی ووڈ میں اپنے ڈانسنگ اسٹائل اور مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص پہچان بنانے والے گووندا بدھ کے روز ۵۹؍ برس کے ہوگئے۔۲۱؍ دسمبر ۱۹۶۳ء کو پیدا ہونے والے گووندا کا تعلق فلمی گھرانے سے تھا۔ ان کے والد ارون آہوجا ایک اداکار تھے جبکہ والدہ نرملا دیوی نے ۴۰ء کی دہائی میں بطور  اداکارہ فلموں میں کام کیا۔ بچپن سے گووندا بھی اداکار بننے کا خواب دیکھتے تھے۔ گووندا نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز ۱۹۸۶ء  میں ریلیز فلم ’الزام‘ سے کیا۔ اس فلم میں ان پر فلمایا گیا گانا’اسٹریٹ ڈانسر‘بہت مقبول ہوا، اس فلم کی کامیابی کے بعد گووندا کی تصویر ڈانسنگ اسٹار کی بن گئی اور فلمسازوں نے اپنی فلموں میں اس تصویر کا فائدہ اٹھایا۔ الزام میں نیلم کے ساتھ گووندا کی جوڑی  کافی پسند کی گئی۔ اس فلم کے بعد نیلم اور گووندا نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، ان فلموں میں محبت۸۶، خودغرض، ہتیا، سندور، فرض کی جنگ، طاقتور اور دو قیدی شامل ہیں۔ گووندا کے فلمی سفر میں ڈیوڈ دھون کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا۔۱۹۸۹ء میں گووندا نے ہدایت کار ڈیوڈ دھون کے ساتھ پہلی بارطاقتور میں کام کیا۔ فلم کو ٹکٹ کھڑکی پر اوسط کامیابی ملی لیکن اس فلم کے بعد ڈیوڈ دھون اور گووندا کی جوڑی بن گئی۔  ۱۹۹۳ء  میں گووندا کو لے کر  ڈیوڈ دھون نے  ’آنکھیں‘  بنائی  جو ہٹ ثابت ہوئی۔   اس فلم کا شمار ہندوستانی سنیما کی تاریخ کی بلاک بسٹر فلموں میں ہوتا ہے۔ آنکھیں کی بلاک بسٹر کامیابی کے بعد گووندا - ڈیوڈ  دھون کی جوڑی نے  قلی نمبر ون، ہیرو نمبر ون، ساجن چلے سسرال، بڑے میاں چھوٹے میاں، راجہ بابو، دیوانہ مستانہ، دولہے راجہ، حسینہ مان جائے گی، جوڑی نمبر ون اور پارٹنر وغیرہ فلمیں دیں۔ ۲۰۰۴ء میں گووندا نے سیاست  کے میدان میں قدم رکھا اور کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا کا الیکشن جیتا۔ فی الحال وہ سیاسی میدان سے بھی دور ہوچکے ہیں۔ گووندا نے ۳؍ دہائیوں پر مشتمل اپنے کریئر میں تقریباً۱۶۰؍ سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK