Inquilab Logo

مانچسٹر سٹی فٹبال کلب انگلش پریمیر لیگ میں دوسری پوزیشن پر قابض

Updated: April 30, 2024, 11:18 AM IST | Agency

ناٹنگھم فاریسٹ کو ۰۔۲؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ ٹاپ پوزیشن پر موجود آرسنل سے ایک پوائنٹ پیچھے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

 انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل )میں اس وقت خطاب کی دوڑ دلچسپ ہوگئی ہے اور ٹاپ ۳؍ فٹبال کلب ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس وقت ٹاپ ۲؍ فٹبال کلب آرسنل اور مانچسٹر سٹی کے درمیان زبردست مقابلہ آرائی ہے۔ ان دونوں کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے اور یہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں۔ 
 اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں آرسنل فٹبال کلب نے پہلے ٹوٹنہم ہاٹسپر کو شکست دی اور اس کے بعد مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے ناٹنگھم فاریسٹ کو اس کے ہی میدان پر زیر کردیا۔ سٹی کی ٹیم نے ۰۔ ۲؍گول سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پورے ۳؍پوائنٹس لئے اور ٹاپ پر موجود آرسنل پر دباؤڈالا۔ 
 آرسنل کے اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر ۳۵؍ میچوں میں ۸۰؍ پوائنٹس ہیں۔ دوسری طرف مانچسٹر سٹی کے ۳۴؍ میچوں میں ۷۹؍ پوائنٹس ہیں۔ دونوں کے پاس چمپئن شپ جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔ آرسنل کو ۳؍میچ کھیلنے ہیں او ر سٹی کو ۴؍ میچوں میں شرکت کرنی ہے۔ ای پی ایل میں خطاب کی جنگ زبردست مرحلے میں ہیں اور یہ دلچسپ ہوتی جارہی ہے۔ مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی ہر میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لحاظ سے کھیل رہے ہیں اور حریف ٹیم کو زیر کررہے ہیں۔ 
 اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں مانچسٹر سٹی کی جانب سے صرف ۲؍ گول ہوئے۔ میچ کا پہلا گول جےگوارڈیول نے ۳۲؍ویں منٹ میں کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد کیوی ڈی برائن نے کی۔ اس کے بعد میچ کے دوسرے ہاف میں دوسرا گول ہوا۔ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ نے دوسرا گول کیا اورناٹنگھم فاریسٹ کی اس کے ہی میدان پر شکست یقینی بنا دی۔ گول کرنے میں ارلنگ ہالینڈ کی مدد ایک بار پھر کیون ڈی برائن نے کی۔ میچ کے اختتام پر اسکور ۰۔ ۲؍ گول رہا اور سٹی نے پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ 
 میچ کے بعد مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالا نے کہاکہ اب ہمیں ہر میچ کو جیتنا ہوگا۔ یہاں سے کوئی بھی لاپروائی ہمیں خطاب سے محروم کرسکتی ہے۔ ہمارے کھلاڑی اچھے فارم میں ہیں اور وہ انجری کا شکا ربھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے اگلے مقابلے اہم ہیں اور ہم کوشش کریں گے کہ آرسنل پر دباؤڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر گول فرق سے جیتنے کی بات آتی ہے تو ہم ان سے پیچھے رہیں گے کیونکہ آرسنل کے کھلاڑیوں نے اس سیز ن میں بہت زیادہ گول کئے ہیں۔ وہ لیورپول سے بھی اسی مناسبت سے آگے ہوئے تھے۔ گارڈیالا نے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ ارلنگ ہالینڈ اب انجری سے صحتیاب ہوکر ٹیم میں لوٹ آئے ہیں اور وہ اچھا پرفارم بھی کررہے ہیں۔ ہماری کوشش یہی ہے کہ ہم ای پی ایل کا خطاب جیتیں اور اپنے شائقین کو سرخرو ہونے کا موقع فراہم کریں۔ آرسنل کو کمتر سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گےکیونکہ وہ بھی مضبوط ٹیم ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK