’پیپل اگینسٹ ایس آئی آر‘ نے ۲۶؍ نومبر سے ۲۰؍ دسمبر تک کےاحتجاجی پروگراموں کی تفصیل پیش کی۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 1:34 PM IST | Agency | New Delhi
’پیپل اگینسٹ ایس آئی آر‘ نے ۲۶؍ نومبر سے ۲۰؍ دسمبر تک کےاحتجاجی پروگراموں کی تفصیل پیش کی۔
تہواروں کےموسم کیلئے احتجاج کو موقوف رکھنے کے بعد ’پیپل اگینسٹ ایس آئی آر‘ نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ۲۶؍ نومبر سے پھر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ ’پیپل اگینسٹ ایس آئی آر مختلف تنظیموں کااتحاد ہے ، جس نے ۲۶؍ نومبر سے ۲۰؍ دسمبر تک کے احتجاجی پروگراموں کی تفصیل عام کی ہے۔
کسانوں، مزدوروں، زرعی مزدوروں، آدیواسیوں، دلتوں، اقلیتوں، طلبہ، نوجوانوں اور خواتین سے وابستہ تنظیموں کے ساتھ مل کر احتجاجی پروگرام منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ پیپل اگینسٹ ایس آئی آر ان مظاہروں کو دہلی سے اضلاع اور دیہات تک لے جائے گا۔ اس کا فیصلہ ’پیپل اگینسٹ ایس آئی آر‘ کے ورکنگ گروپ کی میٹنگ میں کیا گیا۔’جمہوریت کی بازیابی‘ (ری کلیم ڈیموکریسی) مہم کے تحت ۲۶؍ نومبر کو’ یومِ دستور ‘کے موقع پر ملک بھر میں ووٹ دینے کے حق اور روزگار کے تحفظ کیلئے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ یہ مہم ۲۰؍ دسمبر کو ختم ہوگی۔
منتظمین کے مطابق ان ۲۵؍ دنوں کے دوران ملک بھر میں عوامی جلسے، ریلیاں اور انتخابی فہرستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ مہم ملک گیر سطح پر زمینی بیداری مہم کی بنیاد بھی بنے گی جس کے ذریعے لوگوں کو’’ مودی- امیت شاہ حکومت ‘‘کی جانب سے ان کے حق رائے دہی اور ِ احتجاج کے حق پر کئے جانے والے حملوں سے آگاہ کیا جائے گا۔تنظیموں کا منصوبہ ہے کہ ۱۰ دسمبر کو ’یومِ انسانی حقوق‘ کو ’ یوم ِ حق ِاحتجاج ‘ کے طور پر منایا جائے۔
جمعرات کو ورکنگ گروپ کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اداکار اور سماجی کارکن پرکاش راج نے کہاکہ ’’الیکشن کمیشن نے کئی بار اپنے فیصلوں سے یوٹرن لیا ہے۔ ہم کئی مہینوں سے کہہ رہے تھے کہ یہ فیصلے غلط ہیں۔ آپ (الیکشن کمیشن) نے زہر گھول دیا اور اب آپ اس زہر کوکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایس آئی آر ایک سازش تھی اور اس کے پیچھے بی جے پی ہے۔‘‘سماجی کارکن انجلی بھاردواج نے بتایاکہ فارم ۶؍ کے استعمال اور دیگر معاملات پر الیکشن کمیشن کے فیصلوں سے پیچھے ہٹنے کا عمل ایس آئی آر کی مخالفت کرنے والوں کی ’’شاندار کامیابی‘‘ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’ہمارا مطالبہ ہے کہ ایس آئی آر کو منسوخ کیا جائے اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف کارروائی کی جائے۔‘‘انہوں نے مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹ سے نام حذف کیے جانے کے بعد دوبارہ اندراج کیلئےفارم ۶ ؍کے استعمال کو منسوخ کیا جائے اور ایسے ووٹروں کو انومریشن فارم جمع کرانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے سوال کیا، ’’حذف کیے گئے ووٹروں کے لیے دو الگ الگ راستے کیسے ہو سکتے ہیں؟‘‘ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ۷؍ریاستوں میں ووٹر فہرست سے حذف کئے گئے ناموں کے دوبارہ اندراج کے لیے انومریشن کے فارم جمع کرانے کی اجازت دی ہے۔ انومریشن فارم وہ فارم ہے جو ایس آئی آر کا عمل شروع ہونے کے بعد پہلے مرحلہ میں ووٹر لسٹ میں موجود تمام افراد کے نام جاری کیا گیاتھا۔
مظاہرین نے ۲۶؍نومبر سے شروع ہونےوالے احتجاج کے دوران ’’ہر گلی کو جنتر منتر میں تبدیل‘‘ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیاہے۔ نئی دہلی میں جنتر منتر کو احتجاج کیلئےمختص مقام کے طور پر دوبارہ نوٹیفائی کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا جائے گا۔۲۰؍ دسمبر کو بوتھ کی سطح پر میٹنگیں منعقد کی جائیں گی، جن میں قراردادیں منظور کرکے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے مطالبہ کیا جائے گا کہ ایس آئی آر کو منسوخ کیا جائے اور مزید انتخابات کے اعلان سے قبل ہر شہری کا حقِ رائے دہی بحال کیا جائے۔