بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری معاملہ میں سزا یافتہ مجرموں میں سے دو مجرموں کی ضمانت سپریم کورٹ نے منظور کرلی ہے۔ عدالتی بنچ کا کہنا ہے کہ مجرم ۱۷؍ سال سے زیادہ عرصے سے حراست میں ہیں اور ان میں سے ایک شدید معذور ہے۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 8:00 PM IST | New Delhi
بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری معاملہ میں سزا یافتہ مجرموں میں سے دو مجرموں کی ضمانت سپریم کورٹ نے منظور کرلی ہے۔ عدالتی بنچ کا کہنا ہے کہ مجرم ۱۷؍ سال سے زیادہ عرصے سے حراست میں ہیں اور ان میں سے ایک شدید معذور ہے۔
سپریم کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور قتل کیس میں سزا یافتہ دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی ہے اور اس کی وجہ ان کا ۱۷؍ سال سے زائد عرصے تک جیل میں رہنا قرار دیا ہے۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنا بی ورالے پر مشتمل بنچ نے ۲۸؍ اکتوبر کو دونوں مجرموں کی ان درخواستوں پر یہ حکم صادر کیا جو انہوں نے بامبے ہائی کورٹ کے ۲۰۱۷ء کے فیصلے کے خلاف دائر کی تھیں۔ بامبے ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں ان کی سزا اور جرم ثابت ہونے کی توثیق کی تھی۔ یہ دونوں مجرم ان ۱۱؍ افراد میں شامل ہیں جن کی اگست ۲۰۲۲ء میں گجرات حکومت کی جانب سے کی گئی قبل از وقت رہائی کو سپریم کورٹ نے ۲۰۲۴ء میں منسوخ کر دیا تھا۔ عدالتی بنچ نے مشاہدہ کیا کہ ان اپیلوں میں ایسے قانونی اور واقعاتی نکات اٹھائے گئے ہیں جن پر غور و فیصلہ ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کے ہاتھوں کیرالا میں خواتین کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح
عدالتی حکم میں کہا گیا،’’ فریقین کو سننے کے بعد، یہ کہنا کافی ہے کہ اپیل کنندگان ۱۷؍ سال سے زیادہ عرصے سے قید میں ہیں اور یہ حقیقت بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ ان میں سے ایک شدید معذور ہے۔ یقیناً اس اپیل میں حقائق اور قانون دونوں لحاظ سے ایسے معاملات موجود ہیں جن کا فیصلہ کیا جانا باقی ہے۔‘‘ ٹرائل کورٹ نے ان دونوں ملزمان کو تعزیراتِ ہند (آئی پی سی)کی دفعات ۱۴۳؍ (غیر قانونی اجتماع)، ۱۴۸؍ (فساد برپا کرنا)، ۳۰۲؍(قتل) اور دفعہ ۳۷۶؍ (عصمت دری) کے تحت مجرم قرار دیا تھا۔ انہیں گجرات کے ضلع پنچ محل کے گودھرا ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر سے شروع ہونے والے مقدمے میں جرمانے کے ساتھ عمر قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔ مجرموں کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر ایڈووکیٹ سدھارتھ لوتھرا نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل ۱۷؍ سال سے زیادہ عرصہ حراست میں گزار چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ ملزمان میں سے ایک کا نام ابتدائی ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا اور اسے واقعے کے تقریباً تین سال کے طویل عرصے بعد اس مقدمے میں پھنسایا گیا۔ بنچ کو مزید بتایا گیا کہ ملزمان میں سے ایک شدید معذوری کا شکار ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ہر دور میں اسلامی تہذیب کی حفاظت عورتوں نے ذمہ داری کیساتھ کی‘‘
ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجہ ٹھاکرے نے ضمانت کی اس درخواست کی ’’سخت مخالفت‘‘ کی۔ انہوں نے دلیل دی کہ دونوں نچلی عدالتوں نے خاص طور پر جرم کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئےریکارڈ پر موجود متعلقہ شواہد کا بغور جائزہ لیا تھا۔ تاہم، بنچ اس دلیل سے متاثر نہیں ہوا۔ عدالت نے کہا، ’’مذکورہ بالا حقائق اور اس اپیل میں شامل نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم متعلقہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے عائد کی جانے والی شرائط و ضوابط کے تحت اپیل کنندگان کی سزا معطل کرتے ہیں اور انہیں ضمانت دیتے ہیں۔‘‘ اس اپیل کو ’’اپنی مقررہ باری پر‘‘ سماعت کیلئے درج کیا جائے گا۔