ہندوستان کے لکشیا سین بی ڈبلیو ایف عالمی ٹور فائنلس میں اپنی جگہ پکی کرنے کے لیے منگل سے شروع ہونے والے ہانگ کانگ اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی مہم کی قیادت کریں گے۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 8:02 PM IST | Hong Kong
ہندوستان کے لکشیا سین بی ڈبلیو ایف عالمی ٹور فائنلس میں اپنی جگہ پکی کرنے کے لیے منگل سے شروع ہونے والے ہانگ کانگ اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی مہم کی قیادت کریں گے۔
ہندوستان کے لکشیا سین بی ڈبلیو ایف عالمی ٹور فائنلس میں اپنی جگہ پکی کرنے کے لیے منگل سے شروع ہونے والے ہانگ کانگ اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی مہم کی قیادت کریں گے۔ ہائیلو اوپن اور کما موٹو ماسٹرز جاپان میں لگاتار خطاب جیتنے کے بعد لکشیا کے بی ڈبلیو ایف عالمی ٹور فائنلس کی دوڑ کی درجہ بندی میں چھٹے مقام پر پہنچنے کی امید ہے، جس سے وہ سیزن کے اختتام پر ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے ٹاپ ۸؍ کھلاڑیوں میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ تاہم، لکشیا کو ابھی بھی ۹؍ سے ۱۳؍ دسمبر تک چین کے ہانگژو میں ہونے والے ۲۰۲۶ء بی ڈبلیو ایف عالمی ٹور فائنلس کے لیے اپنی جگہ یقینی بنانی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:رونالڈینو۱۱؍ سال بعد دوبارہ مسابقتی مقابلے میں شرکت
جاپان کے کوکی واتانابے، جنہیں لکشیا نے کما موٹو ماسٹرز جاپان کے فائنل میں شکست دی تھی، اور پیرس ۲۰۲۴ء کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے تھائی لینڈ کے کھلاڑی کنلاوت ویتیدسارن بھی اس دوڑ میں شامل ہیں اور وہ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کو ٹاپ ۸؍سے باہر کر سکتے ہیں۔ ہانگ کانگ اوپن کوالیفکیشن مرحلے کا آخری ٹورنامنٹ ہے اور مردوں کے سنگلز مقابلے میں لکشیا، واتانابے اور ویتیدسارن کی کارکردگی سے آخری جگہوں کا فیصلہ ہوگا۔ سیزن کے آخری ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ پکی کرنے کے لیے لکشیا کو ہانگ کانگ میں سیمی فائنل تک پہنچنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے:سلمان خان اور سونو سود نے اداکار شرد کپور کی مدد کے لیے بڑھایا ہاتھ
ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی اپنی مہم کا آغاز مقامی پسندیدہ کھلاڑی لی چیوک ییو کے خلاف کریں گے، جبکہ کنلاوت ویتیدسارن کا مقابلہ کوالیفائنگ مرحلے سے آنے والے ایک کھلاڑی سے ہوگا۔ اگر لکشیا اور تھائی کھلاڑی دونوں اپنے ابتدائی مقابلے جیت جاتے ہیں تو دوسرے دور میں ان کے درمیان ایک اہم مقابلہ ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب واتانابے مقابلوں کے جدول کے دوسرے حصے میں ہیں۔ سابق عالمی نمبر ایک کدامبی سری کانت مردوں کے سنگلز مقابلے میں دوسرے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔
خواتین کے سنگلز مقابلے میں ۶؍ہندوستانی کھلاڑی حصہ لیں گی، حالانکہ ۲؍ مرتبہ کی اولمپک تمغہ یافتہ پی وی سندھو اس میں شامل نہیں ہیں، کیونکہ وہ پہلے ہی بی ڈبلیو ایف عالمی ٹور فائنلس کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ انمول کھرب، انّتی ہڈا، دیویکا سہاگ اور رکشیتا رام راج بھی مقابلے میں حصہ لیں گی، جبکہ اشمیتا چالیہا اور ایشارانی بروا ابتدائی دور کے ایک ہندوستانی مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔مردوں کے ڈبلز مقابلے میں عالمی درجہ بندی میں چھٹے مقام پر موجود ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کے ساتھ ہری ہرن امساکرونن اور ایم آر ارجن بھی شامل ہیں۔ عالمی چیمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی ترشا جولی اور گایتری گوپی چند خواتین کے ڈبلز مقابلے میں ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گی، جبکہ ہری ہرن امساکرونن اور تنیشا کرسٹو، نیز دھروو راوت اور منیشا مکسڈ ڈبلز مقابلے میں حصہ لیں گے۔