فلم اداکارہ انورادھا اُپادھیائے کا کہنا ہےکہ میں جس رول کے ساتھ انصاف کرسکتی ہوں اسے نبھانے کیلئے پوری محنت کرتی ہوں اوراسی حوالے سے اپنی پہچان چاہتی ہوں۔
EPAPER
Updated: October 05, 2025, 11:51 AM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
فلم اداکارہ انورادھا اُپادھیائے کا کہنا ہےکہ میں جس رول کے ساتھ انصاف کرسکتی ہوں اسے نبھانے کیلئے پوری محنت کرتی ہوں اوراسی حوالے سے اپنی پہچان چاہتی ہوں۔
اداکارہ انورادھا اپادھیائے ٹی وی انڈسٹری کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری میں بھی اپنی پہچان بنا رہی ہیں۔ انہوں نے چند ٹی وی شوز کئے ہیں اور اب وہ ویڈیو البم میں بھی نظرآرہی ہیں۔ ان کا ویڈیو البم بارشاں حال ہی میں ریلیز ہواہے اور اس کا ایک گیت بارشاں منظر عام پر آگیا ہے۔ جلد ہی اس کے مزید ۲؍ گیت شائقین کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ اس کے بعد وہ ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہوجائیں گی۔ دہلی میں رہنے والی انورادھا فلمی پس منظر سے تعلق نہیں رکھتی ہیں لیکن انہوں نے اپنی محنت کے ذریعہ پہلے تھیٹر اور پھر ٹی وی شوز میں کام حاصل کرلیا۔ اب وہ اپنی فنکاری کے ذریعہ انڈسٹری میں جگہ بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ نمائندہ انقلاب نےفلم اور ٹی وی اداکارہ انورادھا اپادھیائے سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت کون سے ٹی وی شومیں مصروف ہیں ؟
ج:اس وقت میں کوئی ٹی وی شوز نہیں کررہی ہوں بلکہ اپنے ویڈیو البم بارشاں میں مصروف ہوں۔ اس کا ایک گیت بارشاں ریلیز ہوچکا ہے اور اگلا گیت اس ماہ کی ۱۰؍ تاریخ کو جاری کیا جائے گا۔ اس کے بول ہیں ’رم جھم بارش’ اس کے بعد۲۰؍ اکتوبر کو تیسرا گیت وعدہ ریلیز کردیا جائے گا۔ اس طرح یہ پورا مہینہ میں گیتوں میں مصروف رہنے والی ہوں۔ اس وقت میں ان کی تشہیر میں الگ الگ مقامات پر جارہی ہوں۔ ان تینوں میں میں نے الگ الگ اسٹارس کے ساتھ کام کیاہے۔
ان گیتوں کے ساتھ آپ کہیں اور بھی مصروف ہیں ؟
ج: یہ ویڈیو البم کا پروجیکٹ ختم ہونے کے بعد میں جنوبی ہند کی انڈسٹری کا رخ کرنے والی ہوں کیونکہ میں نے وہاں ایک فلم سائن کی ہے۔ اس کے بارے میں میں زیادہ نہیں بتا سکتی۔ یہ تمل انڈسٹری کا بہت بڑا پروڈکشن ہاؤس ہے جس کا نام ’گڈس پروڈکشن‘ ہے۔ امیدہے کہ جلد ہی اس کی شوٹنگ شروع ہوجائے گی اور میں وہاں مصروف ہوجاؤں گی۔ دیکھتے ہیں اس کے بعد میرے حصے میں کون سا پروجیکٹ آتاہے۔
آپ کا تعلق فلمی پس منظر سے نہیں ہے، ایسے میں آپ نے کس طرح یہاں جگہ بنائی ؟
ج:انڈسٹری میں نئے لوگوں کا آنا ہی سب سے بڑا چیلنج ہے۔ میرا یہ ماننا ہے کہ ہماری انڈسٹری بہت اچھی ہے جو نئے لوگوں کو قبول کرلیتی ہے اور انہیں کام بھی دیتی ہے۔ نئے لوگوں کیلئے سب سے بڑا چیلنج یہ ہوتاہے کہ انہیں انڈسٹری کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہوتی ہے، انہیں یہاں کا رہن سہن معلوم نہیں ہوتاہے۔ میری جیسی لڑکی جو ایک کاروباری خاندا ن سے تعلق رکھتی ہے، اس کیلئے اور زیادہ مشکلات ہوتی ہیں، لیکن ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم یہاں اپنی قابلیت کے دم پر جگہ بنالیں۔
یہاں آنے کیلئے آپ کو فیملی سپورٹ کتنا ملا تھا؟
ج:میرے خاندان کی خواتین نے میرے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔ خاص کر میری والدہ اور دادی نے ہرموڑ پر میرا ہاتھ تھاما ہے، میری حوصلہ افزائی کی ہے اور نئی نئی چیزیں کرنے کی ترغیب دی ہے۔ ان کے علاوہ میرے گھر کی خواتین نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے۔ جب بھی مجھے ان کی مدد کی ضرورت پیش آئی انہوں نے کبھی منع نہیں کیا اور ہمہ وقت میری مدد کیلئے تیار رہیں۔
اداکاری کا شعبہ منتخب کرنے کا فیصلہ کس طرح کیا؟
ج:میں ایک چائلڈ ماڈل رہی ہوں۔ میں نے ۹؍ برس کی عمر میں ہی ماڈلنگ شروع کر دی تھی اور لیکمے اور میکس جیسے برانڈس کیلئے ماڈلنگ کی تھی۔ میں نے دہلی میں بہت سے چھوٹے بڑے’ ایف ایم سی جی‘ برانڈس کیلئے بھی ماڈلنگ کی ہے۔ ماڈلنگ کرتے کرتے میں سمجھ گئی تھی کہ میں اداکاری بھی کرسکتی ہوں، لہٰذا پہلے ہی سے میں نے اس جانب توجہ دینی شروع کردی تھی۔ میری پسندیدہ اداکارہ کنگنا راناوت ہیں، ان کی ہی طرح میں نے بھی کچھ نیا اور بولڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بس ان کے ہی نقش قدم پر چلتے ہوئے میں نے اداکاری میں قسمت آزمائی ہے۔
’بارشاں‘ویڈیو البم کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
ج:بارشاں ویڈیو البم بنانے والی پروڈیوسر شیفالی نے مجھے کہاتھا کہ وہ مجھے بالی ووڈ میں لانچ کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے اس سے پہلے ایک فلم بنائی ہے لیکن اس بار ان کا خیال تھاکہ ہم پہلے اپنا ویڈیو البم ریلیز کرکے انڈسٹری میں تھوڑی ہلچل کریں گے اور اس کے بعد فلم بنائیں گے۔ اب گیت تو تیار ہوگیا تھا لیکن ویڈیو البم کیلئے کسی مرد چہرے کی تلاش تھی۔ کسی نے مجھ سے کہاکہ شرد ملہوترا یہ ویڈیو البم کرنے والے ہیں۔ میں بہت خوش تھی کہ کیونکہ میں نے انہیں ٹی وی پر بہت دیکھا ہے۔ ان کے ساتھ کام کرنے کامطلب میرا خواب پورے ہونے جیسا تھا۔ وہ بہت اچھے انسان ہیں۔ شوٹنگ کے دوران وہ بہت سپورٹ کرتے تھے اور کبھی احساس نہیں ہونے دیتے تھے کہ وہ سینئر ہیں اور آپ جونیئر ہیں۔ ان کے ساتھ ایک گیت کرکے بھی بہت خوشی ہوئی تھی۔
آپ کس طرح کے رول کو ترجیح دینا پسند کریں گی؟ کیا آپ بتائیں گی کہ شہرت کیلئے کیا ضروری ہے؟
ج:میں کنگنا راناوت کی مداح ہوں۔ انہوں نے فلم ’کوئین‘ میں جو رول نبھایا تھا، وہی رول میں بھی نبھانا چاہوں گی۔ انہوں نے ’تنوویڈس منو‘ میں جو کام کیا تھا وہ بھی میں کرنا چاہوں گی۔ میں جس رول کے ساتھ انصاف کرسکتی ہوں وہ رول کرنا پسند کروں گی۔ دوسری بات شہرت کی تو اس کیلئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے، وہ بغیر محنت کے حاصل نہیں کی جاسکتی۔ میں یہی چاہوں گی کہ جو کام یا رول ملے اسے بہت محنت کے ساتھ کروں اور شہرت حاصل کرنے کی کوشش کروں۔
ایکٹنگ کے ساتھ اورکیا کرنا پسند ہے؟
ج:ایکٹنگ کےساتھ میں سوشل ورک کرنا پسند کرتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ بزرگوں اور یتیم بچو ں کیلئے کام کرتی رہوں۔ میں اگراداکارہ نہیں ہوتی تو سوشل ورکر ہوتی اور بزرگوں اور بچوں کے ساتھ وقت گزار رہی ہوتی۔ میں نے ۲؍ سال قبل دیوالی کے موقع پر دہلی میں نابیناؤں کے ایک اسکول میں جاکر بچوں کی خدمت کی تھی۔ وہ بچے دیوالی کیلئےدیئے بناتے تھے، میں نے ان کے ساتھ کافی وقت گزارا تھا۔ میں ان کیلئے تحائف لے جاتی ہوں۔ تحفوں کو دیکھ ان کے چہرے پر جو مسکان اور خوشی ہوتی ہے، وہ قابل دیدہوتی ہے۔ میں بزرگوں اور بچوں کیلئے فلاحی کام کرنے والے اداروں میں عطیہ کرنا چاہتی ہوں۔
اب جبکہ آپ نے فلموں میں کام شروع کردیا ہےتو کیا ٹی وی سے بریک لے رہی ہیں ؟
ج:میں ٹی وی سے بریک نہیں لوں گی کیونکہ ٹی وی ہی سے میری پہچان ہے۔ ٹی وی انڈسٹری سے بالی ووڈ کو کئی بڑے اسٹارس ملے ہیں۔ میں فلموں کے ساتھ ساتھ ٹی وی شوز سے بھی وابستہ رہوں گی۔
کیا آپ ویب سیریز پر بھی توجہ دے رہی ہیں ؟
ج:میں ویب سیریز میں بھی کام کرنا چاہوں گی کیونکہ میں ایک اداکار ہوں اور ہر پلیٹ فارم پر اپنا ہنر آزمانا چاہتی ہوں۔ میں رنگین چیزیں بہت پسند کرتی ہوں اگر کوئی کلر فُل ویب سیریز کی پیشکش مجھے ہوتی ہے تو میں ضرور اس میں کام کروں گی۔ میں چاہتی ہوں کہ اچھے رول اور اچھی ویب سیریز میں کام کروں۔