• Sun, 14 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آیوشمان کھرانہ نے اپنی اداکاری اور گلوکاری کا لوہا منوایا

Updated: September 14, 2025, 11:17 AM IST | Mumbai

آیوشمان کھرانہ نے فلم انڈسٹری میں اپنی اداکاری اور گلوکاری سے ایک خاص پہچان بنائی ہے۔ ان کی ذاتی زندگی بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔

Ayushmann Khurrana. Photo: INN.
آیوشمان کھرانہ۔ تصویر: آئی این این۔

آیوشمان کھرانہ نے فلم انڈسٹری میں اپنی اداکاری اور گلوکاری سے ایک خاص پہچان بنائی ہے۔ ان کی ذاتی زندگی بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ بڑے ستاروں کی محبت کی کہانی میں اتار چڑھاؤ، لڑائیاں اور علاحد گی ہوتی ہے لیکن آیوشمان اور ان کی اہلیہ طاہرہ کشیپ کی کہانی ان سب سے بالکل مختلف ہے۔ دونوں کی ملاقات ٹیوشن میں ہوئی تھی اور اس کے بعد سے آج تک ان کی دوستی، محبت اور شادی کی کہانی بہت سادہ اور خوبصورت رہی ہے۔ اس حقیقی زندگی کے رومانس نے نہ صرف ان کی زندگیوں میں بہتری لائی بلکہ آیوشمان کےکریئر کو ایک نئی اڑان بھی دی۔ آیوشمان کھرانہ۱۴؍ ستمبر۱۹۸۴ء کو چندی گڑھ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصل نام نشانت کھرانہ ہے۔ انہیں بچپن ہی سے اداکاری اور گلوکاری کا شوق تھا۔ انہوں نے اپنی اسکولی اور کالج کی تعلیم چندی گڑھ میں مکمل کی۔ طاہرہ کشیپ سے ان کی ملاقات اسکول کے دنوں میں ہوئی۔ دونوں کی پہلی ملاقات۱۲؍ویں کلاس کے دوران فزکس ٹیوشن میں ہوئی تھی۔ دونوں کے گھر والے بھی ایک دوسرے کو جانتے تھے، اس لئے ان کی دوستی آہستہ آہستہ گہری ہوتی گئی۔ آیوشمان نے اپنے والد کے ساتھ مل کر طاہرہ کو گانا ’ہمیں تم سے پیار کتنا ؟‘ سنایا جس نے طاہرہ کو بہت متاثر کیا۔ 
آیوشمان اور طاہرہ بچپن سے ہی ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں۔ دونوں نے تقریباً۱۲؍ سال ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا اور۲۰۰۸ء میں شادی کر لی۔ شادی کے بعد ان کا رشتہ مزید مضبوط ہو گیا۔ طاہرہ خود ایک فلمساز اور رائٹر ہیں اس لئے دونوں کو ایک دوسرے کے کام اور خوابوں کو سمجھنے میں کوئی دقت نہیں ہوئی۔ ان کی ایک بیٹی وروشکا اور ایک بیٹا ویراجویر ہے۔ 
آیوشمان نے اپنے کریئر کا آغاز ٹی وی سے کیا۔ انہوں نے ایم ٹی وی روڈیز کا دوسرا سیزن جیتا اور اس کے بعد کئی ٹی وی شوز کی میزبانی کی۔ انہوں نے ریڈیو جاکی کے طور پر بھی کام کیا اور دھیرے دھیرے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ 
انہیں پہلی بڑی کامیابی۲۰۱۲ء کی فلم’ `وکی ڈونر‘ سے ملی۔ اس فلم میں آیوشمان نے ایک نوجوان لڑکے کا کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم کو بہت سراہا گیا اور آیوشمان کو فلم فیئر کا ’بیسٹ میل ڈیبیو‘ اور’ بیسٹ پلے بیک سنگر‘ کا ایوارڈ بھی ملا۔ `’وکی ڈونر‘ کے بعد آیوشمان کی کئی فلمیں آئیں لیکن وہ باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور محنت جاری رکھی۔ `’دم لگا کے ہیشا‘، ’بدھائی ہو‘، ’بالا‘، ’ڈریم گرل‘، ’ڈریم گرل۲‘، `’اندھادھند‘ اور ’چندی گڑھ کرے عاشقی‘ جیسی فلموں نے انہیں فلم انڈسٹری کا اسٹار بنا دیا۔ ان کی فلموں میں اکثر سماج سے متعلق مسائل ہوتے ہیں اور ان میں کامیڈی کا بھی ’تڑکا‘ ہوتا ہے جسے ناظرین بہت پسند کرتے ہیں۔ 
ایک انٹرویو کے دوران آیوشمان نے اپنی شادی کے مشکل وقت کے بارے میں بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر رشتے کو وقت دینا پڑتا ہے۔ اگر آپ اپنے ساتھی کو زیادہ وقت دیتے ہیں تو وہ زیادہ محفوظ محسوس کرتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK