• Sun, 14 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میں جب بھی کوئی رول نبھاتی ہوں تو صفر سے ہی آغاز کرتی ہوں ‘‘

Updated: September 14, 2025, 11:42 AM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

تھیٹر آرٹسٹ اور ٹی وی شوز کی اداکارہ ہرلین کور ریکھی کا کہنا ہے کہ اگر میں صفر سے آغاز نہ کروں تو میرے دل میں یہ بات رہے گی کہ مجھے تو سب کچھ آتاہے اور میں نے ایسے رول پہلے بھی نبھائے ہیں ۔

Harleen Kour. Photo: INN.
ہرلین کور۔ تصویر: آئی این این۔

ٹی وی اور فلم انڈسٹری میں بہت سے اداکار ایسے ہیں جوتھیٹر میں طویل وقت گزارنے کے بعد شو بز انڈسٹری کا رخ کرتے ہیں۔ انہی میں سے ایک ہرلین کور ریکھی ہیں جنہوں نے تھیٹر شوز میں اپنے جوہر دکھانے کے بعد بالآخر ٹی وی شوز کا رخ کیا اور آج وہ اسٹار کے شو’ کام دھینو‘ میں اپنا ہنر دکھا رہی ہیں۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نے اس شعبے میں ۱۴؍ سال گزارے ہیں لیکن انہیں شہرت اب مل رہی ہے۔ وہ اس سے قبل تھیٹرس سے وابستہ رہی ہیں۔ ٹی وی شوز کے ساتھ ساتھ وہ آج بھی اسٹیج پرفارمنس کو اہمیت دیتی ہیں اور اشوتوش رانا کے ساتھ ایک تاریخی ڈرامے میں کام کر رہی ہیں۔ ان کے گھریلو پس منظر میں کسی نے بھی ٹی وی یا فلم انڈسٹری میں کام نہیں کیا ہے لیکن انہوں نے اس روایت کو توڑتے ہوئے ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا ہے۔ حالانکہ ہرلین کور مستقبل کے بارے میں بھی بہتر سوچتی ہیں۔ نمائندہ انقلاب نےاداکارہ ہرلین کور ریکھی سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت آپ کن کن شوز میں کام کررہی ہیں ؟ کیا آپ ان پر روشنی ڈالنا مناسب سمجھیں گی؟
ج:فی الحال میں اسٹار کے شو کام دھینو گئو ماتا میں کام کررہی ہوں۔ اس شو میں میں مرکزی رول ادا کررہی ہوں۔ یہ ایک تاریخی پس منظر مبنی شو ہے اور رامائن سے اخذ کیا گیا ہے۔ میں قد میں تھوڑی لمبی ہوں، اسلئے یہ رول مجھے بہت مناسب لگتاہے۔ اس کے ساتھ ہی میں اشوتوش رانا کے ساتھ ایک ڈرامہ کررہی ہوں۔ اس ڈرامہ میں اشوتوش راون بنے ہیں اور ان کا نام ہے ہمارے رام۔ میں اس شو میں ماتا کا کردار نبھا رہی ہوں۔ 
آپ ٹی وی اور ڈرامے کے لئے ایک ساتھ وقت کس طرح نکال لیتی ہیں ؟
ج:اس میں زیادہ مسئلہ نہیں ہوتاہے۔ دونوں کے لئے وقت نکل جاتاہے اور اب تک میں نے یہی کوشش کی ہے کہ دونوں جگہ برابر وقت دوں۔ میں دونوں ہی جگہوں پر پوری توجہ دیتی ہوں۔ ہاں کبھی تاریخوں کا مسئلہ پیش آسکتاہے، اس لئے اس جانب مجھے خصوصی توجہ دینی پڑتی ہے۔ بہرحال اب تک سب کچھ بہتر انداز میں چل رہا ہے اور میں چاہوں گی کہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہے۔ 
تھیٹر اور ٹی وی شو زمیں کتنا فرق محسوس کرتی ہیں ؟ 
ج:تھیٹر اور ٹی وی شوز میں کافی فرق ہوتاہے۔ میں نے برسوں تک تھیٹر میں کام کیاہے اسلئے میں اس سے مانوس ہوچکی ہوں۔ مجھے پتہ ہے کہ اس کی پریکٹس کس طرح کرنی ہے، ریہرسل میں کتنا وقت دینا ہے اور مین پرفارمنس کے وقت کتنی توجہ دینی ہے۔ اسلئے میں تھیٹر میں اپنے مکالمے روانی سے بول لیتی ہوں۔ ٹی وی شوز میں بھی میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ میں کم سے کم ری ٹیک دوں اور فوری طورپر اپنا کام کروں۔ دراصل شوٹنگ ختم ہونے کےبعد پوسٹ پروڈکشن میں بہت سے کام ہوتے ہیں، اسلئے میں کوشش کرتی ہوں کہ میری طرف سے وقت ضائع نہ ہو۔ 
آپ نے اداکاری کے شعبے میں قسمت آزمانے اور کریئر بنانے کا فیصلہ کس طرح کیا؟
ج:ایک روز میں اور میری والدہ ٹی وی شو دیکھ رہی تھیں۔ اس وقت میں نے اپنی والدہ سے کہاکہ اداکاری تو میں بھی کرسکتی ہوں اور بہتر کرسکتی ہوں۔ والدہ نے کہاکہ اگر تم سنجیدہ ہو تو ایکٹنگ کے بارے میں سوچا جا سکتاہے۔ اس کے بعد میں اور میری والدہ نے تھیٹر گروپس کی تلاش شروع کردی۔ ہم نے انٹر نیٹ پر سرچ کیا۔ میں دہلی سے ہوں تو دہلی ہی میں تھیٹر گروپس کی تلاش کی۔ یہ ۲۰۱۱ء کی بات ہے۔ پھرمیں نے ایک سال ’راز‘ تھیٹر گروپ میں کام کیا۔ اس کے بعد میں نے ۳؍ سالہ ایکٹنگ کا ڈپلومہ کورس کیا اور وہاں آڈیشن وغیرہ بھی دیا۔ بعد ازاں مجھے ایک اشتہاری فلم ملی۔ اس کے بعد میں نے مختصر فلموں میں بھی کام کیا۔ اس وقت میں یہ نہیں سوچتی تھی کہ مجھے پیسہ کم مل رہا ہے، میرا رول چھوٹا ہے بلکہ میں یہی کوشش کرتی تھی کہ کیمرے کے سامنے زیادہ سے زیادہ وقت گزاروں۔ ہاں ایک بات اور کہنا چاہوں گی کہ جب میں دہلی سے ممبئی آنے کا سوچ رہی تھی تو مجھے لگاکہ یہاں سب کچھ آسان ہوگا لیکن ممبئی پہنچ کر احساس ہوا کہ یہ ایک وسیع سمندر ہے جس میں بہت کچھ سیکھنا باقی ہے۔ یہاں جملوں کی ادائیگی، تلفظ، بول چال اور اداکاری سے وابستہ دیگر چیزیں سیکھنے میں وقت لگا۔ بہرحال میں ایک اچھی کتھک ڈانسر بھی ہوں۔ 
پنجابی ہونے کے ناطے آپ نے پنجابی زبان کی انڈسٹری میں کوشش نہیں کی؟
ج:میری دلی خواہش ہے کہ میں پنجابی زبان کی فلموں اور البم میں کام کروں کیونکہ مجھے پنجابی بولنا، لکھنا اور پڑھنا آتا ہے۔ میں نے اس انڈسٹری میں کوشش کی تھی لیکن کچھ کام بنا نہیں ۔ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ آپ کتنی بھی کوشش کرلو، ملتا آپ کو وہی ہے جو آپ کی نصیب میں ہوتاہے۔ بس میں کوشش کرتی رہتی ہوں اور آڈیشن وغیرہ دیتی رہتی ہوں۔ ہاں میں میں اپنے مقصد کو پانے کیلئے جنونی نہیں ہوتی کیونکہ اس کے نہ ملنے سے مایوسی آجاتی ہے اور اس سے حوصلہ بھی ٹوٹ جاتا ہے۔ میں اپنے کام کیلئے پوری کوشش کرتی ہوں۔ 
اب تک کا آپ کا سفر کیسا رہا ہے، آپ کے کریئر میں کون سا شو ٹرننگ پوائنٹ رہا ہے؟
ج:بہت اچھا سفر رہا ہے اور میں خوش ہوں کہ ۱۴؍ برس کی محنت کے بعد مجھے ٹی وی شو میں مرکزی کردار نبھانے کا موقع ملا ہے۔ ان سبھی شوز، ایڈ فلمز اور شارٹ فلموں کو اپنے کریئر کا ٹرننگ پوائنٹس مانتی ہوں جن سے میں وابستہ رہی کیونکہ آپ کا پچھلا شو آپ کے اگلے شو کی بنیاد بنتاہے۔ آج میں کام دھینو میں کام کر رہی ہوں تو یہ میرے اگلے شو کی بنیاد بنے گا۔ میں نے جن تھیٹر گروپس میں شمولیت اختیار کی تھی وہ سبھی میرے لئے ٹرننگ پوائنٹ رہے تھے اور امید کرتی ہوں کہ آگے جن شوز میں کام کروں وہ بھی میرے لئے اہم رہیں گے۔ 
کس طرح کے رول آپ کوچیلنجنگ لگتے ہیں ؟
ج:میرے لئے تو سبھی رول چیلنجنگ ہیں۔ میں جب بھی کوئی رول نبھانا شروع کرتی ہوں تو صفر سے ہی آغاز کرتی ہوں۔ اگر میں ایسا نہ کروں تو میرے دل میں یہ بات رہے گی کہ مجھے تو سب کچھ آتاہے اور میں نے ایسے رول پہلے بھی نبھائے ہیں۔ اس خیال سے بچنے کیلئے ہی میں صفر سے آغاز کرنا پسند کرتی ہوں۔ میرے لئے ہر رول اہم ہوتاہے اور میں اس کے ساتھ پورا انصاف کرنے میں یقینی رکھتی ہوں۔ 
کیا آپ نے فلموں میں کام کرنے کا فیصلہ نہیں کیا؟
ج:کون اداکار فلموں میں کام نہیں کرناچاہے گا۔ میں چاہتی ہوں کہ میں اپنے ہنر کو پردے پر بھی پیش کروں لیکن اس وقت میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے۔ میں تھیٹر اور ٹی وی شو میں مصروف ہوں۔ اس سے قبل میں نے فلموں میں آڈیشن وغیرہ بھی دیا تھا لیکن کچھ کام نہیں بناتھا اسلئے میں نے اس کوشش پر چھوٹا سا کوما لگا دیا تھا۔ اب جب وقت ہوگا تو میں پھر سے کوشش شروع کروں گی۔ فی الحال میں ٹی وی اور تھیٹر میں کام کرکے بہت خوش ہوں۔ ہاں ایک اور بات کہنا چاہوں گی کہ مستقبل قریب میں اگر مجھے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر موقع ملتاہے تو میں اس پر بھی قسمت آزماؤں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK