• Sun, 04 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عقل ٹھکانے آگئی! ایس آئی آر میں چھوٹ گئے نام شامل کرنےکیلئے الیکشن کمیشن کی خصوصی مہم

Updated: October 03, 2026, 10:33 AM IST | Agency | New Delhi

کمیشن نے ایس آئی آر مکمل ہونے کے بعد یہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

 پورے ملک میں ہنگامے ، احتجاج ، شدید تنقیدوں اور کروڑوںووٹرس کی نیند حرام کرنے کےبعد لگتا ہے  الیکشن کمیشن کے ہوش ٹھکانے آگئے ہیں کیوں کہ اس نے ایس آئی آر کے دوران ووٹرلسٹ سے چھوٹ جانے والے اہل ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کرنے کیلئے خصوصی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مہم ان ریاستوں  میں چلائی جائے گی جہاں ایس آئی آر کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ کمیشن نے پہلی بار ووٹ دینے والے اور نوجوان ووٹروں کے اندراج پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: شامی انقلاب پر مبنی آنند گوپال کی کتاب بیلی گفورڈ انعام کی دوڑ میں شامل

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق بوتھ لیول افسران (بی ایل او) موجودہ ووٹر فہرست کا ایس آئی آر سے پہلے شائع ہونے والی فہرست کے ساتھ موازنہ کریں گے۔ اس کے بعد ایسے اہل ووٹروں کی فہرست تیار کی جائے گی جن کے نام موجودہ فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ بی ایل او ایسے ووٹروں کی موجودہ حیثیت معلوم کرنے کیلئےگھر گھر جائیں گے اور اہل پائے جانے پر ان سے فارم۶؍ بھروایا جائے گا۔ کمیشن نے بی ایل اوز کو ہر ہفتے کم از کم ۲۰؍ سے ۲۵؍  ایسے ووٹروں تک پہنچنے کا ہدف دیا ہے۔ اس پوری کارروائی کو تقریباً ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:مسلم ووٹرس حذف کر نے کا معاملہ، بی جے پی لیڈروں پرکیس

خصوصی مہم کے تحت پہلی بار ووٹ دینے والے اور نوجوان اہل شہریوں کے نام بھی ووٹر فہرست میں شامل کئے جائینگے۔ تیار کی گئی فہرست اور فارم ۶؍کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستیں تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے بوتھ لیول ایجنٹوں کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں گی۔ کمیشن نے بوتھ سطح پر خصوصی کیمپ لگانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ ضرورت کے مطابق نائٹ شیلٹرس، مزدور بستیوں، بے گھر افراد اور دیگر محروم طبقات کیلئے بھی خصوصی کیمپ منعقد کئے جا سکیں گے۔یہ ہدایات یکم اکتوبر کو تمام چیف الیکٹورل افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد جاری کی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK