Inquilab Logo Happiest Places to Work

’تیرے نام‘ کی بھومیکا چائولہ نے کئی فلموںسے شہرت پائی

Updated: August 21, 2026, 1:25 PM IST | Agency | Mumbai

ہندی فلمی دنیا میں بعض اداکارائیں ایسی ہوتی ہیں جو چند بڑی فلموں کے ذریعے ناظرین کے ذہن میں گہری جگہ بنا لیتی ہیں۔

Bhumika Chawla, the embodiment of innocence. Picture: INN
معصومیت کا پیکربھومیکا چائولہ۔ تصویر: آئی این این

ہندی فلمی دنیا میں بعض اداکارائیں ایسی ہوتی ہیں جو چند بڑی فلموں کے ذریعے ناظرین کے ذہن میں گہری جگہ بنا لیتی ہیں۔ ان کی فلموں کی تعداد شاید بہت زیادہ نہ ہو، لیکن ان کے کردار دیر تک یاد رہتےہیں۔ بھومیکا چاؤلہ بھی ایسی ہی اداکارہ ہیں۔ سلمان خان کے ساتھ۲۰۰۳ءکی فلم ’تیرے نام‘ میں نرجراکے کردار نے انہیں پورے ملک میں شہرت دی، لیکن بھومیکا کی کہانی صرف بالی ووڈ تک محدود نہیں۔ دراصل ان کی اصل فلمی شناخت جنوبی ہندوستانی سنیما، خاص طورپر تیلگو فلموں میں بنی، جہاں انہوں نے اپنے کریئر کے ابتدائی برسوںہی میں کئی اہم فلموں کے ذریعے خود کو ایک سنجیدہ اداکارہ ثابت کردیا تھا۔ آج بھی وہ مختلف زبانوں کی فلموں میں کردار ادا کررہی ہیں اور ۲۰۲۶ءمیں بھی ان کی فلم ریلیز ہوچکی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۴۳؍ سال بعد ’’معصوم‘‘ کے راہل کی واپسی، جگل ہنس راج پھر شیکھر کپور کے ساتھ

بھومیکاچاؤلہ کا اصل نام رچنا چاؤلہ بتایا جاتا ہے۔ ان کی پیدائش ۲۱؍ اگست ۱۹۷۸ءکونئی دہلی میں ہوئی۔ ان کا تعلق ایک پنجابی خاندان سے ہے اور ان کے والد فوج میں افسر رہے ہیں۔ فوجی پس منظر کی وجہ سے ان کا بچپن ایک جگہ نہیں گزرا بلکہ والد کی مختلف مقامات پر پوسٹنگ کے باعث انہیں ہندوستان کے کئی حصے دیکھنے کا موقع ملا۔ ان کے بڑے بھائی بھی فوج میں رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شخصیت میں شروع ہی سے نظم و ضبط اور سادگی کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے دہلی میں اپنی تعلیم مکمل کی۔ 

یہ بھی پڑھئے:میں ذاتی طور پر شادی کے بعد ماں بیٹی جیسا رشتہ چاہتی ہوں:میناکشی

ممبئی کی جانب ان کا سفر ۱۹۹۷ءمیںشروع ہوا، جب انہوں نےاداکاری سے پہلے اشتہارات اور میوزک ویڈیوز میں کام کرنا شروع کیا۔پونڈز ٹیلکم پاؤڈر کے اشتہار نے انہیں خاصی شناخت دلائی۔ اس دور میں میوزک ویڈیوز نوجوان چہروں کے لیے فلموں تک پہنچنے کا ایک اہم راستہ تھے،بھومیکا نے بھی اسی راستے سے شوبز کی دنیا میں قدم مضبوط کیا۔ ان کے ابتدائی کام میں ٹیلی ویژن کے پروگرام بھی شامل رہے، جس نے کیمرے کے سامنے ان کے اعتماد کو مزید بڑھایا۔ بھومیکا کے فلمی سفر کا باقاعدہ آغاز۲۰۰۰ءکی تیلگو فلم’یوواکوڈو‘ سے ہوا، جس میں انہوں نے سمتھ کے مقابل کام کیا۔ اگرچہ یہ ان کی پہلی فلم تھی، لیکن ان کی اصل مقبولیت اس کے فوراً بعد آئی۔ ۲۰۰۱ءکی تیلگو فلم ’کشی‘نے انہیں جنوبی ہندوستان میں ایک معروف چہرہ بنادیا۔ اس فلم میں پون کلیان ان کے ہیرو تھے اور بھومیکا کی اداکاری کو خاصی پذیرائی ملی۔ ان کے کریئرکی ابتدائی کامیابیوں میں’کشی‘کو خاص مقام حاصل ہے اور اسی فلم کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ساؤتھ بھی ملا۔پھر۲۰۰۳ءوہ سال آیا جس نے بھومیکا چاؤلہ کی شناخت پورے ہندوستان میں بدل دی۔ سلمان خان کے ساتھ ’تیرے نام‘ ریلیز ہوئی۔ فلم میں سلمان خان نے رادھے کا کردار ادا کیا، جب کہ بھومیکا نے نرجرا کا کردار ادا کیا۔ ایک طرف رادھے کا جنون، غصہ اور جذباتی انتشار تھا، دوسری طرف نرجرا کی خاموشی، معصومیت اور محبت۔اس کے بعد بھی بھومیکا نے ہندی اور تیلگو زبان کی کئی فلموں میں اہم کردار ادا کرکے اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔ آج بھی بھومیکا چائولہ فلموں میں کام کررہی ہیں اور شہرت حاصل کررہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK