Inquilab Logo Happiest Places to Work

بڑی ٹیک کمپنیاں ملازمین کی چھٹنی کرکے اے آئی میں سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں

Updated: April 27, 2026, 12:58 PM IST | Mumbai

بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں بڑے پیمانے پر ملازمین کو نکال رہی ہیں اور اس کی وجہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو بتا رہی ہیں۔ خوفناک حد تک ہونے والی یہ چھٹنیاں کیا واقعی یہ اے آئی کی وجہ سے ہیں یا یہ کمپنیاں اپنے منافع کے زیادہ فرق کو برقرار رکھنے کیلئے عملے کےحجم کو کم کر رہی ہیں؟

Not every layoff in the name of AI is caused by AI. Photo: INN
اے آئی کے نام پر ہونےو الی ہر چھٹنی کی وجہ اے آئی نہیں  ہے۔ تصویر: آئی این این

بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں بڑے پیمانے پر ملازمین کو نکال رہی ہیں اور اس کی وجہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو بتا رہی ہیں۔ خوفناک حد تک ہونے والی یہ چھٹنیاں کیا واقعی یہ اے آئی کی وجہ سے ہیں   یا یہ کمپنیاں اپنے منافع کے زیادہ فرق کو برقرار رکھنے کیلئے عملے کےحجم کو کم کر رہی ہیں ؟یہ بحث اس وقت شدت اختیار کر گئی جب فیس بک، انسٹا گرام اور وہاٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے دنیا بھر میں ۸؍ہزارملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا۔ یہ تعداد اس کی افرادی قوت کا تقریباً۱۰؍فیصد ہے۔ ان میں   سے بڑی تعداد ہندوستان میں  موجود ملازمین کی ہے۔ کمپنی نے ۶؍ خالی اسامیوں کو بھی ختم کر دیا ہے۔ 
میٹا کی چیف پیپل آفیسر جینیل گیل نے بلومبرگ کو بتایاکہ’’ہم یہ اقدام کمپنی کو زیادہ مؤثر طریقے سے چلانے اور دیگر سرمایہ کاریوں کے اخراجات کو پورا کرنے کیلئےکر رہے ہیں۔ ‘‘کمپنی نے۲۰۲۵ء میں کیپٹل ایکسپینڈیچر کے طور پر ۷۲ء۲؍ ارب ڈالر خرچ کیا جس میں ڈیٹا سینٹرز کا قیام، اسٹارٹ اپس کی خریداری اور دیگر اے آئی انفرااسٹرکچر شامل ہیں۔ میٹا کے مطابق یہ رقم۲۰۲۶ء میں کم از کم۱۱۵؍ ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۱۰۰؍ڈالرفی بیرل کا خام تیل ہندوستانی معیشت کے لیے مشکلات بڑھا رہا ہے

میٹا واحد کمپنی نہیں جو اے آئی پر بڑے پیمانے پر خرچ اور ملازمین کی چھٹنی میں مصروف ہے۔ ارب پتی لیری ایلیسن کی قائم کردہ اوریکل نے۳۱؍ مارچ کو۲۰؍سے ۳۰؍ہزار ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا۔ فروری میں جیک ڈورسی کی کمپنی بلاک نے۴؍ ہزار سے زائد ملازمین کو نکال دیا۔ یہ کمپنی کے تقریباً نصف عملے کے برابر ہے۔ اس چھٹنی کا مقصد کمپنی کے کام کاج کو اے آئی سے ہم آہنگ کرکے چھوٹی، زیادہ تیز رفتاری سے کام کرنےوالی ٹیم کی تیاری ہے۔ جنوری میں ایمیزون نے کہا تھا کہ وہ۱۶؍ ہزار ملازمین کو نکالے گا، جن میں سے کئی اس کی ہندوستانی اکائیوں  سے ہیں۔  یہ بڑے پیمانے کی چھٹنی کمزور مالی کارکردگی کی وجہ سے نہیں۔ میٹا پلیٹ فارمز، نے۲۰۲۵ءمیں مضبوط اشتہاری آمدنی کے باعث ۶۰ء۴۶؍ ارب ڈالر خالص منافع کمایا۔ مائیکرو سافٹ نے بھی شاندار کارکردگی کی اور ۱۱۹؍ارب ڈالر خالص منافع کمایا۔ اس سال کی بڑی کٹوتیوں کا مقصد کمپنی کی مالی حالت سنبھالنا نہیں بلکہ اے آئی انفراسٹرکچر میں ۸۰؍ سے۱۲۰؍ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے فنڈکو آزاد کرنا ہے۔ 
یہ اے آئی واشنگ ہے: سیم آلٹ مین
دوسری طرف اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین جیسے لوگ بھی ہیں  جو کہتے ہیں کہ یہ سب’’اے آئی واشنگ‘‘ہے یعنی یہ وہ چھٹنیاں ہیں   پہلے سے طے تھیں، اور ان کا اے آئی سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کےمطابق ۲۲-۲۰۲۰ء کے وبا کے دوران بہت سی کمپنیوں نے بڑی تعداد میں بھرتیاں کیں۔ اب اضافی عملے کو نکال کر اسے’’اے آئی سے متعلق کارکردگی میں بہتری‘‘کا نام دیا جا رہا ہے۔ ۲۵ءکی ایک رپورٹ کے مطابق اگرچہ مختلف شعبوں میں ۱۰؍ لاکھ سے زائد چھٹنیاں ہوئیں، لیکن ۵؍ فیصد سے بھی کم براہ راست اے آئی سے جڑی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK