• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بسلیری کا دعویٰ، پینے کا پانی محفوظ ہے

Updated: November 23, 2026, 5:08 PM IST | New Delhi

ہندوستان کی معروف پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر کمپنی بسلیری انٹرنیشنل نے اپنے پینے کے پانی کے معیار اور حفاظت سے متعلق اٹھنے والے سوالات پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر استعمال کے لیے محفوظ ہے۔

Bisleri.Photo:INN
بسلیری۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان کی معروف پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر کمپنی بسلیری انٹرنیشنل  نے اپنے پینے کے پانی کے معیار اور حفاظت سے متعلق اٹھنے والے سوالات پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر استعمال کے لیے محفوظ ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (FSSAI) کی جانب سے جانچ کے لیے بھیجے گئے نمونے میں ریفرل لیباریٹری نے برومیٹ (Bromate) کی مقدار مقررہ حد کے اندر پائی تھی۔ بسلیری کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فوڈ سیفٹی ریگولیٹر نے کمپنی کے خلاف غیر محفوظ پیکجڈ پانی کے معاملے میں قانونی کارروائی شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔ کمپنی نے ریگولیٹر کی جانچ کے نتائج پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ تقریباً ۱۴؍ ماہ پرانا ہے اور اس کا تعلق ستمبر ۲۰۲۵ء میں گوا میں واقع کمپنی کے ایک مینوفیکچرنگ پلانٹ میں تیار کیے گئے مخصوص بیچ سے ہے۔

یہ بھی پڑھئے:فلمی سیٹ پر شاہ رخ خان کی غیر معمولی توانائی دیکھ کر رضا مراد حیران

بسلیری انٹرنیشنل کے مطابق ۳۰؍ ستمبر ۲۰۲۵ء کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا نے گوا میں واقع اس کی مینوفیکچرنگ سہولت سے پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر کے چھ نمونے جمع کیے تھے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ابتدائی جانچ میں ان چھ میں سے پانچ نمونے تمام مقررہ معیار پر پورے اترے، تاہم چھٹے نمونے میں برومیٹ کی مقدار ۱۲؍ مائیکروگرام فی لیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی مقررہ حد ۱۰؍ مائیکروگرام فی لیٹر ہے۔اس طرح ابتدائی جانچ میں ایک نمونے میں برومیٹ کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی۔ کمپنی نے اس نتیجے پر اعتراض کرتے ہوئے ۲۲؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو اپیل دائر کی، جس کے بعد متعلقہ نمونے کو مزید جانچ کے لیے ریفرل فوڈ لیباریٹری بھیجا گیا۔
بسلیری کے مطابق ریفرل لیباریٹری کی جانچ میں برومیٹ کی مقدار مقررہ حد کے اندر پائی گئی، تاہم اسی نمونے میں پولی نیوکلیئر آرومیٹک ہائیڈروکاربنز  کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی۔ ان کیمیکلز کی موجودگی کو بھی پانی کے معیار اور صحت کے تحفظ کے حوالے سے تشویش ناک سمجھا جاتا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ابتدائی جانچ اور ریفرل لیباریٹری کے نتائج میں فرق سامنے آنے کے بعد اس نے معاملے کی مزید وضاحت حاصل کرنے کے لیے اسی نمونے کی جانچ ایف ایس ایس اے آئی سے منظور شدہ ایک آزاد لیباریٹری سے بھی کروائی۔ بسلیری کے مطابق اس آزاد لیباریٹری کی رپورٹ میں بھی برومیٹ کی مقدار مقررہ حد کے اندر پائی گئی۔کمپنی نے بتایا کہ اس آزاد جانچ کے نتائج ۲؍ فروری ۲۰۲۶ء کو ایک باضابطہ خط کے ذریعے ایف ایس ایس اے آئی کے ویسٹرن ریجنل آفس کو بھیج دیے گئے تھے۔بسلیری انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ فروری ۲۰۲۶ء میں اپنی جانچ کی رپورٹ جمع کرانے کے بعد اسے فوڈ سیفٹی ریگولیٹر کی جانب سے کوئی مزید اطلاع موصول نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے کمپنی نے یہ سمجھا کہ معاملہ ختم ہوگیا ہے۔کمپنی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اسے اب تک ایف ایس ایس اے آئی کی جانب سے کسی قسم کا باضابطہ نوٹس نہ تو ای میل کے ذریعے ملا ہے اور نہ ہی ہارڈ کاپی کی شکل میں موصول ہوا ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ ریگولیٹر کی جانب سے مبینہ طور پر جاری کیے گئے نوٹس کو اس کی ویب سائٹ پر بھی تلاش نہیں کرسکی۔تاہم ایف ایس ایس اے آئی نے ۲۲؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا تھا کہ اس نے بسلیری انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ ۲۰۰۶ء کے تحت قانونی کارروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ریگولیٹر کے مطابق ابتدائی جانچ میں نمونہ برومیٹ کی مقررہ حد کی خلاف ورزی کرنے پر غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا، جبکہ اپیل کے بعد ریفرل لیباریٹری نے پی اے ایچ   کی موجودگی کی بنیاد پر بھی اسے غیر محفوظ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے:گوگل سرچ سے کبھی ۳۹؍ فیصد ٹریفک پانے والے ریڈٹ کے وزٹس میں ۱۳؍ فیصد کمی

کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صارفین کو محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنا اس کی اولین ترجیح ہے۔ بسلیری کے مطابق اس کے مینوفیکچرنگ نظام میں ۱۰؍ مراحل پر مشتمل پروسیس کے دوران ۹۰؍ سے زیادہ کوالیٹی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں تاکہ پانی کے معیار اور حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے ملک بھر میں ۱۴۳؍ مینوفیکچرنگ پلانٹس ہیں اور زیر بحث معاملہ ان میں سے صرف گوا کے ایک پلانٹ میں ستمبر ۲۰۲۵ء کے دوران تیار کیے گئے ایک مخصوص بیچ سے متعلق ہے۔بسلیری نے واضح کیا ہے کہ وہ متعلقہ معاملے میں فوڈ سیفٹی ریگولیٹر کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی اور مناسب قانونی و انتظامی طریقہ کار کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تیار ہے۔برومیٹ (Bromate) ایک کیمیائی مرکب ہے جو بعض حالات میں پانی کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے استعمال ہونے والے اوزون (Ozone) کے قدرتی طور پر موجود برومائیڈ (Bromide) کے ساتھ ردعمل کے نتیجے میں بن سکتا ہے۔پانی کی بوتلوں میں برومیٹ کو عام طور پر کسی جزو یا پریزرویٹیو کے طور پر شامل نہیں کیا جاتا، بلکہ یہ پانی کی صفائی کے عمل کے دوران پیدا ہوسکتا ہے۔ اگر اس کی مقدار مقررہ حفاظتی حد سے بڑھ جائے تو صحت کے حوالے سے خدشات پیدا ہوسکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق برومیٹ کی زیادہ مقدار کے طویل عرصے تک استعمال کو صحت کے لیے نقصان دہ سمجھا جاتا ہے اور جانوروں پر ہونے والی بعض تحقیق میں اس کا تعلق کینسر کے خطرات سے بھی سامنے آیا ہے۔ اسی لیے پینے کے پانی میں اس کی مقدار کو مقررہ حدود میں رکھنا ضروری ہے۔
بسلیری سے متعلق اس معاملے نے ہندوستان میں بوتل بند پانی کے معیار اور صارفین کی صحت کے تحفظ کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فوڈ سیفٹی ریگولیٹر اس معاملے کے بعد بسلیری سمیت دیگر پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر برانڈز کے نمونوں کی جانچ کا دائرہ وسیع کرنے پر بھی غور کررہا ہے۔اس پورے معاملے میں اہم بات یہ ہے کہ بسلیری کمپنی اپنے آزاد لیباریٹری ٹیسٹ کی بنیاد پر پانی کو محفوظ قرار دے رہی ہے، جبکہ ایف ایس ایس اے آئی کی ریفرل لیباریٹری نے اسی نمونے میں پی اے ایچ کی موجودگی کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے غیر محفوظ قرار دیا ہے۔ لہٰذا کمپنی کے دعوے اور ریگولیٹر کے نتائج کے درمیان اختلاف برقرار ہے۔واضح رہے کہ ایف ایس ایس اے آئی کی جانب سے قانونی کارروائی کی منظوری کو عدالتی سزا یا کمپنی کے جرم ثابت ہونے کے مترادف نہیں سمجھا جاسکتا۔ اب اس معاملے میں متعلقہ قانونی کارروائی اور مزید جانچ کے نتائج اہم ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK