Inquilab Logo

بی آر چوپڑہ نے خاندانی،سماجی اور صاف ستھری فلمیں بنائیں

Updated: April 23, 2024, 12:11 PM IST | Agency | Mumbai

ہندستانی فلم انڈسٹری میں بی آرچوپڑہ کو ایک ایسے فلمسازکے طور پر یاد کیا جائے گا جنہوں نے خاندانی، سماجی اور صاف ستھری فلمیں بنا کر تقریباً ۵؍دہائیوں تک فلم شائقین کے دلوں میں اپنی پہچان بنائے رکھی۔

BR Chopra has many services for the film industry. Photo: INN
بی آر چوپڑہ کی فلم انڈسٹری کیلئے بہت خدمات ہیں۔ تصویر : آئی این این

ہندستانی فلم انڈسٹری میں بی آرچوپڑہ کو ایک ایسے فلمسازکے طور پر یاد کیا جائے گا جنہوں نے خاندانی، سماجی اور صاف ستھری فلمیں بنا کر تقریباً ۵؍دہائیوں تک فلم شائقین کے دلوں میں اپنی پہچان بنائے رکھی۔ ۲۲؍اپریل۱۹۱۴ء کو پنجاب کے لدھیانہ شہر میں پیدا ہوئے بی آر چوپڑہ عرف بلدیو راج چوپڑہ بچپن سے ہی فلموں میں کام کرکے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنا چاہتے تھے۔ انہوں نے لاہور کے گورنمنٹ کالج سے انگریزی ادب میں گریجویشن کیا۔ بی آر چوپڑہ نےاپناکرئیرفلمی صحافی کے طور پر شروع کیا۔ فلم میگزین ’سنے ہیرالڈ‘ میں وہ فلموں کا تجزیہ لکھاکرتے تھے۔ ۱۹۴۹ءمیں انہوں نے فلم ’کروٹ‘ سے فلمسازی کے میدان میں قدم رکھا لیکن یہ فلم بری طرح فلاپ رہی۔ انہوں نے ۱۹۵۱ء میں، اشوک کمار کی اداکاری سے سجی فلم ’افسانہ‘ کی ہدایت کاری کی۔ اس فلم نےباکس آفس پر سلورجوبلی منائی اوروہ فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔ 
بی آرچوپڑہ نے ۱۹۵۵ءمیں بی آر فلمز کے بینر تلےسب سےپہلے فلم ’نیا دور‘ بنائی جس کے ذریعے انہوں نے دور جدید اور دیہی ثقافت کے درمیان ٹکراؤکو سلور اسکرین پر پیش کیا جسے ناظرین نے کافی سراہا۔ اس فلم نےکامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ ان کے بینرتلےبنی فلموں پر اگر ایک نظر ڈالی جائےتوان کی زیادہ ترفلمیں سماج کو پیغام دینے والی ہوتی تھیں جس میں وہ ہمیشہ ناظرین کو کچھ نیا دینا چاہتےتھے۔ اسی کے پیش نظر انہوں نے۱۹۶۰ءمیں فلم ’قانون‘ بنائی جو فلم انڈسٹری میں ایک نیا تجربہ تھا۔ اس فلم میں ایک بھی نغمہ نہیں تھا۔ اپنےبھائی اور مشہور پروڈیوسر، ڈائریکٹر یش چوپڑہ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچانےمیں بی آر چوپڑہ کا اہم تعاون رہا ہے۔ 
 معروف گلوکارہ آشا بھوسلے کو کامیابی کی بلندیوں پرپہنچانے میں بی آر چوپڑہ نے اہم کردار نبھایاہے۔ ۵۰ءکی دہائی میں جب آشا بھوسلےکو صرف بی اور سی گریڈکی فلموں میں گلوکاری کا موقع ملتا تھااس وقت انہوں نے آشا کی صلاحیت کو پہچانا اور اپنی فلم ’نیادور‘ میں گانے کا موقع دیاجو ان کے فلمی کریئرکی پہلی سپرہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم کے محمد رفیع اور آشا بھوسلے کی آواز میں ’مانگ کے ساتھ تمہارا، اڑیں جب جب زلفیں تیری‘ جسے نغمے شائقین کے درمیان کافی مقبول ہوئے۔ فلم’نیا دور‘کی کامیابی کے بعد آشا بھوسلےکو اپنا صحیح مقام حاصل ہوا اس کے بعد انہوں نے اپنی بہت سے فلموں میں انہیں گانے کاموقع دیا۔ ان میں ’وقت، گمراہ، ہمراز، آدمی اورانسان اور دھند‘اہم فلمیں ہیں۔ آشابھوسلےکےعلاوہ مشہور گلوکار مہندر کپورکو بھی فلم انڈسٹری میں مقام دلانےمیں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ ۸۰ءکی دہائی میں خرابی صحت کی وجہ سے بی آر چوپڑہ نےفلمیں بناناکم کردیا۔ ۱۹۸۵ءمیں انہوں چھوٹےپردہ کی جانب رخ کیا اور دوردرشن کی تاریخ میں اب تک کاسب سے کامیاب سیریل ’مہابھارت‘ بنایا۔ تقریبا ۹۶؍فیصد ناظرین تک پہنچنے کے ساتھ اس سیریل نےاپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کرایا ہے۔ بی آر چوپڑہ کو۱۹۹۸ءمیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈسے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ ۱۹۶۰ءمیں انہیں فلم ’قانون‘ کے لئے سرفہرست ڈائرکٹر کا فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل ہوا تھا۔ انہوں نے فلم پروڈکشن کے علاوہ ’باغبان اور بابل‘ جیسی فلموں کی کہانی بھی لکھی۔ اپنی فلموں کے ذریعے ناظرین کےدرمیان خصوصی شناخت بنانے والے بی آر چوپڑہ۵؍ نومبر۲۰۰۸ءکواس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK