Inquilab Logo

شاہ رخ خان کا ریکارڈ توڑ پانا کسی اور کیلئے آسان نہیں ہوگا

Updated: January 28, 2024, 3:28 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

سال رفتہ میں شاہ رخ خان کا جس طرح سے بول بالا رہا، وطن عزیز میں وہ ان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سال کے آغاز سے سال کے اختتام تک باکس آفس پر شاہ رخ ہی کا پرچم لہراتا رہا۔

Shah Rukh Khan. Photo: INN
شاہ رخ خان۔ تصویر : آئی این این

سال رفتہ میں شاہ رخ خان کا جس طرح سے بول بالا رہا، وطن عزیز میں وہ ان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سال کے آغاز سے سال کے اختتام تک باکس آفس پر شاہ رخ ہی کا پرچم لہراتا رہا۔ اس دوران انہوں نے کئی ریکارڈز اپنے نام کئے ہیں۔ ان ریکارڈوں کو حال فی الحال توڑ پانا کسی اور اداکار کیلئےآسان نہیں لگ رہا ہے۔ 
۲۵؍ جنوری ۲۰۲۳ء کو ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’پٹھان‘ نہ صرف اُس سال کی پہلی کامیاب فلم تھی بلکہ جون ۲۰۱۸ء کے بعد بالی ووڈ کی پہلی ایسی فلم تھی جس نے باکس آفس پر ۵۰۰؍ کروڑ روپوں کی کمائی پار کی تھی۔ ’پٹھان‘ سے قبل ۲۹؍ جون ۲۰۱۸ء کو راج کمار ہیرانی کی ہدایت میں بننے والی ودھو ونود چوپڑہ کی فلم ’سنجو‘ نے ۵۸۷؍ کروڑ روپوں کا کاروبار کیا تھا۔ اس کے بعدبالی ووڈ انڈسٹری جن حالات سے گزر رہی تھی، اس کی وجہ سے فلم کاروبار سے وابستہ لوگ کافی فکر مند تھے۔ ہندوستانی فلم انڈسٹری، کورونا کے بھنور سے باہر نکلنے کی کوشش کرہی رہی تھی کہ اس پر ’بائیکاٹ گینگ‘ سوار ہوگئی اور کشتی میں سوراخ کرنے لگی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کئی بڑی فلمیں فلاپ ہوگئیں۔ ان بڑی فلموں میں عامر خان اور کرینہ کپور کی ’لال سنگھ چڈھا‘بھی شامل ہے، جو بعد میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر سپر ہٹ ثابت ہوئی اور کئی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ 
پٹھان: فلم کامیاب، بائیکاٹ گینگ ناکام
ایسے میں شاہ رخ خان ’پٹھان‘ لے کر سامنے آئے۔ ’بائیکاٹ گینگ‘ کی جانب سے اس کیلئے بھی مہم چلائی گئی لیکن ’شاہ رخ خان فین کلب‘ نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ مداحوں کا موڈ دیکھتے ہوئے ’بائیکاٹ گینگ‘ جلد ہی خاموش ہوگئی۔ فلم ریلیز ہوئی اور فلم سازوں پر روپوں کی برسات کردی۔ ۲۴۰؍ کروڑ کی بجٹ والی اس فلم نے ۱۰۵۰؍ کروڑ سے زیادہ کا کاروبار کیا۔ یہ صرف ایک فلم کی کامیابی نہیں تھی بلکہ اس فلم نے بالی ووڈ کی بنیادوں کو مستحکم کیا اور اس انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کو حوصلہ فراہم کیا۔ فلم فیئر ایوارڈ کیلئے اس فلم کو سال رفتہ کی بہترین فلم کے ساتھ ہی بہترین ہدایت کار اور بہترین اداکارہ سمیت مزیدکئی زمروں میں نامزدگیاں ملی ہیں۔ 
جوان:فلم سازوں کو مالا مال کردیا
 بالی ووڈ ابھی تک فلم ’پٹھان‘کا جشن ہی منا رہی تھی کہ شاہ رخ خان دوسری خوش خبری لے کر سامنے آگئے۔ اس بار ان کی فلم ’جوان‘ ریلیز ہوئی تھی۔ ۷؍ستمبر ۲۰۲۳ء کو ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ نے بالی ووڈ میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ ۳۰۰؍ کروڑ کے بجٹ والی اس فلم نے ۱۱۴۸؍ کروڑ روپوں کا کاروبار کیا اور فلم سازوں کو مالامال کردیا۔ اس فلم کے ذریعہ شاہ رخ خان نے عوام کو جو پیغام دیا، اس کی وجہ سے ملک بھر میں ان کی جم کر تعریف ہوئی اور ان کے جرأت کو سلام کیا گیا۔ فلم ناقدین نے بھی دل کھول کر اس کی پزیرائی کی۔ فلمی تبصروں کا تجزیہ کرنےوالی ویب سائٹ ’روٹن ٹوماٹوز‘ نے ۳۴؍ تبصروں کی بنیاد پر بتایا کہ اسے ۸۸؍ فیصد مثبت تبصرے ملے ہیں، جس کی وجہ سے اس کی ریٹنگ کا اوسط ۱۰؍ میں سے ۷ء۷؍ ہے۔ فلم فیئر ایوارڈ میں بہترین فلم کے طو ر پر اسے بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس فلم کو بہترین اداکار اور بہترین اداکار سمیت ۱۵؍زمروں میں نامزد گی ملی ہے۔ 
ڈنکی:شاہ رخ خان کی ہیٹ ٹرک
 یہ فلم سال کے آخر میں ۲۱؍ دسمبر۲۰۲۳ء کو ریلیز ہوئی۔ اس نے ’پٹھان‘ اور’جوان‘ کی طرح تیز رفتاری تو نہیں دکھائی لیکن رفتہ رفتہ ہی سہی یہ فلم بھی ۴۰۰؍کروڑ کے کلب میں شامل ہوگئی۔ ۱۲۰؍ کروڑ کے بجٹ والی راج کمار ہیرانی کی اس فلم نے ۴۷۰؍ کروڑ سے زائد کا کاروبار کرلیا ہے اور کمائی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ اس طرح شاہ رخ خان نے۲۰۲۳ء میں فلموں کی کامیابی کی ہیٹ ٹرک کرلی ہے۔ فلم فیئر ایوارڈ کیلئے اس فلم کو بہترین اداکار سمیت ۹؍ زمروں میں جگہ ملی ہے۔ 

اس طرح دیکھا جائے تو ایک سال میں ڈھائی ہزار کروڑ سے زیادہ کی کمائی کا جو ریکارڈ شاہ رخ خان نے بنایا ہے، اسے کسی اداکار کیلئے توڑ پانا آسان نہیں ہوگا۔ یہ مشکل اسلئے بھی ہے کہ کسی بھی بڑے فنکار کی سال میں ۲؍ سے زائدفلمیں ریلیز نہیں ہوپاتی ہیں۔ شاہ رخ خان بالی ووڈ کے بادشاہ تو خیر پہلے ہی سے تھے لیکن اب ان کی مانگ مزید بڑھ گئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ان کے یہاں اب فلم سازوں کی قطار لگنے لگی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق کرن جوہر بہت جلد شاہ رخ کے ساتھ کوئی بڑا اعلان کرنے والے ہیں۔ اسی طرح مکڑی، مقبول، حیدر اور اومکارہ جیسی منفرد فلمیں بنانے والےہدایت کار وِشال بھاردواج بھی کنگ خان کے ساتھ کسی پروجیکٹ پر کام کرنے والے ہیں۔ شاہ رخ کے بارے میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ ’دھوم۔ ۴‘ اور’یش راج فلم اسپائی یونیورس‘کی اگلی فلم میں بھی نظر آ سکتے ہیں۔ ایسے میں یہ دیکھنا بہت دلچسپ ہوگا کہ شاہ رخ خان اس سال کون کون سے نئے ریکارڈز بناتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK