Updated: May 27, 2026, 4:07 PM IST
| Mumbai
فلم ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ کیلئے مشہور گانے ’’چنری چنری‘‘ کے نئے ورژن نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔ گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ نے ریمیک پر شدید ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ورون دھون اس گانے کے ذریعے سلمان خان نہیں بن سکتے، جبکہ موسیقار انو ملک نے نئے ورژن کی تعریف کی ہے۔
ورون دھون اور ابھیجیت بھٹاچاریہ۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ میں پرانے ہٹ گانوں کے ریمکس اور دوبارہ تخلیق شدہ ورژنز کا رجحان ایک بار پھر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ فلم ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ میں شامل مشہور گانے ’’چنری چنری‘‘ کے نئے ورژن کو لے کر سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل سامنے آ رہے ہیں، جبکہ فلمی صنعت کے کئی معروف نام بھی اس بحث میں شامل ہو گئے ہیں۔ اصل ’’چنری چنری‘‘ ۱۹۹۹ء کی ہٹ فلم ’’بیوی نمبر ون‘‘ کا حصہ تھا، جس میں سلمان خان، سشمیتا سین اور کرشما کپور نظر آئے تھے۔ گانا وقت کے ساتھ بالی ووڈ کے سب سے مقبول ڈانس نمبرز میں شمار ہونے لگا۔ اب اسی گانے کو ورون دھون، مرونال ٹھاکر اور پوجا ہیگڑے کی فلم میں نئے انداز سے پیش کیا گیا ہے، تاہم یہ نیا ورژن ہر کسی کو پسند نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ڈان ۳‘‘ میں رنویر سنگھ کی جگہ کون لے گا؟ دو ناموں کی بازگشت
گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ نے اے این آئی کو دئیے گئے انٹرویو میں ریمیک پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’چنری چنری‘‘ سلمان خان کے کیریئر کا سب سے بڑا گانا تھا اور آج تک ٹرینڈ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ سلمان خان کی زندگی کا سب سے بڑا ہٹ گانا تھا۔ جب یہ آیا تھا تب سلمان ایک ابھرتے ہوئے اسٹار تھے، سپر اسٹار نہیں۔‘‘ ابھیجیت نے ورون دھون کے فلمی انتخاب پر بھی طنز کیا اور کہا کہ انہوں نے زیادہ تر ’’سیکنڈ ہینڈ فلمیں‘‘ کی ہیں، خاص طور پر وہ فلمیں جن کے اصل ورژن ان کے والد ڈیوڈ دھون نے بنائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ورون دھون اس گانے سے سلمان خان نہیں بن سکتے۔ سلمان خان اور ورون دھون میں بہت بڑا فرق ہے۔‘‘ گلوکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ گانے کو دوبارہ بنانے سے پہلے ان سے کوئی مشورہ نہیں کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق، یہ ان کیلئے ’’بھیس میں نعمت‘‘ ثابت ہوا کیونکہ انہیں نیا ورژن پسند ہی نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھئے: یہ حیرت انگیز ہے کہ ہندوستان میں’’الفا‘‘ جیسی ایکشن فلم بن رہی ہے :بوبی دیول
دوسری جانب، موسیقار انو ملک نے اس ریمیک کی کھل کر تعریف کی۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ یہ گانا پہلے بھی سپر ہٹ تھا، آج بھی سپر ہٹ ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ انہوں نے ورون دھون کی ڈانس پرفارمنس اور نئے ورژن کی کوریوگرافی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’ورون، تم نے بہت اچھا ڈانس کیا ہے۔ گانا بہت زبردست لگ رہا ہے۔‘‘ فلم ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ کی ہدایتکاری ڈیوڈ دھون نے کی ہے۔ فلم میں ورون دھون کے ساتھ پوجا ہیگڑے اور مرونال ٹھاکر مرکزی کرداروں میں ہیں۔
’’چنری چنری‘‘ کے نئے ورژن کو اکشے راہیجا اور ابھیشیک سنگھ نے ترتیب دیا ہے جبکہ اس کی کوریوگرافی ریمو ڈی سوزا نے کی ہے۔ گانے میں آواز جونیتا گاندھی، اسیس کور، آئی پی سنگھ، سدھیر یادوونشی اور انورادھا سری رام نے دی ہے۔ فلم ۵؍ جون کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، جبکہ ریمیک گانے پر جاری بحث نے فلم کی ریلیز سے پہلے ہی اسے خبروں میں لا کھڑا کیا ہے۔