• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی میں انتخابی دھاندلی روکنے کیلئے کانگریس پُرعزم

Updated: November 17, 2026, 10:24 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow

ایس آئی آر کے تحت بنائی گئی انتخابی فہرست کی جانچ کیلئے ریاست گیر مہم چلانےکا فیصلہ، ہر بوتھ پرچار رُکنی کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔

Meeting.Photo:INN
میٹنگ۔ تصویر:آئی این این
اتر پردیش میں ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ کےمسئلے پر سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ریاستی کانگریس نے خصوصی گہری نظرثانی کے تحت تیار کی گئی ووٹر لسٹوں کی جانچ کےلئے ریاست گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم کے تحت پارٹی ہر پولنگ بوتھ پر چار رکنی کمیٹی تشکیل دے گی، جو ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کی جانچ کرے گی اور اس کی شکایت الیکشن کمیشن سے کرےگی۔ 
 
 
لکھنؤمیں ریاستی کانگریس انچارج راجندر پال گوتم اور ریاستی صدر آرادھنا مشرا ’مونا‘ نے ایس آئی آر کے عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کئے۔ کانگریس لیڈروں نے الزام لگایا کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے دوران مسلم، دلت، آدیواسی اور پسماندہ طبقات کے ووٹروں کے نام متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ مردوں کے مقابلے خواتین کے تقریباً  ۱۵؍ فیصد زیادہ ووٹ کاٹے گئے ہیں۔
ریاستی کانگریس صدر آرادھنا مشرا مونا نے کہا کہ ایس آئی آر کے نام پر ووٹروں کے جمہوری حقوق کے ساتھ کھلواڑ کئے جانے کے خدشات کے پیش نظر پارٹی نے وسیع پیمانے پر جانچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس کارکنان ریاست کے ہر اسمبلی حلقے میں ووٹر لسٹوں کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہر پولنگ بوتھ پر چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ یہ کمیٹی ووٹر لسٹ میں شامل ناموں کی جانچ کرے گی اور اہل ووٹروں کے نام حذف کئے جانے یا نااہل افراد کے نام شامل ہونے جیسی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرے گی۔کانگریس کی مجوزہ حکمت عملی کے مطابق شکایات کے اندراج اور انہیں آگے پہنچانے کےلئے چار مرحلوں میں کام کیا جائے گا۔پہلے مرحلے کے تحت بوتھ سطح کی کمیٹی ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرے گی۔ دوسرے مرحلے کےتحت متعلقہ شکایات ضلع سطح کے افسران کے سامنے پیش کی جائیں گی اور تیسرے مرحلے کے تحت شکایات کی تفصیلات ریاستی کانگریس دفتر کو بھیجی جائیں گی۔اسی طرح چوتھے مرحلےکے تحت ریاستی دفتر تمام شکایات کو یکجا کرکےریاستی الیکشن کمیشن کے سامنے اٹھائے گا۔
 
 
پارٹی کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات تک انتخابی فہرستوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے۔ کانگریس لیڈروں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے درمیان کوئی فرق نظر نہیں آ رہا ہے۔اس کے ساتھ ہی  انہوں نےبیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرانے اورووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کے لئے ذمہ دار افراد کی جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ ایک تحریک کے ذریعہ لوگوں کو بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ کانگریس نے اس سے قبل پیلی بھیت میں ووٹر لسٹ میں گڑبڑی کا معاملہ بھی اٹھایا تھا اور جانچ میں شکایت درست پائے جانے کے بعد متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ درج کرکے معطلی تک کی کارروائی کی گئی ہے ۔اتر پردیش میں اب ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی سیاسی بحث کا ایک اہم موضوع بنتی جا رہی ہے۔ کانگریس جہاں بے ضابطگیوں کی جانچ اور جوابدہی کا مطالبہ کر رہی ہے، وہیں بی جے پی بھی انتخابی فہرست میں رائے دہندگان کے نام شامل کرانے کے لئے مہم کی تیاری کر رہی ہے۔اسی طرح الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ کو اپڈیٹ کرکے غلطیوں سے پاک بنانے اور اپنی غلطیوں کو چھپانے اور اس کا ازالہ کرنے کا عمل جاری ہے۔
خیال رہے کہ اترپردیش میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے مل کر ’انڈیاا تحاد‘ کے طور پر الیکشن لڑنے کا پورا پورا امکان ہے۔ اس تعلق سے پیر کو کانگریس نے اپنے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی ہے جبکہ منگل کو کانگریس اور سماجوادی لیڈروں کے درمیان میٹنگ ہوگی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK