دنیا کے معروف فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے آخرکار اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے منگنی کرلی۔
EPAPER
Updated: August 12, 2025, 6:00 PM IST | Lisbon
دنیا کے معروف فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے آخرکار اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے منگنی کرلی۔
پرتگال اور النصر فٹبال کلب کے لیجنڈ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ۹؍سال کے طویل سفرِ محبت کے بعد اپنی ساتھی جارجینا روڈریگز سے منگنی کر لی ہے۔ جارجینا نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو اس بارے میں آگاہ کیا۔ جارجینا نے اپنے ہاتھ اور رونالڈو کے ہاتھ کی تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ ہاں میں تم سے پیار کرتی ہوں۔ اس زندگی میں اور ہر آنے والی زندگی میں۔
گزشتہ روز۳۱؍ سالہ جارجینا روڈریگز نے ۴۰؍ سالہ کرسٹیانو رونالڈو کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی، جس میں ان کا ہاتھ رونالڈو کے ہاتھ پر رکھا ہوا ہے اور ان کی انگلی میں بڑی سی ہیرے کی انگوٹھی نمایاں ہے۔ یہ جوڑا۲۰۱۶ء میں میڈرڈ کے گُچی اسٹور میں ملاقات کے بعد سے ساتھ ہے، جہاں جارجینا ملازمت کر رہی تھیں۔ دونوں کی دو بیٹیاں ہیں، جبکہ روڈریگز رونالڈو کے دیگر ۳؍ بچوں کی پرورش میں بھی مدد کر رہی ہیں،۲۰۲۲ء میں دونوں کے نوزائیدہ جڑواں بچوں میں سے ایک لڑکے کا انتقال ہوگیا تھا۔
جارجینا روڈریگز کی منگنی کی انگوٹھی ایک دلکش اوول کٹ ہیرے پر مشتمل ہے جو ایک نفیس بینڈ پر جڑی ہوئی ہے۔ہسپانوی میڈیا کے مطابق جیولری ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ پتھر۱۰؍ سے۱۵؍ قیراط وزنی ہے اور اس کی مالیت۱۰؍ سے۵۰؍ لاکھ ڈالر کے درمیان ہے۔ بعض جیولری ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ انگوٹھی ۲۵؍ سے۳۰؍ قیراط وزنی ہے، جب کہ مختلف ذرائع نے اس کی قیمت۲۰؍ لاکھ سے۵۰؍لاکھ ڈالر کے درمیان بتائی ہے، جو اس کی شفافیت اور ڈیزائن پر منحصر ہے۔ خیال رہے کہ ریئل میڈرڈ اور مانچسٹر یونائٹیڈ کے سابق اسٹار اس وقت سعودی عرب کے کلب النصر کے لیے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں سعودی کلب کے ساتھ دو سال کی مدت کے لیے۲۰۲۷ء کی گرمیوں تک معاہدے میں توسیع کی ہے۔