• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل سے دھونی کا ریٹائرمنٹ، چنئی سپر کنگز کے مینٹور کا کردار نبھائیں گے

Updated: November 17, 2026, 4:00 PM IST | Chennai

وہ ۲۰۲۷ء کے سیزن سے چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے مینٹور کی نئی ذمہ داری سنبھالنے جا رہے ہیں۔ دھونی نے ۲۰۰۸ء میں آئی پی ایل کے پہلے سیزن سے ہی اس فرنچائز کے ساتھ اپنا سفر شروع کیا تھا اور اپنی قیادت میں ٹیم کو پانچ مرتبہ خطاب دلایا۔

Dhoni.Photo:X
ایم ایس دھونی۔ تصویر:ایکس

 ہندوستان کے سابق مشہور کرکٹ کپتان مہندر سنگھ دھونی نے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ وہ  ۲۰۲۷ء کے سیزن سے چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے مینٹور کی نئی ذمہ داری سنبھالنے جا رہے ہیں۔ دھونی نے ۲۰۰۸ء  میں آئی پی ایل کے پہلے سیزن سے ہی اس فرنچائز کے ساتھ اپنا سفر شروع کیا تھا اور اپنی قیادت میں ٹیم کو پانچ مرتبہ خطاب دلایا۔ دھونی کی قیادت میں چنئی سپر کنگز نے۲۰۱۰ء، ۲۰۱۱ء، ۲۰۱۸ء، ۲۰۲۱ء اور ۲۰۲۳ء میں آئی پی ایل کا خطاب جیتا۔ اس طرح وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ خطاب جیتنے والے کپتانوں میں مشترکہ طور پر پہلے مقام پر ہیں۔ ان کی قیادت میں ٹیم نے۲۰۰۸ء، ۲۰۱۲ء، ۲۰۱۳ء، ۲۰۱۵ء اور ۲۰۱۹ء  میں بھی فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم اسے رنر اپ رہنا پڑا۔ دھونی نے سپر کنگز کو دو مرتبہ چیمپئنز لیگ ٹی۲۰؍ کا خطاب بھی دلایا، جو کسی بھی کپتان کی جانب سے سب سے زیادہ ہے۔


چنئی سپر کنگز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دھونی کے نئے کردار کا اعلان کرتے ہوئے لکھا’’باقاعدہ اعلان۔ ایک ایسا کھلاڑی جو زندگی میں ایک بار سامنے آتا ہے، ایک نیا کردار اور ایک ایسا رشتہ جو ہمیشہ قائم رہے گا۔‘‘فرنچائز نے مزید کہاکہ ’’مہندر سنگھ دھونی چنئی سپر کنگز کے ٹیم مینٹور کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ بے شمار فتوحات، مشکل وقت اور ایسی یادوں کے ساتھ جو ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گی، ایم ایس شروع سے ہی ہمارے سفر کا مرکز رہے ہیں۔ ہمیں کامیابی دلانے سے لے کر سپر کنگز کی اگلی نسل کی رہنمائی کرنے تک، تھلا ہمیشہ ہماری شناخت کا حصہ رہیں گے اور چنئی ہمیشہ ان کا گھر رہے گا۔‘‘
دھونی صرف ایک کامیاب کپتان ہی نہیں بلکہ آئی پی ایل کی تاریخ کے عظیم بلے بازوں میں بھی شمار ہوتے ہیں۔ وہ چنئی سپر کنگز کی جانب سے ۵۳۱۴؍ رن بنا کر ٹیم کے دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ وہ ۲۷۲؍ میچوں کے ساتھ چنئی سپر کنگز کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ آخری گیند پر ان کے متعدد فیصلہ کن شاٹس اور مشہور ہیلی کاپٹر شاٹ چنئی سپر کنگز اور آئی پی ایل کی تاریخ کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔ تاہم اعداد و شمار سے ہٹ کر دھونی کی شخصیت نے کرکٹ اور چنئی سپر کنگز کے ایک عام عظیم کھلاڑی سے کہیں آگے کی حیثیت حاصل کی ہے۔ دباؤ کے لمحات میں ان کا پرسکون مزاج، بلے بازوں کو حیران کر دینے والی تیز اسٹمپنگ اور روایتی انداز سے ہٹ کر فیصلے کرنے کی صلاحیت نے لاکھوں شائقین کو ان کا مداح بنایا۔

یہ بھی پڑھئے:بی بی سی، سی این این اور زوم سمیت ۱۷۸؍ عالمی اداروں کی ویب سائٹس پر سائبر حملہ

چنئی سپر کنگز کے مالک این سرینواسن نے کہا کہ ایم ایس دھونی ۲۰۲۷ء کے آئی پی ایل سیزن سے ٹیم مینٹور کی حیثیت سے ایک نئے باب کا آغاز کریں گے۔ دھونی کی فرنچائز کے لیے اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایم ایس دھونی کے بغیر سی ایس کے کا کوئی وجود نہیں۔ تقریباً دو دہائیوں سے ہم نے کامیابیوں، ناکامیوں اور ہر طرح کے حالات میں ایک ساتھ سفر کیا اور ترقی کی ہے۔ ہمارا رشتہ اس لیے مضبوط ہے کیونکہ ہم ایک دوسرے کی نیت پر شک نہیں کرتے۔ اسی اعتماد نے اس سفر کو ممکن بنایا۔ 
انہوں نے کہا کہ ۲۰۰۸ءمیں میں نے اصرار کیا تھا کہ دھونی کو سی ایس کے کا حصہ ہونا چاہیے۔ یہ میرا بہترین فیصلہ ثابت ہوا۔ ایسا صرف فرنچائز کے لیے ان کی کامیابیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ اس لیے بھی کہ وہ ایک بہترین انسان ہیں۔ دھونی ہمیشہ ہماری شناخت کا حصہ رہیں گے اور یہ جگہ ہمیشہ ان کا گھر رہے گی۔  چنئی سپر کنگز کی مالک روپا گروناتھ نے کہاکہ ایم ایس دھونی جیسا کھلاڑی زندگی میں ایک بار ہی سامنے آتا ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں اور ان کے بے حد شکر گزار ہیں کہ وہ فرنچائز کے قیام کے وقت سے ہمارے ساتھ رہے اور انہوں نے اس ٹیم کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایس دھونی چنئی سپر کنگز کے لیے محض ایک عظیم کھلاڑی سے کہیں بڑھ کر ہیں۔ انہوں نے میدان کے اندر اور باہر ہمیں جو کچھ دیا ہے، اس کی کوئی پیمائش نہیں کی جا سکتی۔ ان کی قیادت، عاجزی، عزم اور لاکھوں شائقین کے ساتھ ان کا تعلق واقعی غیر معمولی ہے۔ انہوں نے برسوں میں ایک ایسی میراث قائم کی ہے اور ہمیں ایسی یادیں دی ہیں جنہیں ہم زندگی بھر یاد رکھیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان اور آسیان کا مستقبل مسابقت سے نہیں، تعاون سے طے ہونا چاہیے: مودی

روپا گروناتھ نے مزید کہاکہ ایم ایس مینٹور کی حیثیت سے سی ایس کے خاندان کا حصہ رہیں گے۔ ان کا تجربہ اور مہارت ہمارے لیے بے حد قیمتی ہیں، خاص طور پر ٹیم میں تبدیلی کے اس دور میں۔ اسکواڈ میں کئی نوجوان کھلاڑی موجود ہیں اور ان کی رہنمائی سی ایس کے کی اگلی نسل کو تیار کرنے میں مدد دے گی۔ سی ایس کے کے منیجنگ ڈائریکٹر کے ایس وشواناتھن نے کہاکہ ایک کرکٹر کی حیثیت سے ایم ایس دھونی نے جو کچھ حاصل کیا ہے، وہ ہر شائقین کے ذہن میں نقش ہے۔ لیکن دھونی کو حقیقی معنوں میں خاص بنانے والی بات یہ ہے کہ وہ مکمل طور پر چنئی کا حصہ بن گئے۔ انہوں نے اس شہر کو اپنایا اور شہر کے لوگوں نے بھی انہیں اپنے خاندان کا فرد سمجھ کر قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم ماضی پر نظر ڈالتے ہیں تو ٹرافیز  تو یاد رہیں گی ہی، لیکن یہ بھی یاد رہے گا کہ ہم نے انہیں کس انداز میں جیتا تھا۔ یہی دھونی کی اصل میراث ہے۔ اگرچہ ہمیں میدان میں انہیں پیلی جرسی میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کی کمی محسوس ہوگی، لیکن ہمیں خوشی ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کی رہنمائی جاری رکھیں گے۔ یہ رشتہ آنے والے برسوں میں بھی مضبوط ہوتا رہے گا اور ٹیم کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔چنئی سپر کنگز کو اب دھونی کے نئے کردار اور ان کی رہنمائی میں ٹیم کے آئندہ سفر کا انتظار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK