Updated: June 09, 2026, 9:15 PM IST
| Mumbai
کامیڈین Tanmay Bhat نے اداکار رنویر سنگھ کے ’’ڈان ۳‘‘ سے مبینہ طور پر علیحدہ ہونے کے تنازع کے دوران ایک مزاحیہ تبصرہ کرکے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی۔ یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں تنمے نے ورون دھون کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے مذاقاً کہا کہ وہ بالکل ویسے اداکار ہیں جس کی اس وقت فرحان اختر کو تلاش ہے۔
ورون دھون، رنویر سنگھ اور تنمے بھٹ۔ تصویر: آئی این این
کامیڈین اور یوٹیوبر تنمے بھٹ اور رنویر سنگھ کے ’’ڈان ۳‘‘ سے مبینہ طور پر الگ ہونے کے معاملے پر ایک ہلکا پھلکا طنزیہ تبصرہ کیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ یہ واقعہ تنمے بھٹ کے یوٹیوب چینل پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں پیش آیا، جس میں ورون دھون، مزاح نگار روہن جوشی، پیوش شرما اور ذاکر خان بھی شریک تھے۔ ویڈیو کے دوران تنمے بھٹ نے ورون دھون سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ورون، جس نے بھی آپ کے ساتھ کام کیا ہے، وہ ہمیشہ کہتا ہے کہ بالی ووڈ کے بڑے اسٹار ہونے کے باوجود آپ اب بھی پروفیشنل، پُرعزم اور قابلِ اعتماد ہیں۔ اور اتفاق سے یہی وہ خصوصیات ہیں جو اس وقت فرحان اختر کسی اداکار میں تلاش کر رہے ہیں۔ شاید آپ کو…‘‘
تنمے کا جملہ مکمل ہونے سے پہلے ہی کمرے میں موجود تمام افراد ہنس پڑے۔ اس کے بعد گفتگو مزید مزاحیہ رخ اختیار کر گئی۔ ایک شریک نے مذاقاً ’’ڈان نمبر ون‘‘ کہا، جبکہ دوسرے نے ’’میں تیرا ڈان‘‘ کا جملہ دہرایا۔ بعد ازاں ورون دھون نے بھی ہنستے ہوئے یہی جملہ دہرا دیا، جس سے محفل مزید خوشگوار ہو گئی۔ یہ تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رنویر سنگھ کے ’’ڈان ۳‘‘ سے الگ ہونے کی رپورٹس مسلسل زیرِ بحث ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے دسمبر ۲۰۲۵ء میں فلم سے کنارہ کشی اختیار کی تھی، جس کے نتیجے میں پروڈیوسرز کو مبینہ طور پر تقریباً ۴۵؍ کروڑ روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان میں ’’دی اوڈیسی‘‘ کی ٹکٹ کی قیمت ۳؍ ہزار روپے تک پہنچ گئی
معاملہ بعد ازاں ایف ڈبلیو آئی سی ایتک بھی پہنچا تھا، جس نے ابتدائی طور پر رنویر سنگھ کے خلاف عدم تعاون کی ہدایت جاری کی تھی۔ واضح رہے کہ ۲۰۲۳ء میں رنویر سنگھ کو ’’ڈان ۳‘‘ میں مرکزی کردار کے لیے منتخب کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس اعلان کے بعد انہوں نے اس مشہور فرنچائز میں شاہ رخ خان کی جگہ لی تھی، جنہوں نے اس سے قبل ’’ڈان‘‘ اور ’’ڈان ۲‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم کی ہدایت کاری فرحان اختر کر رہے ہیں اور اسے بالی ووڈ کی سب سے زیادہ متوقع فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ تاہم رنویر سنگھ کی مبینہ علیحدگی کے بعد فلم کے مستقبل اور نئی کاسٹنگ کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
تنمے بھٹ کا حالیہ مزاحیہ تبصرہ بھی اسی تنازع کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جسے سوشل میڈیا صارفین نے ہلکے پھلکے انداز میں لیا اور ویڈیو کے کلپ کو مختلف پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا۔