امریکی صدر نےیہ بھی بتایا کہ بہرے پن کے علاج میں ’جین تھیراپی‘ کے ذریعے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
EPAPER
Updated: April 25, 2026, 10:40 AM IST | Washington
امریکی صدر نےیہ بھی بتایا کہ بہرے پن کے علاج میں ’جین تھیراپی‘ کے ذریعے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی تاریخ میں ادویات کی قیمتوں میں سب سے بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے فارماسیوٹیکل کمپنی ریجنیرون اور۱۷؍دیگر بڑی دواساز کمپنیوں کے ساتھ اہم معاہدہ کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ریجنیرون، جو دنیا کی بڑی دواساز کمپنیوں میں سے ایک ہے، انتہائی رعایتی قیمتوں پر ادویات فراہم کرنے پر اتفاق کرچکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مزید۱۷؍ بڑی کمپنیاں بھی کم قیمت پر ادویات دینے پر راضی ہو گئی ہیں جس کے بعد اب امریکی مریضوں کو ادویات کم ترین نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ کئی دہائیوں سے امریکی شہری ادویات کے لئےزیادہ قیمتیں ادا کر رہے تھے اور کمپنیاں اپنے منافع کا۷۵؍ فیصد امریکی صارفین سے کما رہی تھیں جسے اب ختم کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کے ’’ہیل ہول‘‘ بیان پر ایران کا ہندوستان میں طنزیہ سفارتی جواب
امریکہ کے صدرڈونالڈ ٹرمپ نے صحت کے شعبے میں ہونے والی دیگر کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بہرے پن کے علاج میں ’جین تھیراپی‘ کے ذریعے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے مثال دی کہ ایک ڈھائی سالہ بچے کا نئے طریقے سے علاج کیا گیا جس کے بعد اب وہ سننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ وزن کم کرنے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ انہوں نے صحت کے شعبے میں جو انقلابی اقدامات کئے ہیں، ان سے یقیناً ’فیک نیوز‘ میڈیا بھی خوش ہوگا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان اقدامات سے عام امریکیوں پر مالی بوجھ کم ہوگا اور بہترین طبی سہولیات تک سب کو رسائی حاصل ہوگی۔