ہندی فلمی دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب موسیقارجوڑی شنکر جے کشن نے اپنے سروں کے جادو سے کئی دہائیوں تک سامعین کو محظوظ کیا۔
EPAPER
Updated: April 27, 2026, 12:19 PM IST | Mumbai
ہندی فلمی دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب موسیقارجوڑی شنکر جے کشن نے اپنے سروں کے جادو سے کئی دہائیوں تک سامعین کو محظوظ کیا۔
ہندی فلمی دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب موسیقارجوڑی شنکر جے کشن نے اپنے سروں کے جادو سے کئی دہائیوں تک سامعین کو محظوظ کیا۔ ان کی جوڑی ایک مثال کے طور پر جانی جاتی تھی لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا جب دونوں کے درمیان نااتفاقی پیدا ہوگئی تھی۔ شنکر اور جے کشن نے ایک دوسرے سے وعدہ کیا تھاکہ وہ کبھی کسی کو نہیں بتائیں گے کہ دھن کس نے بنائی ہےلیکن ایک بار جے کشن اس وعدے کو بھول گئے اور مشہورسنے میگزین فلم فیئر کے مضمون میں بتا دیا کہ فلم ’سنگم‘ کا نغمہ ’’یہ میرا پریم پتر پڑھ کر کہ تم ناراض نہ ہونا‘‘ کی دھن انہوں نےبنائی تھی، اس بات سے شنکر کافی ناراض ہوگئے لیکن بعد میں گلوکارمحمد رفیع کی کوشش سے شنکر اور جے کشن کے درمیان اختلافات کو کسی حد تک کم کیا جا سکا۔
شنکرسنگھ رگھوونشی کی پیدائش ۱۵؍اکتوبر۱۹۲۲ءکو پنجاب میں ہوئی تھی۔ وہ بچپن سے ہی موسیقار بننا چاہتے تھے اور ان کی دلچسپی طبلہ نوازی میں بہت زیادہ تھی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بابا ناصر خان سے حاصل کی تھی اس کے ساتھ ہی انہوں نےحسن لال بھگت رام سے بھی موسیقی کی تربیت حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ’شعلے‘ سے قبل امجد خان نے ڈاکوئوں پر لکھی کتاب ’ابھی شپت چنبل‘ کا مطالعہ کیا تھا
اپنے ابتدائی مراحل میں شنکر نےستیہ نارائن اور ہیماوتی کے چلائے جارہے ایک تھیٹر گروپ میں کام کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ پرتھوی تھیٹر سے بھی جڑ گئے جہاں وہ طبلہ بجانے کا کام کیا کرتےتھے۔ اس کے علاوہ پرتھوی تھیٹرکےڈراموں میں وہ چھوٹے موٹے رول بھی ادا کرتے تھے۔ اسی دوران جے کشن بھی بطور موسیقار اپنی شناخت بنارہےتھے۔ شنکر کی سفارش پر انہیں پرتھوی تھیٹر میں ہارمونیم بجانے کا کام مل گیا۔
موسیقارشنکرجےکشن کی جوڑی نے انمول کام کیا۔ اِن کے زیادہ تر نغموں نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ اِن ہی سے فلمی نغموں کی صدا بندی میں ۲۰۰؍ میوزیشین استعمال کیے جانے کی روایت پڑی۔ اس سےپہلے محض چار پانچ انسٹرومینٹس ہی صدابندی کیلئے ضروری سمجھے جاتے تھے۔ اِن ہی کی وجہ سے بعد میں آنے والوں کیلئے یہ نقشِ راہ ثابت ہوا۔ ۱۹۴۸ء میں، راج کپور کو اپنی فلم ’برسات‘کےلئےموسیقار کی تلاش تھی۔ راج کپورشنکرجےکشن کی دھن بنانے کے اندازسےکافی متاثر تھے اور انہوں نے شنکر جے کشن کو اپنی فلم برسات میں موسیقی دینے کی پیشکش کر دی۔ اس جوڑی نےفلم برسات کے’جیا بے قرار ہے آئی بہار ہے‘اور’برسات میں ہم سے ملے تم سجن تم سے ملے ہم‘ جیسےنغموں میں موسیقی دے کر اپنی شناخت قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ یہ محض ایک اتفاق ہی تھا کہ فلم برسات سےہی نغمہ نگار شیلندر اور حسرت جے پوری نے بھی اپنے فلمی کریئرکا آغاز کیا تھا اور اس فلم کی کامیابی کےبعد راج کپور، حسرت جے پوری اور شنکر جے کشن کی جوڑی نےکئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ شنکر جے کشن کی جوڑی نغمہ نگار حسرت جے پوری اور شیلندر کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ شنکرجےکشن کی جوڑی کو سب سے زیادہ۹؍مرتبہ بہترین موسیقار کےایوارڈ سے نوازا گیا۔ ۱۲؍ستمبر ۱۹۷۱ءکوجے کشن اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔ شنکر نے موسیقی کا سلسلہ جاری رکھا۔ ۱۹۷۶ءمیں بننے والی فلم ’لال پتھر‘کے علاوہ ہر ایک فلم میں اپنے نام کے ساتھ جے کشن کا نام برقرار رکھا۔ بالاآخر ۲۶؍اپریل ۱۹۸۷ء کو وہ بھی اِس جہاں سے رخصت ہو گئے۔