• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اینریک ایگلیسیاس ممبئی کنسرٹ: ۲۴؍ لاکھ مالیت کے۷۳؍ فونز چوری، ایف آئی آر درج

Updated: November 01, 2025, 8:03 PM IST | Mumbai

ہسپانوی پاپ اسٹار اینریک ایگلیسیاس کے ممبئی کنسرٹ کی جادوئی رات کا اختتام اس وقت مایوسی پر ہوا، جب متعدد شرکا نے دعویٰ کیا کہ شو کے دوران ان کے موبائل فون چوری ہوگئے۔ پولیس کے مطابق، تقریباً ۸۵ء۲۳؍ لاکھ روپے مالیت کے ۷۳؍ موبائل فون چوری ہوئے ہیں اور سات ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔

Enrique Iglesias. Picture: INN
اینریک ایگلیسیاس۔ تصویر: آئی این این

باندرہ کرلا کمپلیکس کے ایم ایم آر ڈی اے گراؤنڈز میں منعقد ہونے والے اینریک ایگلیسیاس کے کنسرٹ کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جہاں مداحوں نے بتایا کہ ان کے موبائل فون شو کے اختتام تک چوری ہو گئے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے تصدیق کی ہے کہ تقریباً ۸۵ء۲۳؍ لاکھ روپے مالیت کے کم از کم ۷۳؍ موبائل فون چوری ہوئے ہیں۔ ممبئی پولیس کے مطابق، اب تک سات ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ شکایات درج کرانے والوں میں ایک میک اپ آرٹسٹ، ہوٹل مالک، طلبہ، ایک صحافی، اور کئی تاجر شامل ہیں، جنہوں نے بتایا کہ ان کے فون کنسرٹ کے دوران یا فوراً بعد چوری ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ ملوث افراد کی شناخت کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھئے:کاجول نے منیش ملہوترہ کی تعریف کی کہ وہ اداکاروں کو ان کے وزن کے متعلق کبھی کچھ نہیں کہتے

خیال رہے کہ کنسرٹ کے ٹکٹس کی کم از کم قیمت ۷؍ ہزار تھی جبکہ بہت سے شائقین نے اسٹیج کے قریب جگہ حاصل کرنے کیلئے اس سے زیادہ رقم ادا کی تھی۔ بیشتر مداحوں کیلئے یہ کنسرٹ بہت خاص تھا کیونکہ اینریک ایگلیسیاس ۱۳؍ سال بعد ہندوستان میں پرفارم کر رہے تھے۔ ۵۰؍ سالہ لاطینی پاپ آئیکون کی اس پہلی ممبئی پرفارمنس میں ۲۵؍ ہزار سے زائد شائقین نے شرکت کی۔ گلوکار نے ۹۰؍ منٹ طویل سیٹ کے دوران اپنی مشہور گیتوں سے مداحوں کو محظوظ کیا۔ کنسرٹ سے قبل اینریک ایگلیسیاس نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ممبئی میں پرفارم کرنے کیلئے بے حد پرجوش ہیں۔ ان کے مطابق ’’میں نے ممبئی کی ناقابلِ یقین توانائی کے بارے میں بہت کچھ سنا ہے، اور میں اس تعلق کو دوبارہ محسوس کرنے کا انتظار نہیں کر سکتا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:رشمیکا مندانا کی اداکاروں کو ۹؍سے ۶؍ کام کرنے کی مانگ پر انٹرنیٹ صارفین برہم

جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں ہندوستان کی کون سی چیز سب سے زیادہ متوجہ کرتی ہے، تو انہوں نے کہا کہ ’’یہاں کے لوگ، ان کی گرمجوشی اور موسیقی کیلئے جذبہ، ہمیشہ میرے دل میں رہا ہے۔‘‘ اس کنسرٹ میں کئی معروف شخصیات بھی نظر آئیں جن میں ملائکہ اروڑہ، ودیا بالن، راکل پریت سنگھ، جیکی بھگنانی، روبینہ دلیک، انو ملک اور ابھینو شکلا شامل تھے، جو شو سے لطف اندوز ہوتے اور گانے گاتے دکھائی دیئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK