Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران امریکہ تنازع: تازہ پیش رفت، عالمی درعمل

Updated: March 15, 2026, 6:38 PM IST | Tehran

ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باعث آبنائے ہرمز میں کشیدگی بڑھ گئی ہے جس کے اثرات عالمی توانائی کی منڈیوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔ اس دوران ٹرمپ نے کسی بھی معاہدہ سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے حملوں نے ایرانی جوابی حملوں کی صلاحیت کو ختم کردیا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

آبنائے ہرمز امریکہ ،اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ سب کیلئے کھلی ہے: ایران
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے زور دے کر کہا کہ آبنائےبیشتر جہازوں کے لیے کھلی ہےسوائے امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں  کے ۔ ایم ایس ناؤ سے بات کرتے ہوئے، عراقچی نے کہا کہ دوسرے ممالک کے جہازوں کو اس اہم شپنگ راستے سے گزرنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا ،’’حقیقت یہ ہے کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے۔ یہ صرف ہمارے دشمنوں، ا ن ممالک کے ٹینکرز اور جہازوں کے لیے بند ہے جو ہم پر حملہ آور ہیں اور ان کے اتحادی ہیں۔ باقی سب کے لیے گزرنے کی اجازت ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران، اسرائیل جنگ: سوئزرلینڈ نےامریکی فوجی طیاروں کیلئے فضائی حدود بند کردی

ایران کا ملک میں موساد کے ۵۴؍ جاسوس پکڑنے کا دعویٰ
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خفیہ معلومات اکٹھا کرنے، دشمن کی حمایت کرنےاور حکومت کے خلاف پروپیگنڈا چلانے کے الزام میں ۵۴؍ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے،ایرانی خبر رساں ادارے فارس نے پراسیکیوٹر دفتر کے حوالے سے بتایا کہ ’’یہ افراد دشمن کی حمایت، اس کے لیے معلومات اکٹھا کرنے، حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی داخلی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور معاشرے کی نفسیاتی سلامتی میں خلل ڈالنے کے مقصد سے جھوٹ اور افواہیں پھیلانے میں ملوث تھے۔‘‘


روس جنگ کے دوران ایران کو امداد بھیجنے والا پہلا ملک بن گیا 
روس نے ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے شدت اختیار کرنے کے دوران آذربائیجان کے راستے ایران کو۱۳؍ ٹن سے زائد ہنگامی طبی سامان پہنچایا ہے۔ امدادی پیکج، جو بنیادی طور پر ادویات اور ضروری اسپتال کے آلات پر مشتمل ہے، ہفتوں کی شدید بمباری کے بعد طبی اشیاء کی فوری قلت کو دور کرنے کے لیے روسی صدر ولادیمیر پوتین کے براہ راست حکم پر بھیجا گیا۔یہ انسانی ہمدردی پر مبنی سامان روس کی وزارت ایمرجنسی سیچویشنز کے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے آذربائیجان پہنچایا گیا، جہاں سے حتمی ترسیل کے لیے اسے ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ امداد تہران کی مخصوص درخواست پر فراہم کی گئی، جس میں طبی بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی اور شہری ہلاکتوں کی بڑی تعداد کا حوالہ دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’امریکی فوجی اڈے بند کرو یا حملوں کیلئے تیار رہو‘‘

وائٹ ہاؤس: ایران کے خلاف مشترکہ امریکی و اسرائیلی فوجی کارروائی کے بڑے پیمانے پر نتائج 
انادولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وائٹ ہاؤس نے سنیچر کو کہا کہ ایران کے خلاف مشترکہ امریکی-اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے بڑے پیمانے پر نتائج حاصل کیے ہیں، اور دعویٰ کیا ہے کہ تہران کی میزائل، بحریہ اور ڈرون صلاحیتوں کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔ایکس پر جاری ایک بیان میں، انتظامیہ نے کہا کہ ایران کی بیلسٹک میزائل صلاحیت’’ قابل قدر  تباہ‘‘ ہو چکی ہے، جبکہ ملک کی بحریہ کو ’’جنگی صلاحیت سے محروم‘‘قرار دیا گیا ہے۔بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ امریکی اور اسرائیلی افواج نے ’’ایران پر مکمل اور کلی فضائی تسلط‘‘قائم کر لیا ہے، جو ’’آپریشن ایپک فیوری‘‘ کے نام سے جاری فوجی مہم کا حصہ ہے۔ ایرانی ڈرون حملوں میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایران کی حملے کرنے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر کم کر دیا گیا ہے۔ 

 امریکی طیارہ بردار بحری جہاز لنکن بے اثر : ایران کا دعویٰ
 ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے حملے کے بعد امریکی طیارہ بردار بحری بیڑہ خطے سے فرار ہو گیاہے۔ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن (CVN-72) ایرانی مسلح افواج کے اہداف میں شامل تھا۔ایرانی میڈیا نے سنیچر کو ترجمان ابوالفضل شکاری کے حوالے سے بتایا کہ طیارہ بردار بحری جہاز ان کے مطابق ’’تاریخی شکست‘‘کے بعد خطے سے واپس چلا گیا۔شکاری نے علاقائی ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکہ پر بھروسہ نہ کریں اور کہا کہ واشنگٹن کی ’’خیالی طاقت‘‘ اسلامی ممالک کی سلامتی کی ضمانت نہیں دے سکتی۔ترجمان نے کہا کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن (CVN-72)، جو خطے میں تعینات تھا مسلمان ریاست ایران کی طاقت سے بے اثر کر دیا گیا اور تاریخی شکست میں آپریشنل زون سے نکلنے پر مجبور ہوا۔شکاری نے مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر دعویٰ کیا کہ طیارہ بردار بحری جہاز نے امریکہ کی طرف واپسی شروع کر دی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: لبنان محاذ پر کشیدگی تیز، اسرائیلی دھمکیاں اور حملے بڑھ گئے

ڈونالڈ ٹرمپ کا دوست ممالک سے آبنائے ہرمز کی حفاظت کیلئے جنگی جہاز بھیجنے پر زور
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دوست ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کی حفاظت کیلئے اپنے جنگی جہاز روانہ کریں،جس کے بعد چین اور برطانیہ کا رد عمل سامنے آیا ہے، واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان نے سی این این کو بتایا کہ چین جنگکا فوری خاتمہ چاہتا ہے، اور تمام فریقوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ توانائی کی مستحکم اور بلا روک ٹوک فراہمی کو یقینی بنائیں۔جبکہ برطانیہ کی وزارت دفاع نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس اہم بحری راستے  کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ابھی بھی متعدد متبادل پر غور کر رہا ہے۔تاہم فرانس، جاپان، جنوبی کوریا کی طرف سے ابھی تک کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔  


 جنگ ختم کرنے کیلئے معاہدہ کرنے کو تیار نہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ فی الحال جنگ ختم کرنے کیلئے معاہدہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کا اپنے جوہری عزائم ترک کرنا معاہدہ کرنے کا کلیدی جزو ہوگا۔ انہوں نے این بی سی نیوز کو فون انٹرویو میں بتایا، ’’ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، اور میں اسے نہیں کرنا چاہتا کیونکہ شرائط ابھی تک کافی اچھی نہیں ہیں۔‘‘اس کے علاوہ ٹرمپ نے جزیرہ خارگ پر امریکی حملوں کو جزیرے کی زیادہ تر فوجی تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کرنے والا قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم شاید تفریح کے لیے اس پر چند اور بار حملہ کر سکتے ہیں۔‘‘ 


اگر نیتن یاہو زندہ ہے تو ہم اسے تلاش کرکے ماریںگے: پاسداران انقلاب
ایران کے پاسداران انقلاب نے اتوار۱۵؍ مارچ) کو اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ جنگ کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو قتل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ایک بیان میں، کہا کہ اگر نیتن یاہو زندہ ہے تو وہ اس کا پیچھا کر کے اسے مار ڈالیں گے۔ واضح رہے کہ یہ بیان ان افواہوں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ نیتن یاہو کو مغربی ایشیا کی جنگ کے دوران قتل کر دیا گیا ہے یا وہ لاپتہ ہیں۔ تاہم، اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے ان رپورٹوں کو ’’جعلی خبریں‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، اور کہا کہ ’’وزیراعظم ٹھیک ہیں۔‘‘پاسداران نے اپنی ویب سائٹ سپاہ نیوز پر کہا، ’’اگر یہ بچے قتل کرنے والا مجرم زندہ ہے، تو ہم پوری قوت کے ساتھ اس کا پیچھا کرتے رہیں گے اور اسے مار ڈالیں گے۔‘‘واضح رہے کہ یہ انتباہ ایسے وقت میں آیا ہے جب جنگ کے دوران مغربی ایشیا میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نیتن یاہو کے نئے ویڈیو سے سوشل میڈیا پر ابہام

ایران نے متحدہ عرب امارات کی بندرگاہوں کے لیے فوری انتباہ جاری کیا
ایران نے متحدہ عرب امارات کی بندرگاہوں کیلئے فوری انتباہ جاری کرتے ہوئےاس پاس کے علاقوں سے شہریوں سے فوری طور پر نکل جانےکی ہدایت دی گئی ہے،اس ہدایت میں خاص طور پر دنیا کی مصروف ترین کنٹینر بندرگاہوں میں سے ایک، جبل علی بندرگاہ، خلیفہ بندرگاہ اور فجیرہ بندرگاہ کا نام لیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق، ان مقامات کو ’’جائز اہداف‘‘ میں دوبارہ درجہ بند کر دیا گیا ہے کیونکہ مبینہ طور پر امریکی فوجی ان شہری سہولیات کے اندر کام کر رہی ہے۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا کہ ان بندرگاہوں کو آنے والے گھنٹوں میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔


زیلینسکی وہ آخری شخص ہوگا جس سے میں مدد طلب کروںگا: ٹرمپ
 ٹرمپ نے یوکرین کے صدر زیلینسکی کے تعلق سے ایک بیان میں کہا کہ ’’ زیلینسکی وہ آخری شخص ہوں گے جن سے میں مدد چاہوں گا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کا یہ بیان اس پس منظر میں آیا جس میں ایرانی ڈرون کا مقابلہ کرنے کیلئے یوکرین کی مہارت کو بروئے کار لانے کا اشارہ کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ اس ماہ کے شروع میں زیلنسکی نے پیشکش کی تھی ، جس میں انہوں نے روسی ڈرونز کا مقابلہ کرنے کے یوکرینی فوج کے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے امریکی افواج اور ان کے اتحادیوں کو ایرانی ڈرونز کو روکنے میں مدد کی پیشکش کی تھی۔ این بی سی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے، امریکی صدر نے یوکرین کی ممکنہ مدد کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا، ’’ہمیں مدد کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’سب سے آخری شخص جس سے ہمیں مدد چاہیے وہ زیلنسکی ہیں۔‘‘
 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK