Inquilab Logo

منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے سے اپنا کردار آسان لگنے لگتاہے

Updated: August 20, 2023, 12:20 PM IST | Abdul Kareem Kasam Ali | Mumbai

’روٹی، کپڑا اور رومانس‘ کی اداکارہ نکیتا راول کا کہنا ہے فلموں میں  کامیڈی کرنا آسان نہیں ہوتا ہے لیکن ارشد وارثی اور چنکی پانڈے جیسے سینئر فنکاروں کی وجہ سے یہ کام بھی میرے لئے قدرے آسان ہوگیا

Nikita Rawal.Photo. INN
نکیتا راول ۔ تصویر:آئی این این

ممبئی میں پیداہونے والی اور اسی شہر میں پرورش پانے والی نکیتا راول نے بالی ووڈ میں اکشے کمار اور جان ابراہم جیسے کامیاب اداکاروں کے ساتھ کام کیاہے۔ ان کی نئی فلم روٹی ،کپڑا اور رومانس جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے جس میں وہ ارشد وارثی اور چنکی پانڈے جیسے تجربہ کار اداکاروں کے ساتھ نظرآنے والی ہیں ۔نکیتا راول کا خاندانی کاروبار ریستوراں چلانا ہے، اس کے ساتھ ہی وہ سماجی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں ۔انہوں نے منشیات کے خلاف چلائی جانے والی مہم میں بھی کام کیا تھا۔ وہ دیگر سماجی بیداری پھیلانے والی مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں ۔ نکیتا راول ۲۰۰۷ء سے فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں حالانکہ انہوں نے زیادہ فلموں میں کام نہیں کیاہے لیکن ا ب ان کی مزاحیہ فلم جلد ہی سنیما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔نمائندہ انقلاب نے اداکارہ نکیتا راول سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اپنی آنے والی فلم کے بارے میں بتائیں ؟
 ج: یہ ایک مزاحیہ فلم ہے جس کانام روٹی کپڑا اور رومانس ہے۔ اس میں میں بالی ووڈ کے دو معروف اور تجربہ کار اداکاروں ارشد وارثی اور چنکی پانڈے کے ساتھ کام کررہی ہوں ۔ اس فلم میں ، میں نے مرکزی کردار ادا کیاہے اور مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ میں منجھے ہوئے فنکاروں کے ساتھ کام کررہی ہوں ۔ اس فلم کو ہم نے بہت محنت سے بنایا ہے اور کوشش کی ہے کہ صاف ستھری کامیڈی فلم بنے۔ آج کے دورمیں اڈلٹ کامیڈی فلمیں بہت زیادہ بنائی جارہی ہیں لیکن ہم نے ان سے الگ ایک فیملی فلم بنائی ہے۔ 
مزاحیہ کردار اداکرنا آسان نہیں ہوتا،
 ایسے میں کس طرح آپ نے اس رول کو نبھایا؟
 ج:اس فلم میں میرے ساتھ ارشد وارثی اور چنکی پانڈے جیسے تجربہ کار مزاحیہ اداکار تھے، جنہوں نے میری کافی رہنمائی کی۔ ان دونوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے احساس ہی نہیں ہوا کہ میں کوئی کم تجربہ کار اداکارہ ہوں ۔ اس سے قبل میں نےفلم گرم مسالہ میں بھی جان ابراہم اور اکشے کمار کے ساتھ کامیڈی کی تھی تو اس وقت کا تجربہ بھی میرے کام آیا۔ میرے خیال میں جب آپ اچھے اداکاروں کے ساتھ کام کرتے ہیں تو آپ کیلئے کوئی بھی رول آسان ہوجاتا ہے۔ ارشد اور چنکی نے میرے لئے کافی آسانیاں پیدا کردی تھیں ۔ 
ارشد وارثی اور چنکی پانڈے کے ساتھ کیسے تجربات رہے ؟ 
  ج: دونوں بہت ہی اچھے اداکار ہیں ۔ ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ وہ سیٹ پر ہر وقت مذاق کیا کرتے تھے اور میرے ساتھ وہ کچھ زیادہ ہی مذاق کیا کرتے تھے۔ میں آپ کو ایک واقعہ سنانا چاہوں گی۔ ایک روز ان دونوں نے مجھے سویا بین کو چکن کہہ کر کھلا دیا تھا۔دراصل میں گوشت خور نہیں ہوں لیکن ان کے مذاق کی وجہ سے میں ۲؍  روز تک اسی تذبذب میں تھی کہ میں نے چکن کھا لیا ہے۔ بعد میں نے ان دونوں نے واضح کیا کہ وہ سویا بین ہی تھا اور انہوں نے میرے ساتھ مذاق کیاتھا۔بہرحال مذاق اپنی جگہ تھا اور کام اپنی جگہ۔ ان دونوں نے کامیڈی کی بہت سی باریکیاں مجھے بتائیں او رسمجھائیں ۔ 
وہ دونوں آپ کے بارے میں سیٹ پر کیا کہتے تھے ؟
 ج: ارشد وارثی اور چنکی پانڈے میرے بارے میں اچھی رائے رکھتے تھے۔ حالانکہ میں ان کے دل کی بات تو نہیں بتا سکتی لیکن شوٹنگ کے دوران ان سے بات چیت کرنے پر پتہ چلتا تھا کہ وہ میرے بارے میں اچھی رائے رکھتے ہیں ۔ وہ مجھ سے ہمیشہ کہتے تھے کہ میں اچھی اداکارہ ہوں اور مجھ میں بہت صلاحیت ہے جسے نکھار کر میں آگے بڑھ سکتی ہوں ۔ ان کی رائے کے مطابق مجھے کرائم کے موضوع پر بننے والی فلموں میں کام کرنا چاہئے کیونکہ میرا لُک ویسا ہی ہے۔ 
کیا اب او ٹی ٹی ہی تفریح کا ذریعہ بن گیا ہے؟
 ج: یہ بات تو صحیح ہے لیکن او ٹی ٹی پر آج بھی بیشتر شوز میں فحاشی دکھائی جارہی ہیں ۔ میرے خیال میں اگر اس پر کنٹرول کیا جائے تو اس پلیٹ فارم پر اور اچھی کہانیاں پیش کی جا سکتی ہیں ۔ میں بھی ایسی ہی ویب سیریز کرناچاہوں گی جس میں گالی اور فحاشی نہ ہو۔ حالانکہ فلموں کو تھیٹر میں دیکھنے کا اپنا مزہ ہے۔ 
سوشل میڈیا کی شہرت کے بارے میں آپ کا کیا کہنا ہے؟
 ج: سوشل میڈیا کے بارے میں میرا خیال ہے کہ اس سے آدمی بے جا دباؤ میں آجاتاہے۔ لوگ رقم ادا کر کے ’بلیو ٹک‘ لے رہے ہیں اور اپنے فالوورس بڑھا رہے ہیں اس کیلئے وہ جرائم بھی کرنے لگ جاتےہیں ۔ اس کے ساتھ ہی بہت سی منفی چیزیں بھی سوشل میڈیا پر چلی جاتی ہیں ۔ میرے خیال میں سوشل میڈیا پر وقت صرف کرنے سے اچھا ہے کہ اسے اچھے کاموں کو دیا جائے۔
سوشل میڈیا کو آپ کتنا وقت دیتی ہیں اور کس طرح کے ویڈیوز شیئر کرتی ہیں ؟
 ج: میں فارغ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ڈیڑھ گھنٹے کا وقت صرف کرتی ہوں کیونکہ زندگی میں اور بھی بہت سے کام ہیں ۔ میری دیگر مصروفیات بھی ہیں ۔ میں اپنی شوٹنگ کے دوران لئے گئے ویڈیوز ہی اپ لوڈ کرتی ہوں ۔ میں منفی پیغامات پھیلانے والے ویڈیوز کوشیئر کرنے سے گریز کرتی ہوں ۔ 
فٹنیس کیلئے کتنی محنت کرتی ہیں ؟
 ج: سب سےپہلی بات تو یہ ہے کہ میرا پیشہ فٹنیس کی اپیل کرتا ہے اسلئے میں خود کو فٹ رکھنے کیلئے اپنی غذا پر زیادہ توجہ دیتی ہوں ۔ اس کے ساتھ ہی وزرش کرتی ہوں ۔ ذہنی فٹنیس کیلئے بھی یوگ وغیرہ کرتی ہوں ۔ کبھی خالی رہنا نہیں چاہتی ،اسلئے کچھ نہ کچھ کرنے میں یقین کرتی ہوں ۔
اداکاری کے علاوہ آپ کی اور کیا مصروفیات ہیں ؟
 ج: میری اپنی ایک غیرسرکاری تنظیم ہے جوکہ بچوں اور خواتین کی ترقی اور فلاح وبہبود کیلئے کام کرتی ہے۔ میں اس کیلئے وقت دیتی ہوں ۔ اپنی تنظیم کے تحت میں نے چند بچوں کو گود لیا ہوا ہے تو ان کے ساتھ وقت گزارتی ہوں ۔ خواتین سے ذاتی طورپر ملاقات کرکے ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتی ہوں ۔ہمارا ریستوراں کا کاروبار ہے تو اس کیلئے بھی وقت دیتی ہوں ۔
اس فلم کی ریلیز کے بعد آپ کی اور کون کون سی پروجیکٹس ہیں ؟
 ج: اس فلم کے بعد میرے ۲؍ میوزک ویڈیو ریلیز ہونے والے ہیں ۔ بعد ازاں ایک اور فلم ریلیز ہوگی جس میں میرے کردار کے الگ الگ رنگ شائقین کو دیکھنے ملیں گے۔ اس کے بعد دیکھتے ہیں کس پروجیکٹ پر موقع ملتاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK