Inquilab Logo

آج بھی پنچم داکی آواز ذرے ذرے میں گونج رہی ہے

Updated: January 04, 2022, 2:03 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں اپنی موسیقی سے سامعین کے دلوں پرجادو کرنے والے مایہ ناز موسیقارراہل دیو برمن عرف آر ڈی برمن آج ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن آج بھی ان کی آوازگونجتی ہوئی محسوس ہوتی ہے جسے سن کر سامعین کے دل سے بس ایک ہی صدا نکلتی ہے’’چرا لیا ہے تم نے جو دل کو.....۔‘‘

R. D. Burman.Picture:INN
میوزک ڈائریکٹر آر ڈی برمن۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں اپنی  موسیقی سے سامعین کے دلوں پرجادو کرنے والے مایہ ناز موسیقارراہل دیو برمن عرف آر ڈی برمن آج ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن آج بھی ان کی آوازگونجتی ہوئی محسوس ہوتی ہے جسے سن کر سامعین کے دل سے بس ایک ہی صدا نکلتی ہے’’چرا لیا ہے تم نے جو دل کو.....۔‘‘ آر ڈی برمن کی پیدائش۲۷؍ جون۱۹۳۹ء کو کلکتہ میں ہوئی تھی۔ ان کے والد ایس ڈی برمن مشہور فلمی موسیقار تھے۔گھر میں موسیقی کا ماحول ہونے کی وجہ سے ان کا  رجحان بھی موسیقی کی جانب ہو گیا۔ انہوں نے اپنے والد سے موسیقی کی تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ  استاد علی اکبر خان سے سرودکی تعلیم حاصل کی۔ فلم انڈسٹری میں پنچم کے نام سے مشہور آر ڈی برمن کو یہ نام اس وقت ملا جب انہوں نے اداکار اشوک کمار کو موسیقی کے ۵؍ سر’ سارے گاماپا ‘گا کر سنایا۔ ۹؍ برس کی چھوٹی سی عمر میں پنچم دا نے اپنی پہلی دھن ’’اے میری ٹوپی پلٹ کے آ‘‘ بنائی ۔ بعدازاں ان کے والد سچن دیو برمن نے اس دھن کا استعمال۱۹۵۶ء میں ریلیز ہونے  والی فلم فنٹوش میں کیا۔ علاوہ ازیں ان کی تیار کردہ دھن’’ سر جو تیراچکرائے‘‘ بھی گرودت کی فلم ’’پیاسا‘‘ میں استعمال کی گئی۔ آر ڈی برمن نے فلمی کریئر کا آغاز اپنے والد کے ساتھ معاون موسیقار کے طور پر کیا۔ ان فلموں میں’’ چلتی کا نام گاڑی(۱۹۵۸ء) اور کاغذ کے پھول (۱۹۵۹ء) جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی شامل ہیں۔ بطور موسیقار انہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز۱۹۶۱ء میں اداکار محمود کی فلم ’’چھوٹے نواب‘‘ سے کیا تھالیکن اس فلم سے انہیں کوئی خاص شہرت حاصل نہیں ہوئی۔ فلم چھوٹے نواب میں آر ڈی برمن کے کام کرنے کا قصہ کافی دلچسپ ہے۔ ہوا یوں کہ فلم چھوٹے نواب کیلئے محمود،  موسیقار ایس ڈی برمن کو لینا چاہتے تھے لیکن ان کی ایس ڈی برمن سے کوئی جان پہچان نہیں تھی۔ آر ڈی برمن چونکہ ایس ڈی برمن کے بیٹے تھے لہٰذا محمود نے فیصلہ کیا کہ وہ اس بارے میں آر ڈی برمن سے بات کریں گے۔ دریں اثناآر ڈی برمن نے اپنے والد کے ساتھ بطور معاون موسیقار، فلم بندھنی (۱۹۶۳ء)، ۳؍ دیویاں (۱۹۶۵ء) اور گائیڈ جیسی فلموں کے لیے بھی موسیقی دی۔ پنچم دابطور موسیقار کسی حد تک۱۹۶۵ء میں ریلیز ہونے والی فلم بھوت بنگلہ سے فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئے۔اس فلم کا گانا’’آؤ ٹوسٹ کریں‘‘ سامعین میں بہت مقبول ہوا۔ امریکہ کے معروف موسیقار جوس فلوریس کے ساتھ ان کا تیار کردہ البم ’’پنٹیرا‘‘کافی مقبول ہواتھا۔ ۴؍ دہائیوں تک اپنی  موسیقی  سے سامعین کو محظوظ کرنے والے پنچم دا۴؍ جنوری۱۹۹۴ء کو اس دنیاسے کوچ کرگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK