Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشہوراداکارہ ممتاز ۷۶؍سال کی ہوگئیں

Updated: August 01, 2023, 1:20 PM IST | Mumbai

ناموربالی ووڈ اداکارہ ممتاز ۷۶؍برس کی ہو گئیں۔ممتازکی پیدائش۳۱؍جولائی۱۹۴۷ءکوممبئی میں ہوئی۔

Mumtaz. Photo : INN
ممتاز۔ تصویر : آئی این این

ناموربالی ووڈ اداکارہ ممتاز ۷۶؍برس کی ہو گئیں۔ممتازکی پیدائش۳۱؍جولائی۱۹۴۷ءکوممبئی میں ہوئی۔ صرف۱۲؍سال کی عمر میں انہوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔۶۰ءی دہائی میں ممتاز نے کئی اسٹنٹ فلموں میں دارا سنگھ کی ہیروئن کاکردار ادا کیا۔ ۱۹۶۵ءمیں ممتاز کے فلمی کریئرکی ایک اہم فلم میرے  صنم ریلیزہوئی۔اس میں ممتازمنفی کردار میں نظر آئیں۔ اس فلم کا گانا یہ ہے ریشمی زلفوں کا اندھیرا نہ گھبرایئے، جسے آشا بھوسلے نے گایا تھا اور او پی نیئر نےکمپوز کیا تھا، ان دنوں سامعین میں بہت مقبول ہوا تھا۔ ۱۹۶۷ء میں ریلیز ہونے والی فلم پتھر کے صنم کا شمارممتاز کی اہم فلموں میں کیا جاتا ہے۔ ممتاز نے اس فلم میں منوج کمار اور وحیدہ رحمٰن کے ساتھ مرکزی کردارادا کیا ۔ اس فلم میں بھی ان پر ایک آئٹم سانگ اے دشمن جان فلمایاگیا تھا جو شائقین میں کافی مقبول ہوا۔۱۹۶۷ءمیں ممتاز کے کریئر کی اہم  فلم رام اور شیام ریلیز ہوئی جو بطور مرکزی اداکارہ ان کی پہلی سپرہٹ فلم ثابت ہوئی۔ ممتازکی اداکاری کا ستارہ پروڈیوسر ڈائریکٹر راج کھوسلہ کی کلاسیکل فلم دو راستے سے چمکا۔ بہترین موسیقی اور اداکاری سے مزین اس فلم کی کامیابی نے نہ صرف ممتاز بلکہ اداکار راجیش کھنہ کو بھی ایک اسٹار کے طور پرپہچان دلائی۔ ۱۹۷۴ء میں میور مادھوانی سے شادی  کے بعد ممتاز نے فلموں میں کام کرنا کافی کم کر دیا۔ ۱۹۷۷ء میں ریلیز ہونے والی فلم آئینہ ان کے فلمی کرئیرکی آخری فلم ثابت ہوئی۔ بدقسمتی سےیہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر ناکام ثابت ہوئی۔ ممتاز نے دوسری اننگز کا آغاز۱۹۸۹ء میں فلم آندھیاں سےکیا لیکن یہ فلم بھی ٹکٹ کھڑکی پر ناکام ثابت ہوئی۔ ممتاز نے اپنے۲؍دہائیوںپرمشتمل فلمی کریئر میں تقریباً ۱۰۰؍فلموں میں کام کیا۔ ممتاز ان دنوں سرگرم نہیں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK