Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیسٹ گیندبازی رینکنگ میں میٹ ہینری تیسرے نمبر پرقابض

Updated: August 13, 2025, 10:00 PM IST | Dubai

نیوزی لینڈ کے تیزگیندباز میٹ ہینری زمبابوے کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد اپنے ٹیسٹ کریئر کے بہترین تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

Test Ranking.Photo:INN
ٹیسٹ رینکنگ۔ تصویر:آئی این این

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق  ہینری نے بلاوایو میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگز اور۳۵۹؍ رنز سے شکست دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ایک درجہ ترقی حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ مہمان ٹیم نے سیریز۰۔۲؍ سے جیت لی۔  ہینری کو اس ٹیسٹ سیریز کا ’پلیئر آف دی سیریز‘ قرار دیا گیا۔

۳۳؍ سالہ  ہینری نے پہلے ٹیسٹ کے بعد پہلی بار ۸۰۰؍ سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے اور چوتھے نمبر پر پہنچے تھے۔ پھر دوسرے ٹیسٹ میں ۴۰؍ رن دے کر ۵؍ وکٹ اور۱۶؍ رن دے کر دو وکٹ حاصل کر کے اپنی پوزیشن مزید بہتر بنائی۔ اب  ہینری کے۸۴۶؍ ریٹنگ پوائنٹس ہیں، جو کہ ۸۸۹؍ پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں  ٹاپر جسپریت بمراہ اور دوسرے نمبر پر موجود کگیسو ربادا سے صرف ۵؍ پوائنٹس پیچھے ہیں۔ ٹیسٹ  میں قدم رکھنے والے  فولکس ایک اور نیوزی لینڈ کے گیندبازہیں جنہوں نے شاندار کارکردگی  پیش کی اور میچ میں ۹؍ وکٹ لینے کے بعد۶۱؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھیئے:ریپڈ اور بلٹز ٹورنامنٹ میں گوکیش پانچویں نمبر پر

اس میچ میں سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے ۳؍ بلے باز — راچن رویندر(۱۶۵) ، ڈیون کونوے (۱۵۳) اور  ہینری نکولس (ناٹ آؤٹ۱۵۰؍رن) — نے بھی اچھی رینکنگ حاصل کی۔ رویندر۱۵؍ درجے ترقی کر کے۲۳؍ویں، کونوے۴۴؍ویں سے ۳۷؍ویں اور نکولس ۶؍ درجے اوپر جا کر۴۷؍ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ زمبابوے کے بلے باز نک ویلیچ دوسری اننگز میں ناٹ آؤٹ۴۷؍ رن بنا کر ٹاپ۱۰۰؍ میں داخل ہو گئے ہیں۔
ٹی۲۰؍رینکنگ میں آسٹریلیائی بلے باز ٹم ڈیوڈ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے پہلے ۲؍ میچوں میں مسلسل نصف سنچریاں بنانے کے بعد دوبارہ ٹاپ ۱۰؍ میں واپس آگئے ہیں جبکہ کیمرون گرین۲۳؍ ویں سے۱۷؍ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوالڈ بریویس۸۰؍ درجے ترقی پا کر کریئر کے بہترین۲۱؍ویں نمبر پر آگئے  جبکہ اُن کے ساتھی ٹرسٹن اسٹبس ۱۲؍ درجے اوپر جا کر ۲۷؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز — پاکستان سیریز کے پہلے دو میچوں کی بنیاد پر جاری ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے ایون لوئس (۹؍ درجے اوپر ۸۲؍ویں نمبر پر) اور پاکستان کے عبداللہ شفیق (۷؍ درجے اوپر۹۰؍ویں نمبر پر) کو بیٹنگ میں فائدہ ہوا ہے جبکہ بولنگ میں ویسٹ انڈیز کے اسپنر گڈاکیش موتی (۵؍درجے اوپر ۱۲؍ویں نمبر پر)، فاسٹ بولر جیڈن سیلز (۲۴؍ درجے اوپر۳۳؍ویں نمبر پر) اور پاکستان کے اسپنر ابرار احمد (۳؍ درجے اوپر۵۴؍ویں نمبر پر) نے  اپنی رینکنگ میں بہتری کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK